جندل اور ٹاٹا گروپ کا حصہ متواتر اضافہ کے بعد۱۰؍ فیصد تک پہنچا، برلا گروپ کا حصہ تیزی سے کم ہورہا ہے مگر اب بھی ٹاپ ۵؍ میں برقرار، لبرلائزیشن بھی ان خاندانوں کا بہت کچھ بگاڑ نہیں سکا۔
EPAPER
Updated: August 17, 2026, 1:41 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
جندل اور ٹاٹا گروپ کا حصہ متواتر اضافہ کے بعد۱۰؍ فیصد تک پہنچا، برلا گروپ کا حصہ تیزی سے کم ہورہا ہے مگر اب بھی ٹاپ ۵؍ میں برقرار، لبرلائزیشن بھی ان خاندانوں کا بہت کچھ بگاڑ نہیں سکا۔
گزشتہ ۲؍دہائیوں سے ہندوستان کی کارپوریٹ دنیا کی آمدنی کے ۶۰؍ فیصد حصے پر ملک کے ۵؍ بڑے کاروباری خاندانوں کا قبضہ ہے۔ لبرلائزیشن کے بعد حالانکہ مسابقت میں اضافہ ہوا ہے لیکن یہ مذکورہ ۵؍ کاروباری گھرانوں کو کا بہت کچھ بگاڑ نہیں سکا۔ یہ انکشاف ورلڈ بینک اکنامک ریویو میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۹۰۰؍ ملازمین کو زوم کال پر برطرف کرنے والے ہند نژاد سی ای او وشال گرگ خود بھی برطرف
’بزنس گروپس، کنسنٹریشن اینڈ مارکیٹ پاور اِن انڈیا‘ کے عنوان سے یہ تحقیقی رپورٹ ۱۰؍اگست کو ورلڈ بینک اکنامک ریویو میں شائع ہوئی۔ اس کے حوالہ سے ملک کے معروف اخبار ’دی ہندو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سائمن کمانڈر، ساؤل ایسٹرن، نوین جوزف تھامس اور ورون لنگینینی کی مشترکہ کاوشوں سے تیار کی گئی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق ریلائنس، اڈانی، برلا، اوم پرکاش جندال اور ٹاٹا گروپس نے ۲۰۰۱ء سے۲۰۲۰ء کے درمیان کاروباری آمدنی کےمجموعی طور پر۶۰؍ فیصد سے زیادہ حصے پر کنٹرول رکھا۔تحقیق میں اس صورتحال کا جائزہ دو اہم پیمانوں کے ذریعے لیا گیا، جن میں مختلف صنعتوں میں مارکیٹ کے پھیلاؤ اور مارکیٹ شیئر جبکہ دوسرا کاروباری توسیع یا مختلف شعبوں میں تنوع پیدا کرکے اپنی پوزیشن مضبوط کرنا شامل تھا۔
یہ بھی پڑھئے: گیس بحران سے نمٹنے کی تیاری، حکومت نے ایل پی جی پیداوار کی حد مقرر کردی
زیر گفتگو ۵؍خاندانی کاروباری گروپس میں ریلائنس اور اڈانی گروپ کا مجموعی آمدنی میں حصہ مسلسل کم از کم۲۰؍ فیصد رہا جبکہ جندل اور ٹاٹا گروپس کا حصہ بتدریج بڑھ کر ۱۰؍ فیصد کے قریب ہی پہنچ سکا ہے۔ دوسری جانب برلا گروپ کا مجموعی آمدنی میں حصہ مذکورہ دو دہائیوں میں مسلسل کم ہوا ہے اس کے باوجود یہ گروپ ٹاپ ۵؍ میں برقرار ہے۔ تحقیق میں کہا گیا کہ لبرلائزیشن کے بعد مسابقت میں اضافہ کے نتیجے میں مارکیٹ کا ارتکاز کم تو ہوا لیکن اس کے باوجود بڑے خاندانی کاروباری گروپس مارکیٹ پر غلبہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔محققین نے نشاندہی کی ہےکہ اڈانی اور ریلائنس کے تعلق سے یہ تاثر ہے کہ وہ سیاستدانوں سے اپنے قریبی روابط کافائدہ اٹھاتے ہیں اور پالیسی نظام اور اس کی خامیوں کے ذریعہ پیدا ہونے والے مواقع حاصل کرتے ہیں۔