Updated: May 02, 2025, 4:08 PM IST
| Mumbai
یوٹیوب نے تین سال میں ہندوستانی تخلیق کاروں کو۲۱؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم ادا کی ہے اور مزید۸۵۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ اعلان یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن نے ایک مئی، جمعرات کو ممبئی میں منعقدہ ڈبلیو ای وی ای ایس (ویوز) کے موقع پر کیا۔
یوٹیوب نے گزشتہ تین سالوں میں ہندوستانی تخلیق کاروں، فنکاروں اور میڈیا کمپنیوں کو۲۱؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم ادا کی ہے اور اگلے دو سالوں میں ہندوستانی تخلیق کار معیشت کی ترقی کے لیے مزید ۸۵۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ اعلان یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن نے ممبئی میں منعقدہ ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔ کمپنی کے مطابق، گزشتہ سال ہندوستان میں۱۰؍ کروڑ سے زائد چینل نے مواد اپ لوڈ کیا، جن میں سے۱۵؍ ہزار سے زیادہ چینل کے ہر ایک کے دس لاکھ سے زائد سبسکرائبرہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم کے ہندوستان میں پھیلاؤ نے تخلیق کاروں کو مواد کی تیاری کو ایک منافع بخش کاروبار میں تبدیل کرنے میں مدد دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: صحافتی اداروں کی ’’فور پی ایم نیوز‘‘ یوٹیوب چینل کو بلاک کرنے کی مذمت
ہندوستانی مواد کو بیرون ملک بھی بڑھتی ہوئی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق، گزشتہ سال ہندوستان میں تیار کردہ ویڈیوز نے بیرون ملک ناظرین سے۴۵؍ ارب گھنٹے کا ویو ٹائم حاصل کیا۔ نیل موہن نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ ’’ ہندوستان نہ صرف فلم اور موسیقی کے میدان میں عالمی لیڈر ہے بلکہ یہ تیزی سے ایک `تخلیق کار قوم بن رہا ہے، جسے میں’’ `کرییٹر نیشن‘‘ کہنے پر بہت پرجوش ہوں۔ یوٹیوب کی یہ صلاحیت کہ وہ کسی بھی جگہ کے تخلیق کار کو دنیا بھر کے ناظرین سے جوڑ سکتا ہے، اسے ثقافتی برآمدات کا ایک طاقتور انجن بنا دیتی ہے، اور ہندوستان جیسے چند ممالک ہی ہیں جنہوں نے اسے اتنی مؤثر طریقے سے استعمال کیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مودی سرکارذات پر مبنی مردم شماری کو تیار ، اپوزیشن کی فتح
یوٹیوب نے کہا کہ۸۵۰؍ کروڑ روپے کی منصوبہ بند سرمایہ کاری تخلیق کاروں کیلئے ٹول، تربیت اور دیگر اقدامات پر خرچ کی جائے گی تاکہ وہ اپنی رسائی کو وسیع کر سکیں اور پائیدار آمدنی کے ماڈل تشکیل دے سکیں۔