Updated: June 13, 2026, 10:20 PM IST
| New Delhi
وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی تازہ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۴ء میں ہندوستان میں سڑک حادثات کی تعداد ۴۸ء۱؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۸۷ء۴؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان حادثات میں ۷۷ء۱؍ لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور ۷۱ء۴؍ لاکھ زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں اوسطاً ہر گھنٹے ۵۶؍ سڑک حادثات اور ۲۰؍ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
مرکزی وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ۲۰۲۴ء کے دوران سڑک حادثات میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے جبکہ اموات کی تعداد بھی تشویشناک سطح تک پہنچ گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ۲۰۲۴ء کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر ۴؍ لاکھ ۸۷؍ ہزار ۷۰۷؍ سڑک حادثات پیش آئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۴۸ء۱؍ فیصد زیادہ ہیں۔ ان حادثات کے نتیجے میں ایک لاکھ ۷۷؍ ہزار ۱۷۵؍ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ۴؍ لاکھ ۷۱؍ ہزار ۴۴۱؍ افراد زخمی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اوسطاً ہر گھنٹے ۵۶؍ سڑک حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ ہر گھنٹے تقریباً ۲۰؍ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ صورتحال سڑکوں پر بڑھتے ہوئے خطرات اور ٹریفک نظم و نسق کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امتحانی بے ضابطگیوں کیخلاف کاکروچ جنتا پارٹی کا لکھنؤمیں بھی مظاہرہ
ریاستوں کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو تمل ناڈو میں سب سے زیادہ ۶۷۵۲۶؍ سڑک حادثات رپورٹ ہوئے، جس سے یہ ریاست حادثات کے اعتبار سے سرفہرست رہی۔ دوسری جانب اتر پردیش میں ۲۴۱۱۸؍ افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے، جو ملک میں سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۴ء کے دوران پیش آنے والے حادثات میں سے ایک لاکھ ۵۸؍ ہزار ۹۵۸؍ یعنی ۳۱؍ فیصد قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ہوئے۔ ریاستی شاہراہوں پر ایک لاکھ ۳؍ ہزار ۵۳۸؍ حادثات، جو کل حادثات کا ۲ء۲۱؍ فیصد ہیں، جبکہ ۲؍ لاکھ ۳۳؍ ہزار ۲۱۱؍ حادثات دیگر سڑکوں پر پیش آئے، جو مجموعی تعداد کا ۸ء۴۷؍ فیصد ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: باغیوں کا ’اصل ٹی ایم سی‘ہونے کا دعویٰ
اموات کے اعداد و شمار بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔ قومی شاہراہوں پر ۶۴۷۷۲؍ افراد جان سے گئے، جو کل اموات کا ۶ء۳۶؍ فیصد ہے۔ ریاستی شاہراہوں پر ۳۹۲۷۷؍ اموات ریکارڈ ہوئیں جبکہ دیگر سڑکوں پر ۷۳۱۲۶؍ افراد ہلاک ہوئے، جو مجموعی اموات کا ۳ء۴۱؍ فیصد ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ۲۰۲۴ء کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ ۶۴؍ ہزار ۳۷۸؍ مہلک حادثات پیش آئے۔ ان میں سے ۵۹۰۴۳؍ حادثات قومی شاہراہوں، ۳۶۳۹۲؍ ریاستی شاہراہوں اور ۶۸۹۴۳؍ دیگر سڑکوں پر رونما ہوئے۔ گاڑیوں کے اعتبار سے تجزیہ کیا جائے تو دو پہیہ گاڑیاں حادثاتی اموات میں سب سے زیادہ ملوث پائی گئیں۔ اس کے بعد کاریں، ٹیکسیاں، وین اور دیگر ہلکی موٹر گاڑیاں جبکہ تیسرے نمبر پر ٹرک اور لاریوں کا شمار ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: ریلائنس کی ٹرمپ جونیئر سے منسلک ریفائنری میں سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری: رپورٹ
سڑک استعمال کرنے والوں کے زمرے میں بھی دو پہیہ گاڑیوں کے سوار سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق کل اموات میں ان کا حصہ ۲ء۴۶؍ فیصد رہا۔ اس کے بعد پیدل چلنے والوں کا حصہ ۶ء۲۰؍ فیصد اور کاروں، ٹیکسیوں، وین اور دیگر ہلکی موٹر گاڑیوں کے مسافروں کا حصہ ۴ء۱۲؍ فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار سڑکوں پر حفاظتی اقدامات، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور عوامی شعور بیدار کرنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔ خاص طور پر دو پہیہ گاڑیوں کے استعمال کنندگان کے لیے ہیلمٹ کے مؤثر استعمال، رفتار کی پابندی اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو سڑک حادثات نہ صرف صحت عامہ بلکہ معیشت اور سماجی ڈھانچے پر بھی مزید منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جس کے لیے وفاقی اور ریاستی حکومتوں کو مشترکہ اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔