میرا بھائندر-وسئی ویرار پولیس کمشنریٹ کے علاقے میں ہریانہ کے رجسٹریشن والی ایک کار کے ڈرائیور نے انتہائی لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ مختلف مقامات پر ۲؍ موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی اور کسی کی بھی مدد کیلئے رُکے بغیر فرار ہوگیا۔
حادثہ۔ تصویر:آئی این این
میرا بھائندر-وسئی ویرار پولیس کمشنریٹ کے علاقے میں ہریانہ کے رجسٹریشن والی ایک کار کے ڈرائیور نے انتہائی لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ مختلف مقامات پر ۲؍ موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی اور کسی کی بھی مدد کیلئے رُکے بغیر فرار ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر عوامی برہمی کے بعد پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
جو ویڈیو شیئر کیا گیا ہے، اس میں رات کے وقت میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس کمشنریٹ کے علاقے میں ایک تھر کار کو تیزی سے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ راستے میں پہلے اس کار نے ایک اسکوٹر کو ٹکر ماری جس پر ۲؍ لوگ سوار تھے اور وہ دونوں سڑک پر گر گئے لیکن کار ڈرائیور مدد کیلئے نہیں رکا ۔اس کے بعد اس کار نے ایک اور اسکوٹر کو ٹکر مار دی جس سے اس پر سوار شخص بھی اپنی گاڑی سمیت سڑک پر گرگیا۔ بظاہر انہیں کچھ زخم آئے ہوں گے۔ تاہم خوش قسمتی سے دونوں موٹر سائیکل سوار پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی زد میں آنے سے بچ گئے۔ تاہم تھرکار کے ڈرائیور نے دوسرے اسکوٹر سوار کی مدد کیلئے بھی گاڑی نہیں روکی اور فرار ہوگیا۔
اس واقعہ کی وجہ سے عوام میں شدید ناراضگی ہے جو سوشل میڈیا پر رد عمل سے نظرآرہی ہے۔ اس میں مہیر جھا نامی شخص نے لکھا کہ ’’باپ اسے اور اس کی تھر کو ممبئی لے آیا لیکن بھائی نے ہریانہ کو پیچھے چھوڑنے سے انکار کردیا۔‘‘ مہیر نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے معلوم ہورہا ہے کہ گاڑی ہریانہ کی ہے اور ڈرائیور ممبئی کی سڑکوں کو ہریانہ کے راستے سمجھ کر قانون اور کسی کی جان کی پروا کئے بغیر گاڑی چلارہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی افراد نے اس کار کے ڈرائیور کے خلاف خطرناک طریقے سے گاڑی چلانے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس نے اپنے ایکس اکائونٹ پر پیغام لکھا کہ ’’سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہورہا ہے، اس کی بنیاد پر گاڑی نمبر ’ایچ آر ۹۸؍ ایکس ۵۱۰۱؍ مہندرا تھر کے ڈرائیور کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ ۲۸۱ اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات ۱۸۴؍ اور ۱۸۷؍ کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔‘‘