Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور قبرص نے دفاع، سائبر سیکوریٹی سمیت ۶؍ شعبوں میں معاہدے کیے

Updated: May 22, 2026, 10:01 PM IST | New delhi

ہندوستان اور قبرص نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے درجے تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ دفاع، دہشت گردی کے خلاف تعاون، سائبر سکیورٹی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور سمندری تعاون سمیت چھ شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے ۔

Photo: PTI
تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستان اور قبرص نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے درجے تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ دفاع، دہشت گردی کے خلاف تعاون، سائبر سکیورٹی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور سمندری تعاون سمیت چھ شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت میں آٹھ اعلانات بھی کیے۔ ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئے قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائیڈس کے ساتھ جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دوطرفہ بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھئے : وزیراعظم مودی نےجارجیا میلونی کو’’ میلوڈی‘‘ دی، پرینکا اور بھومی کا ردعمل

وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جن چھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے ان میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام، ۲۰۲۶ء سے ۲۰۳۱ءکے لیے دفاعی تعاون کا روڈ میپ، قبرص کی ریسرچ، انوویشن اور ڈجیٹل پالیسی کی ذیلی وزارت اورہندوستان کی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے درمیان انوویشن اور ٹیکنالوجی تعاون سے متعلق معاہدہ شامل ہے۔ ہندوستان  اور قبرص نے سائبر سیکوریٹی ڈائیلاگ اور کونسلر ڈائیلاگ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جبکہ قبرص کے لارناکا جوائنٹ ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر اورہندوستان کی وزارت دفاع کے درمیان سرچ اینڈ ریسکیو (تلاش اور بچاؤ) تعاون کو لے کر تکنیکی انتظامات پر بھی دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھئے ـ : مودی اور میلونی کی ملاقات،تعاون بڑھانے پر زور

دورے کے دوران سفارتی تربیت، اعلیٰ تعلیم و تحقیق، اور سال ۲۰۲۶ سے ۲۰۳۰ء کے لیے ثقافتی تعاون سے متعلق معاہدے بھی کیے گئے۔ ایک اہم جیو پولیٹیکل قدم کے تحت قبرص نے تجارت، رابطہ اور سمندری نقل و حمل  کے ستون کے تحت ہندوستان کی ہند بحرالکاہل سمندری پہل میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ہندوستان  نے قبرص کو بھارت ہیلتھ انیشیٹو کوآپریشن، انٹرسٹ اینڈ فرینڈشپ (بھیشم) کیوب تحفے میں دینے کا اعلان کیا۔ دونوں ممالک نے ۱۸؍ مئی کو پہلی بار ہند -قبرص خلائی دن  منا کر خلائی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ اس کے ساتھ ہی قبرص نے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ممبئی میں قبرص ٹریڈ سینٹر کھولنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ صدر کرسٹوڈولائیڈس کے اس دورے کو ہندوستان  اور قبرص کے درمیان اسٹریٹجک، ٹیکنالوجی اور سمندری شعبوں میں تعاون کے نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK