• Wed, 29 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی قرضوں کی سطح صدی میں پہلی بار یونان اور اٹلی سے بھی زیادہ ہوجائے گی: آئی ایم ایف کا انتباہ

Updated: October 28, 2025, 4:11 PM IST | Washington

اٹلی اور یونان ۲۰۰۸ء کے معاشی بحران اور ۲۰۲۰ء کی کووڈ-۱۹ وباء کے بعد سے اپنے قرضوں کو مسلسل کم کر رہے ہیں جبکہ امریکہ اس کی مخالف سمت میں اقدامات کر رہا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کا قومی قرض اگلے چند برسوں میں اٹلی اور یونان کے قرضوں سے تجاوز کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ہی یورپی ممالک طویل عرصے سے قرض کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ گزشتہ ایک صدی میں پہلی بار ہوگا کہ امریکہ کے قرض کی سطح ان دو یورپی ممالک کے قرض سے زیادہ ہوجائے گی۔

فنانشیل ٹائمز نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے حالیہ اندازوں کے مطابق، امریکہ کے قرض اور جی ڈی پی کا تناسب فی الحال ۱۲۵ فیصد ہے لیکن ۲۰۳۰ء تک یہ ۱۴۳ فیصد ہو جائے گا۔ اس طرح امریکہ کے قرض کی شرح، اٹلی کے متوقع ۱۳۷ فیصد اور یونان کے ۱۳۰ فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔ رپورٹ میں اس اضافے کی وجہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ”ون بِگ بیوٹی فل بِل“ کے تحت بڑے بجٹ خسارے اور زیادہ اخراجات کو قرار دیا گیا ہے۔ اس بل میں بڑے پیمانے پر ٹیکس کٹوتیاں متعارف کرائی گئیں اور دفاعی اخراجات میں زبردست اضافہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: نیویارک میئر الیکشن: ارب پتیوں کی مخالفت کے باوجود ظہران ممدانی مضبوط امیدوار

یورپی ممالک خسارہ کم کر رہے ہیں

اٹلی اور یونان ۲۰۰۸ء کے معاشی بحران اور ۲۰۲۰ء کی کووڈ-۱۹ وباء کے بعد سے اپنے قرضوں کو مسلسل کم کر رہے ہیں جبکہ امریکہ اس کی مخالف سمت میں اقدامات کر رہا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اٹلی کا خسارہ اس سال جی ڈی پی کے ۳ فیصد سے کم ہوجائے گا، جو یورپی یونین کے مالیاتی قواعد کے مطابق ہے۔ یونان بھی اپنے قرض کو کم کرنے کی سمت پیش قدمی کررہا ہے۔ یونان کا قرض ۲۰۲۰ء میں جی ڈی پی کا ۲۱۰ فیصد تھا جو ۲۰۲۵ء میں ۱۳۰ فیصد ہوگیا ہے۔ اس کے برعکس، آئندہ پانچ برسوں میں واشنگٹن کے ۷ فیصد سے زیادہ خسارے میں رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی شٹ ڈاؤن جاری: ہزاروں وفاقی ملازمین، پروازیں متاثر، فوجیوں کی تنخواہیں رک جانے کا خدشہ

ماہرینِ معاشیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ماہرین نے خبردار کیا کہ امریکہ کے قرض میں اضافہ اس کے مالی استحکام اور عالمی مقام کو کمزور کر سکتا ہے۔ امونڈی انویسٹمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے محمود پردھان نے کہا کہ ”یہ ایک علامتی لمحہ ہے۔“ انہوں نے خبردار کیا کہ ”مسلسل خسارے میں رہنے کے طویل مدتی نتائج ہوتے ہیں۔“

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK