Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیادہ کرایہ لینے والے نجی بس مالکان کے خلاف حکومت کی کارروائی کی تیاری

Updated: May 14, 2026, 1:07 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

میٹنگ میں وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بُکنگ کیلئے غیرقانونی طور پر ایپ استعمال کرنے اور من مانا کرایہ لینے کی شکایتوں کے ازالے کیلئے ۴؍ رکنی کمیٹی بنائی جائے گی۔

Transport Minister Pratap Sarnaik And Other Officers In The Meeting. Photo: INN
وزیرٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک اور دیگر افسران میٹنگ میں ۔ (تصویر: آئی این این
 نجی بسوں کے ذریعہ مسافروں سے من مانا کرایہ وصول کرنے اور بسوں میں بکنگ کیلئے غیرقانونی طور پر ایپ استعمال کرکے مسافروں کے استحصال پر قدغن لگانے کیلئے وزیرٹرانسپورٹ   نے جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر کی سربراہی میں ۴؍رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے جو من مانے کرایے اور غیرقانونی ایپ کے استعمال کی روک تھام کیلئے تجاویز اور تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ 
جو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے، اس میں جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر کے علاوہ سوراجیہ ابھیان نامی غیرسرکاری تنظیم کے ۳؍ نمائندے بھی ہوں گے۔ اس کمیٹی کو مسافروں کی شکایتوںکو دور کرنے کیلئے طویل مدتی حل تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ایسی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ بہت سی نجی ٹراویل کمپنیاں حکومت سے منظوری لئے بغیر ایپس کے ذریعے مسافروں کی بکنگ کر تی ہیں اور تہواروں اور تعطیلات کے دوران مسافروں سے ٹکٹ کی حد سے زیادہ قیمتیں وصول کی جاتی ہیں۔ ان کا یہ عمل مسافروں کو لوٹنے جیسا ہے اس لئے ایسے بس ٹرانسپورٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی لوٹ مار کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بدھ کو منعقد کی گئی مذکورہ میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کمشنر راجیش نارویکر، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر بھرت کالسکر اور سوراجیہ ابھیان تنظیم کے ابھیشیک مروکٹے، اروند پنسارے، سنیل ہنوت اور دیگر ممبران موجود تھے۔وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے کہا کہ اس کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد اس سلسلے میں اگلی میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ کمیٹی کے تجویز کردہ اقدامات کو ریاستی حکومت موثر طریقے سے اور فوری طور پر نافذ کرے گی۔
 
 
انہوں نے ریاست کے بس اسٹینڈ پر رابطہ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہر بس اسٹینڈ پر مسافروں کی سہولت کے لئے رابطہ نمبر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ان دیہاتوں کے بارے میں سرکیولر جاری کرے جن کے ناموں میں تبدیلی کی گئی  ہے اور درست مراٹھی زبان کو   اور اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
 
 
پرتاپ سرنائک نے یہ  اعتراف بھی کیا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ٹی سی) کے ریاست بھر میں واقع ایس ٹی بس ڈپو اور بس اسٹینڈ پر صاف صفائی کے تعلق سے اکثر شکایتیں موصول ہوتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بس اسٹینڈ پر مستقل طور پر صفائی رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ  دعویٰ  بھی کیا کہ یکم جون سے کارپوریشن کے تمام بس اسٹینڈ پر بیت الخلاء مفت استعمال کرنے کی اجازت دے گا اور مسافروں کو اچھے معیار کی سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK