• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’بیٹ مین ریٹرنز‘‘ کی مشہور بیٹ موبائل نیلامی میں فروخت نہ ہوسکی

Updated: November 24, 2026, 10:04 PM IST | Los Angeles

۱۹۹۲ء کی ہالی ووڈ فلم میں مائیکل کیٹن کے زیرِ استعمال رہنے والی مشہور بیٹ موبائل کے لیے نیلامی میں ۳۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار ڈالر کی بولی لگی، لیکن یہ رقم فروخت کنندہ کی مقررہ کم از کم قیمت تک نہ پہنچ سکی؛ گاڑی کی پیشگی قیمت ۵۰؍ لاکھ سے ۷۰؍ لاکھ ڈالر لگائی گئی تھی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ فلم ’’بیٹ مین ریٹرنز‘‘ (Batman Returns) میں استعمال ہونے والی مشہور بیٹ موبائل نیلامی میں فروخت ہونے سے رہ گئی۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر گارڈینا میں ۲۳؍ نومبر کو ہونے والی نیلامی میں اس گاڑی کے لیے سب سے زیادہ ۳۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار امریکی ڈالر کی بولی لگائی گئی، تاہم یہ رقم فروخت کنندہ کی مقرر کردہ کم از کم قیمت سے کم ہونے کے باعث سودا طے نہ ہوسکا۔ گاڑی کی نیلامی کا اہتمام جولینز آکشنز (Julien’s Auctions) نے کیا تھا، جبکہ اس کی پیشگی قیمت ۵۰؍ لاکھ سے ۷۰؍ لاکھ ڈالر کے درمیان مقرر کی گئی تھی۔ یہ گاڑی معروف ہدایت کار ٹم برٹن کی ۱۹۹۲ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’بیٹ مین ریٹرنز‘‘ میں استعمال کی گئی تھی، جس میں اداکار مائیکل کیٹن نے بیٹ مین کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم بیٹ مین سیریز کی ان فلموں میں شامل ہے جنہوں نے اس سپر ہیرو کے کردار کو ایک تاریک، سنجیدہ اور منفرد بصری انداز میں پیش کیا۔ فلم میں یہ گاڑی بیٹ مین کے زیرِ استعمال رہنے کے علاوہ کئی اہم مناظر کا حصہ بنی۔ نیلام گھر کے مطابق یہ ان ۳؍ خصوصی گاڑیوں میں سے ایک تھی جو فلم کی تیاری کے لیے تیار کی گئی تھیں، جبکہ نیلامی میں پیش کی جانے والی گاڑی کو ’’نمبر ون ہیرو کار‘‘ کہا جاتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکی بحری ناکہ بندی کو ”تمام دستیاب ذرائع کے ساتھ“ چیلنج کرنے کا عزم

تقریباً ۲۰؍ فٹ، یعنی ۶؍ میٹر کے قریب لمبی اس سیاہ گاڑی کے پچھلے حصے میں دو بڑے خم دار پر موجود ہیں، جو اسے روایتی اسپورٹس کاروں سے بالکل مختلف شکل دیتے ہیں۔ اس کا ڈیزائن فلم کے تصوراتی شہر گوتھم کے ماحول سے ہم آہنگ رکھا گیا تھا۔ گاڑی کے بیشتر بیرونی حصے پر اصل سیاہ پینٹ اب بھی موجود ہے اور اس میں شیورلے کا وی ۸؍ انجن نصب ہے۔ اس کی تیاری کے لیے دو شیورلیٹ امپالا گاڑیوں کے چیسز کو جوڑ کر بنیادی ڈھانچا بنایا گیا تھا، جبکہ اس کا مخصوص بیرونی جسم فائبر گلاس سے تیار کیا گیا تھا۔ اس بیٹ موبائل کی سب سے منفرد خصوصیات میں اس کا ریڈیو کنٹرول سے چلنے والا شعلے خارج کرنے والا نظام بھی شامل ہے۔ فلم میں مائیکل کیٹن کے بیٹ مین نے اس نظام کے ذریعے گاڑی کے پچھلے حصے سے آگ کے شعلے خارج کیے تھے، جس سے فلم کے ایک ایکشن منظر میں پینگوئن کے سرکس کے ایک غنڈے کو جلانے کا منظر دکھایا گیا۔ یہ اثر محض کمپیوٹر سے تیار نہیں کیا گیا تھا، بلکہ اس کے لیے ہوا اور مٹی کے تیل کے دباؤ والے آمیزے کو مخصوص ریڈیو فریکوئنسی کے ذریعے روشن کیا جاتا تھا۔ فلم میں عملی خصوصی اثرات کے ساتھ ڈجیٹل تکنیک بھی استعمال کی گئی تھی۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد یہ گاڑی کچھ عرصہ فلم کی افتتاحی تقریب اور وارنر برادرز کے اسٹوڈیو میں منعقدہ ایک تقریب میں نمائش کے لیے رکھی گئی۔ بعد ازاں اسے طویل عرصے تک محفوظ رکھا گیا اور پھر کیلیفورنیا کے شہر ٹسٹن میں واقع مارکونی آٹوموٹیو میوزیم میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ نیلامی سے پہلے یہ کئی برس تک اسی میوزیم میں موجود رہی۔ نیلام گھر کے مطابق اس گاڑی کی فلمی تاریخ، تیاری اور استعمال سے متعلق دستاویزات بھی محفوظ ہیں، جن میں اس کی شناخت کی تصدیق کرنے والے شواہد شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: جنگ زدہ غزہ کے ۹۹ فیصد سے زائد حصے میں ماحولیاتی آلودگی کے آثار موجود ہیں: آکسفیم رپورٹ

نیلام گھر نے اس گاڑی کی قیمت ۵۰؍ لاکھ سے ۷۰؍ لاکھ ڈالر کے درمیان لگائی تھی۔ اگر یہ ۴۶؍ لاکھ ڈالر سے زیادہ میں فروخت ہوجاتی تو بیٹ موبائل کی نیلامی کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا تھا۔ یہ ریکارڈ ۲۰۱۳ء میں قائم ہوا تھا، جب ۱۹۶۰ء کی دہائی کی ٹیلی ویژن سیریز میں اداکار ایڈم ویسٹ کے زیرِ استعمال رہنے والی بیٹ موبائل ۴۶؍  لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔ اس رقم میں خریدار کی اضافی فیس بھی شامل تھی۔ تاہم ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں ۳۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار ڈالر کی بلند ترین بولی بھی فروخت کنندہ کی توقعات پوری نہ کرسکی۔ فروخت کنندہ کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم قیمت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔ اس گاڑی کو خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یہ عام سڑکوں پر چلانے کے قابل نہیں۔ نیلام گھر کے مطابق گاڑی قانونی طور پر سڑکوں پر استعمال نہیں کی جاسکتی، جبکہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد سے اس کے انجن، ٹرانسمیشن اور دیگر مکینیکل حصوں کو بھی محدود مرتبہ ہی آزمایا گیا ہے۔ اس لیے اسے عام استعمال کی گاڑی کے بجائے ایک تاریخی فلمی اثاثے اور نمائش کے لیے قیمتی شے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ گاڑی کی ملکیت حاصل کرنے والے شخص کو وارنر برادرز کنزیومر پروڈکٹس کے ساتھ طے شدہ شرائط کی پابندی بھی کرنا ہوگی، کیونکہ بیٹ مین اور اس سے متعلقہ کرداروں کے حقوق اسی ادارے کے تحت آتے ہیں۔ معاہدے کے مطابق عوامی نمائش کے دوران گاڑی کو حرکت نہیں دی جاسکتی، جبکہ بعض خصوصی تقریبات میں اسے پیش کرنے کے لیے پیشگی اجازت درکار ہوگی۔ گاڑی کو کسی تیسرے فریق کو کرائے پر دینے کی بھی اجازت نہیں ہے اور مستقبل میں ملکیت منتقل کرنے کے لیے بھی متعلقہ شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔ نیلامی کے دوران اس بیٹ موبائل کے ساتھ بیٹ مین اور دیگر سپر ہیرو کرداروں سے متعلق درجنوں یادگاری اشیا بھی فروخت کے لیے پیش کی گئی تھیں۔ نیلام گھر نے اس تقریب کو فلمی تاریخ اور سپر ہیرو ثقافت سے وابستہ نایاب اشیا جمع کرنے والوں کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا تھا۔ تاہم مرکزی توجہ کا مرکز رہنے والی بیٹ موبائل اپنی بلند ترین بولی کے باوجود فروخت نہ ہوسکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK