’’مثبت بات چیت‘‘ کے باوجود کئی امور پر اتفاق رائے کا فقدان، ڈونالڈ ٹرمپ جلد ہی وزیراعظم مودی سےفون پر گفتگو کریں گے۔
EPAPER
Updated: October 03, 2026, 1:29 PM IST | Agency | New Delhi
’’مثبت بات چیت‘‘ کے باوجود کئی امور پر اتفاق رائے کا فقدان، ڈونالڈ ٹرمپ جلد ہی وزیراعظم مودی سےفون پر گفتگو کریں گے۔
امریکہ کے ساتھ ہندوستان کا آزدانہ تجارت کا معاہدہ پھر کھٹائی میں پڑ سکتاہے۔ اس کا اشارہ امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ امریکہ اور ہندوستان دوطرفہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے کام کر رہے ہیںمگر اس پر فوری طور پر دستخط کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مودی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئےبہت جلد ایک بار پھر فون پرگفتگوکر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:۷۳؍ فیصد امریکیوں کو خدشہ ہے کہ اے آئی انسانی بقا کیلئے خطرہ بن سکتا ہے: سروے
’’مثبت بات چیت‘‘ میں اختلافی امور کا تعین
گریر نے جمعرات کو ملواکی میں جی-۲۰؍ کے وزرائے تجارت کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایاکہا کہ دونوں ممالک نے ان معاملات کی نشاندہی کر لی ہے جن پر اب بھی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے کام جاری ہے۔گریر نے کہاکہ ’’وزیر پیوش گوئل اور میرے درمیان نہایت تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی۔ ہمارے افسران اس وقت بھی ملاقات کر رہے ہیں، کیونکہ وہ یہاں موجود ہیں اور ہم بھی یہیں ہیں۔‘‘ گریر نے بدھ کی شام جی-۲۰؍وزرائے تجارت کے اجلاس کے موقع پر وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران باہمی فائدے پر مبنی عبوری تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ’’مثبت بات چیت‘‘ ہوئی۔
معاہدہ آخری مرحلہ میں مگر گفتگو اختتام سے دور
امریکی تجارتی نمائندے نے کہا، ’’ہم ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کو مکمل کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ امریکی اصطلاح میں کہا جائے تو ہم آخری مرحلے میں ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ہم معاہدہ کے اختتام کے قریب پہنچ چکے ہیں۔‘‘گریر نے بتایا کہ ’’بدھ کی صبح ٹرمپ اور مودی کے درمیان نہایت تعمیری گفتگو ہوئی ہے۔‘‘انہوں نے کہاکہ ’’اس کے باوجود میرے خیال میں معاہدہ فوری طور پر طے پانے والا نہیں ہے، ہم نے ان تمام معاملات کی نشاندہی کر لی ہے جن پر اختلافات برقرار ہیں۔ ہم انہیں حل کرنے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:جموں کشمیر: میڈیکل کالج کی طالبات کا الزام، خاتون ڈاکٹر نے برقع اتارنے کو کہا
گریر نے مزید کہا، ’’میرا خیال ہے کہ صدر اور وزیر اعظم اس سلسلے میں بہت جلد ایک بار پھر فون پر بات کر سکتے ہیں، تاکہ پیش رفت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔‘‘بدھ کو مودی اور ٹرمپ نے تجارت، دفاع، توانائی، اہم ٹیکنالوجیز اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔
فروری میں معاہدہ کو حتمی شکل دی جانی تھی
ہندوستان اور امریکہ نے فروری میں دوطرفہ تجارتی معاہدہ (بی ٹی اے) کے پہلے مرحلہ کیلئے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم امریکہ میں عدالتی فیصلے کے بعد ٹیرف کے منظر نامہ میں تبدیلیوں کے باعث اس معاہدہ پر مزید بات چیت شروع ہو گئی ہے۔پیوش گوئل نے۲۴؍ستمبر کو کہا تھا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ ’’مکمل ہو چکا ہے‘‘ اور امریکہ کی جانب سے ہندوستان کو امریکی مارکیٹ میں اپنے حریف ممالک کے مقابلے میں مناسب مسابقتی فائدہ فراہم کیے جانے کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔