• Sat, 24 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا نام ہمیشہ سے الہان عمر رہا ہے: کانگریس وومن نے ٹرمپ کو گھٹیا شخص قرار دیا

Updated: October 24, 2026, 5:04 PM IST | Washington

امریکی کانگریس وومن الہان عمر نے ٹرمپ کے جعلی شناخت کے دعوےکا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا نام ہمیشہ سے الہان عمر ہی رہا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوںنے ٹرمپ کو گھٹیا شخص قرار دیا،جب کہ وفاقی تحقیقات ان کی امیگریشن اور شہریت سے متعلق الزامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

US Congresswoman Ilhan Omar. Photo: X
امریکی کانگریس وومن الہان عمر۔ تصویر: ایکس

امریکی نمائندہ الہان عمر نے جمعہ کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جعلی شناخت دعوے کا سخت جواب دیا، کیونکہ ان کی انتظامیہ مینیسوٹا کی کانگریس وومن الہان عمر کو ملک بدر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں، ٹرمپ نے امریکی محکمہ انصاف (DOJ) کی عدالت میں دائر کردہ ایک دستاویز کا حوالہ دیا جس میں عمر کو بغیر کسی وضاحت کےالہان نور سعید علمی کہا گیا تھا۔ ٹرمپ نے جمعرات کی رات لکھا، ’’ابھی انکشاف ہوا ہے کہ الہان عمر کا نام الہان عمر نہیں ہے، وہ نام جو اس نے کانگریس میں منتخب ہونے اور حلف لینے کے لیے استعمال کیا، بلکہ یہ ایک بالکل مختلف نام ہے، الہان نور سعید علمی، اور حیرت انگیز طور پر اس کا آخری نام اس کے بھائی احمد نور سعید علمی کا بھی ہے، وہ شخص جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس نے اس سے شادی کی اور بچے پیدا کیے،‘‘حالانکہ الہان عمر جس کی طویل عرصے سے تردید کرتی آ رہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی چھاپے کے دوران ۱۰؍ فلسطینی فنکاروں نے تحفظ دیا: یہودی امریکی اداکار

عمر کے ترجمان نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ان کے عرف میں رہنے کا الزام مکمل طور پر غلط ہے۔ فاکس۹؍ منیاپولس-سینٹ پال نے رپورٹ کیا کہ۴۴؍ سالہ کانگریس وومن نےٍ۱۷؍ سال کی عمر میں ہی الہان عمر نام استعمال کیا تھا، جب وہ ایڈیسن ہائی اسکول کی سالانہ کتاب میں جونیئر کے طور پر اسی نام سے نظر آئیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھی پایا کہ اس نے تقریباً دو دہائیوں سے شادی کے لائسنس، طلاق کی کارروائیوں، ووٹر رجسٹریشن اور دیگر عوامی ریکارڈز میں الہان عمر کا نام استعمال کیا تھا۔بعد ازاں ٹرمپ کےتبصرے کا جواب دیتے ہوئے، عمر نے ان پر سازشی نظریات کو فروغ دینے کا الزام لگایا اور محکمہ انصاف پر تنقید کی۔ ’’پیڈوفائل پروٹیکشن پارٹی کا صدر امریکی تاریخ کے سب سے بدعنوان محکمہ انصاف کے ذریعے دائیں بازو کے سازشی نظریات کو مسلط کر رہا ہے۔ جب بھی خبریں خراب ہوتی ہیں، یہ گھٹیا شخص میرے نام تک پہنچتا ہے۔ تو آئیے اسے بالکل واضح کر دیتے ہیں۔ میرا نام ہمیشہ سے الہان عمر ہی رہا ہے۔‘‘ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا،’’شاید آپ کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ آپ کے نائب صدر کا اصل نام کیا ہے،‘‘  جو جیمز ڈونالڈ بومین کے نام سے پیدا ہوئے تھے اور دو بار قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پیرس کے نواح میں فائرنگ، ایک ہلاک، ۵؍ زخمی؛ مسلم مخالف عناصر شامل ہونے کا دعویٰ

عمر کی شہریت کی وفاقی تحقیقات
واضح رہے کہ تازہ ترین تنازع گزشتہ ہفتے عمر کے گھر پر چھاپے کے بعد سامنے آیا ہے جو امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے ان کی شہریت کی تحقیقات کے حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق، تحقیقات عمر کے بھائی سے متعلق الزامات پر نہیں بلکہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا اس نے یا اس کے خاندان کے افراد نے امیگریشن کے عمل اور اس کے بعد امریکی شہریت کے حصول کے دوران غلط معلومات فراہم کیں۔ مبینہ طور پر تفتیش کار اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا عمر یا اس کے والد نے اس کی تاریخ پیدائش میں جعلسازی کی، اسے۱۸؍ کے بجائے۱۷؍ سال کی عمر کے طور پر درج کیا تاکہ وہ نابالغ کے طور پر ان کے ذریعے شہریت حاصل کر سکے۔ تاہم عمر پر کسی جرم کا الزام عائد نہیں کیا گیا ہے، اور تفتیش کاروں نے عوامی طور پر اس الزام کی حمایت کرنے والے ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔
ٹرمپ کا عمر پر حملہ جاری
واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران صومالی امریکیوں کے خلاف بار بار حملے کیے ہیں، ان کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور انہیںکچرا قرار دیا ہے جن کا آئی کیو کم ہے۔ عمر کو ملک بدر کرنے کے لیے ان کی کوششوں میں اکثر ان کے صومالی ورثے کے بارے میں تبصرے شامل رہے ہیں۔ اس ہفتے آئیووا میں ایک انتخابی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کانگریس وومن اور ان کے آبائی ملک پر تنقید کی۔ انہوں نے ریلی کے دوران کہا، ’’وہ طویل عرصے سے ایک دھوکہ باز رہی ہے۔ میں اس طرح کی چیزوں کو دیکھنے میں کافی ماہرہوں، اور وہ بنیادی طور پر ایک غیر ملک سے آتی ہے۔ صومالیہ کی کوئی حکومت نہیں ہے، اس کے پاس کچھ بھی نہیں ہے،وہ صرف ایک دوسرے پر گولیاں چلاتے ہوئے گھومتے ہیں۔ پھر وہ یہاں آ جاتی ہے۔‘‘
دریں اثنا، فلوریڈا سے ریپبلکن نمائندے رینڈی فائن نے جمعہ کو ایک قرارداد پیش کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا جس میں عمر کو اگر وہ قانون توڑنے کی مرتکب پائی گئیں تو  کانگریس سے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ فائن نے پہلے عمر کو دہشت گرد قرار دیا اور تمام مسلم تارکین وطن کی امریکہ سے بڑے پیمانے پر ملک بدری کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK