Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ہندوستان اور روس اپنی مردہ معیشتوں کو ساتھ لے کر ڈوب سکتے ہیں‘: ٹرمپ نے ہندوستان کو نشانہ بنایا

Updated: July 31, 2025, 3:40 PM IST | Washington/New Delhi

ٹرمپ نے ماسکو کے ساتھ نئی دہلی کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امریکہ ایسے اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا جو اس کی عالمی تجارتی پوزیشن کو کمزور کرتے ہیں۔

U.S. President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جاری تجارتی مذاکرات کے دوران ہندوستان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان اور روس اپنی معیشتوں کو ایک ساتھ نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تو انہیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل نیٹ ورک ٹروتھ سوشل پر صاف صاف کہا: ”ہندوستان اور روس اگر چاہیں تو اپنی مردہ معیشتوں کو ساتھ لے کر ڈوب سکتے ہیں۔“

ٹرمپ نے ہندوستان پر ”انتہائی زیادہ ٹیرف“ عائد کرنے کا الزام لگایا اور اسے امریکہ-ہند تجارت کے محدود حجم کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے ماسکو کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امریکہ ایسے اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا جو اس کی عالمی تجارتی پوزیشن کو کمزور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ہمارے روس کے ساتھ بہت کم تجارتی تعلقات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ایسے ہی رہے۔“ ساتھ ہی انہوں نے روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف کو بھی نشانہ بنایا اور انہیں ”اپنے بیانات کے تئیں محتاط رہنے“ کا انتباہ دیا۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان امریکہ کو اسمارٹ فونز برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا

ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ یکم اگست سے ہندوستانی مصنوعات پر ۲۵ فیصد ٹیرف عائد کرنے والا ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ نئی دہلی نے تاریخی طور پر ”تقریباً کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ٹیرف“ لگائے ہیں اور کہا کہ ان کے ”انچارج“ بننے کے بعد یہ دور ”ختم“ ہو گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا ہے اور وائٹ ہاؤس میں کہا: ”ہم اب ہندوستان سے بات کر رہے ہیں، ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ آپ کو اس ہفتے کے آخر تک پتہ چل جائے گا۔“

ہندوستان کا ردعمل

وزیر تجارت پیوش گویل سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ شام ۴ بجے پارلیمنٹ میں ایک بیان دیں گے جبکہ حکومت متبادل راستوں پر غور کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق، ہندوستان معاہدے کی سمت مصروف عمل رہنے کیلئے تیار ہے لیکن گھریلو کسانوں اور چھوٹے کاروباروں کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ زرعی درآمدات پر زیادہ ٹیرف، جو امریکہ کی ایک بڑی شکایت ہے، اب بھی دونوں ممالک کے درمیان ایک اختلافی نکتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کمبوڈیا تھائی لینڈ جنگ بندی پر ٹرمپ نے اپنے آپ کو ’’امن کا صدر‘‘ قرار دیا

دی ایشیاء گروپ کے اشوک ملک نے صورتحال کو ”۱۹۹۰ء کی دہائی کے وسط کے بعد سے ہند-امریکہ تعلقات میں سب سے مشکل مقام“ قرار دیا اور خبردار کیا کہ ٹرمپ کی بیان بازی نے تعلقات کو مضبوط بنانے کی برسوں کی دو طرفہ کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

بڑھتی ہوئی بیان بازی کے باوجود، ٹرمپ نے کہا کہ گفتگو جاری ہے اور دعویٰ کیا کہ ہندوستان اب ”ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کرنے کیلئے تیار ہے۔“ چاہے کوئی معاہدہ سامنے آئے یا ٹیرف نافذ ہو جائیں، انہوں نے ”اس ہفتے کے آخر تک“ فیصلے کا وعدہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK