Inquilab Logo Happiest Places to Work

ششی تھرور کی قیادت میں ہندوستانی وفد کی برازیل کے نائب صدر سے ملاقات

Updated: June 04, 2025, 12:53 PM IST | Agency | Brasília

دہشت گردی کے خلاف اتحاد پر زور دیا، پاکستان کیخلاف کارروائی میں ساتھ دینے کی اپیل، ہندوستان اوربرازیل کے تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق۔

MP Shashi Tharoor addressing a conference in Brazil. Photo: PTI
رکن پارلیمنٹ ششی تھرور برازیل میں منعقد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے برازیل کے نائب صدر گیرالڈو الکامن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب صدر نے وفد کی برازیل آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ہندوستان و برازیل کے دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برازیل امن اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیتا ہے اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ ششی تھرور نے آئی اے این ایس سے گفتگو میں کہا کہ یہ دورہ بہت مفید رہا ہے اور چار ممالک میں ہونے والی ملاقاتوں کی معیار سے وہ بہت مطمئن ہیں۔ 
  برازیلیا میں ششی تھرور نے برازیل کے صدر کے سینئر سفارتی مشیر اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے صدر سے بھی ملاقات کی جس میں ہندوستان کے موقف کو پوری طرح سمجھا گیا۔ وہ ہندوستان-برازیل دوستی گروپ کے صدر بھی ہیں اور ملاقات میں انہوں نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ تھرور نے دہشت گردی کے خلاف عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک اس مسئلے کو پوری طرح نہیں سمجھتے اور ان سے بات چیت کرنا مشکل ہوتا ہے جو دہشت گردی کو فروغ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:یوکرین نے روس کی حالت خستہ کردی، ۱۱؍ سو فوجی ہلاک

انہوں نے کہا کہ پہلے دہشت گرد تنظیموں کے ڈھانچے کو ختم کرنا ضروری ہے۔ ششی تھرور نے اپنے امریکہ دورے کا بھی ذکر کیا جہاں وہ واشنگٹن ڈی سی میں حکومتی عہدیداروں، سینیٹرز اور تھنک ٹینکس سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ ہندوستان کے موقف کو بہتر انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا جا سکے۔ 
 اس موقع پر مرکزی وزیر چندرشیکھر نے ششی تھرور کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بین الاقوامی معاملات کو سمجھنے اور ہندوستان کے حق میں موقف پیش کرنے میں ماہر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ششی تھرور نے حال ہی میں کولمبیا میں بھی مثبت تبدیلیاں لانے میں کامیابی حاصل کی۔ مزید برآں، ششی تھرور نے چیمبر آف ڈیپٹیوز کے پریذیڈینسی ہال میں قومی دفاع اور خارجہ امور کی کمیٹی کے صدر وفاقی نائب فلپ بروز سے بھی ملاقات کی۔ اس دورے کے ذریعے ہندوستان نے اپنی سفارتی اور اقتصادی حکمت عملی کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ وفد دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کو بڑھانے اور بین الاقوامی تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاکہ خطے اور دنیا میں امن قائم رکھا جا سکے اور پاکستان کو سبق سکھایا جاسکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK