• Thu, 03 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر کی ڈرافٹ لسٹ کے بعد ہیلپ ڈیسک قائم

Updated: September 03, 2026, 9:01 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

’اے سی پی آر‘ کی جانب سے گوونڈی ،میرا روڈ اور تھانے میں وکلاء مدد کیلئے دستیاب۔ نوٹس جاری ہونےکے بعد رہنمائی اور قانونی مدد فراہم کی جارہی ہے۔

A help desk set up in Nayanagar, Mira Road, where voters are being guided. Picture: Inquilab
نیانگر، میراروڈ میں قائم ہیلپ ڈیسک کی ہے جہاں رائے دہندگان کی رہنمائی کررہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) کی ڈرافٹ لسٹ آنے کے بعد ووٹرو ں کی مدد کیلئے ’ اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)‘ کی جانب سے شہرومضافات کے ۵؍مقامات پروکلاء کے ذریعے رائے دہندگان کی رہنمائی اورا ن کی قانونی مدد کرنے کااعلان کیا گیا تھا۔ اس پرعمل کرتے ہوئے یکم ستمبر سے ۳؍ مقامات گوونڈی، میرا روڈ اور تھانے میں ہیلپ ڈیسک شروع کردیا گیا ہے جبکہ مدنپورہ اور مالونی میں وکلاء کا انتظام نہ ہونے سے یہاںجلدہی ہیلپ ڈیسک قائم کیاجائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’مذہب تبدیل کرنے پر او بی سی زمرے میں حاصل ہونے والی مراعات کو روکا یا ختم نہیں کیا جاسکتا‘‘

وکلاء کو ایس آئی آر کے تعلق سے تربیت بھی دی گئی ہے۔ میرا روڈ میں ایڈوکیٹ حمزہ اور ایڈوکیٹ عمران خان ، تھانے میںایڈوکیٹ قطبیہ انصاری اور گوونڈی میں ایڈوکیٹ کمال خان نے اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کردیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق  یہ ہیلپ ڈیسک یکم ستمبر  ۲۰۲۶ ء سے  ۳۰ ؍ستمبر  ۲۰۲۶ ء تک روزانہ صبح  ۱۰ ؍ بجے سے شام  ۶  ؍بجے تک میرا روڈ کے مختلف علاقوں میں فعال رہے گا۔مہم کے پہلے مرحلے کے تحت یکم ستمبر سے  ۱۰ ؍ستمبر ۲۰۲۶ ء تک پہلا ہیلپ ڈیسک اسلامک سینٹر، شیتل ٹاور نزد انجمن مفیدالیتمیٰ اسکول،  نیا نگر، میرا روڈ  مشرق میں قائم کیا گیا ہے۔

مذکورہ مقامات پرہیلپ ڈیسک پرایس آئی آر کے تعلق سے رائے دہندگان کے لئے ڈرافٹ لسٹ میں نام دیکھنے کا بھی نظم کیا گیا ہے۔اسی طرح رائے دہندگان کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس آنے کے بعد وکلاء اس کا جواب دیں گے۔ کیا کاغذات لے جانا ہے، اس کی رہنمائی کریں گے اور اگر ضرورت پڑے گی تو یہ وکلاء بی ایل او (بوتھ لیول آفیسر)، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر (ای آر او) اور ریٹرننگ آفیسر(آر او) سے بھی ووٹر کو ساتھ لے کر ملاقات کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن میں مہایوتی میں دراڑ کے آثار!

اے پی سی آر کےسیکریٹری شاکر شیخ نے نمائندۂ انقلاب کےاستفسار پر مذکورہ بالاتفصیلات کےساتھ یہ بھی بتایا کہ ’’ چونکہ ہیلپ ڈیسک کا منگل کو پہلا دن تھا ، لوگ آنا شروع ہوئے ہیں، جیسے جیسے وقت گزرے گا اورالیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کئے جائیں گے، رائے دہندگان کی تعداد بڑھے گی اوران کی مکمل رہنمائی کی جائے گی تاکہ ایک بھی شہری ووٹنگ کے اپنے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’ووٹروں میں بیداری نظر آئی ہے ۔اس کا اندازہ اس سے کیاجاسکتا ہے کہ پہلے دن میرا روڈ (نیانگر) میں ۴۰؍ ووٹرس آئے جبکہ گوونڈی میںیہ تعداد ۱۰؍ تھی۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ رائے دہندگان نے رابطہ قائم کرنا شروع کردیا ہے۔ کوشش یہ کی جارہی ہے کہ جیسے کرناٹک میں مہم چلائی گئی تھی ،اسی طرح ممبئی اور ریاست کے دیگر حصوں میں بھی چلائی جائے تاکہ رائے دہندگان خاطرخواہ طریقے سےاستفادہ کرسکیں اور اے پی سی آر کی جانب سے ا ن کی بھرپور مدد کی جاسکے ۔‘‘ 

یاد رہےکہ مہاراشٹر میں۲؍کروڑ ۶؍لاکھ ووٹروں کے نام ڈرافٹ لسٹ سے حذف کئے گئے ہیں۔ممبئی میںیہ تعداد ۳۶؍ لاکھ اور تھانے میں ۲۸؍ لاکھ سے زائد ہے۔ 

دوسرا دن:کتنے افراد نے استفادہ کیا
میراروڈ میں۴۵؍ افراد
 رابوڑی تھانے میں۳۵؍ افراد
 گوونڈی میں ۲۰؍ افراد

آج سے مدنپورہ میں ہیلپ ڈیسک، دیگر جگہوں سے بھی تقاضا

آج بروز جمعرات ۳؍ستمبر سے مدنپورہ میں ہیلپ ڈیسک شروع کیا جائے گا۔

  مالونی میں بھی جلد ہی  ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔

کرلا ، دھاراوی اور اندھیری سے بھی تقاضا کیا گیا ہے جس کے پیش نظر وہاں بھی ہیلپ ڈیسک شروع کرنےکی تیاری کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK