Updated: July 14, 2026, 7:03 PM IST
| New Delhi
ہندوستانی طلبہ نے عالمی سطح پر ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے۵۶؍ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ ۲۰۲۶ء میں پانچوں گولڈ میڈل جیت لئے۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہندوستان نے روس، چین، قزاخستان، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
گولڈ میڈل جیتنے والے پانچوں طلبہ اپنے اساتذہ کے ساتھ۔ تصویر: ایکس
ہندوستان کے پانچ طلبہ نے۵۶؍ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ (IPhO) ۲۰۲۶ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کئے۔ یہ مقابلہ بکارامانگا، کولمبیا میں منعقد ہوا جہاں ہندوستان نے روس، چین، قزاخستان، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ مقابلہ دنیا بھر کے اسکولی طلبہ کیلئے فزکس کا ایک معتبر ترین بین الاقوامی مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان ٹیم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے تمام پانچوں شرکاء کو گولڈ میڈل دلوائے۔ اس اولمپیاڈ میں ۸۷؍ ممالک کے ۳۸۱؍طلبہ نے حصہ لیا جس سے ہندوستان کی یہ کامیابی مزید اہم اور قابلِ فخر بن گئی۔
یہ بھی پڑھئے: پٹنہ کوچنگ تنازع: خان سر کی پیشگی ضمانت کی درخواست منظور
گولڈ میڈل جیتنے والے ہندوستانی طلبہ میں کانسِسک جین (پونے)، ردھیش اننت بیندلے (اندور)، رِشیت گَرگ (دہلی)، شریستھ سوریا (ممبئی) اور سویت جوشی (احمد آباد) شامل ہیں۔ پانچوں طلبہ نے گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کو اولمپیاڈ کی بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں شامل کر دیا۔ اس سال ہندوستان کی شاندار کارکردگی عالمی سطح پر سائنس اور ریاضی کے میدان میں ہندوستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ سائنس کی مضبوط تعلیمی روایات رکھنے والے ممالک کے ساتھ مشترکہ پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہندوستانی ٹیم کی اعلیٰ تربیت، محنت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کی رہنمائی ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن (HBCSE-TIFR) کے پروفیسر انویش مزمدار اور ڈاکٹر لینا جوشی نے کی، جبکہ پروفیسر آنندا داس گپتا (آئی آئی ایس ای آر کولکاتا) اور نشا کیلکر نے سائنسی مبصرین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی رہنمائی اور معاونت نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: دتیا میں آشوتوش تیواری کی ریلی میں خطاب کے دوران نروتم مشرا جذباتی ہو گئے
عالمی سطح پر ہندوستان کی شاندار کامیابی، ممتاز ممالک کی صف میں شامل
ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن (HBCSE) کے مطابق ہندوستانی طلبہ نے تھیوری (Theory) امتحان میں تقریباً مکمل نمبر حاصل کئے، جبکہ پریکٹیکل (Practical) امتحان میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ یہ۲۷؍واں موقع تھا جب ہندوستانی نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں شرکت کی۔ اب تک ہندوستانی شرکاء میں سے تقریباً ۴۴؍فیصد نے گولڈ میڈل، ۴۱؍ فیصد نے سلور میڈل اور۱۰؍ فیصد نے برونز میڈل حاصل کئے ہیں۔ گزشتہ۱۰؍ برسوں کے دوران اولمپیاڈ میں حصہ لینے والا ہر ہندوستانی طالب علم کسی نہ کسی میڈل کا حقدار بنا ہے۔ اس عرصے میں ۶۲؍فیصد طلبہ نے گولڈ جبکہ۳۸؍ فیصد نے سلور میڈل جیتا۔ ایک ہی ایڈیشن میں ہندوستان کے تمام پانچوں طلبہ کے گولڈ میڈل جیتنے کا کارنامہ اب تک صرف دو مرتبہ انجام پایا ہے، پہلی بار۲۰۱۸ءمیں اور دوسری بار۲۰۲۶ء میں۔
یہ بھی پڑھئے: کرناٹک کے وزیر ٹرانسپورٹ کو بھی کنڈکٹروں کی من مانی کا سامنا کرنا پڑا
ہندوستان کا اولمپیاڈ پروگرام ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن (HBCSE) کے زیرِ انتظام چلایا جاتا ہے، جو ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ (TIFR) کا ایک ادارہ ہے اور محکمۂ جوہری توانائی (Department of Atomic Energy) کے تحت کام کرتا ہے۔ ایچ بھی سی ایس ای قومی سطح کے امتحانات، تربیتی کیمپوں اور پانچ رکنی ہندوستانی ٹیم کے انتخاب سمیت پورے عمل کی نگرانی کرتا ہے۔ اس سال ہندوستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر انویش مزمدار (HBCSE-TIFR) اور ڈاکٹر لینا جوشی (سینٹ زیویئرز کالج، ممبئی) نے کی، جبکہ سائنسی مبصرین میں پروفیسر آنندا داس گپتا (آئی آئی ایس ای آر کولکاتا) اور نشا کیلکر (گوگاٹے-جوگلیکر کالج، رتناگیری) شامل تھے۔ بتا دیں کہ ۵۶؍واں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ کولمبیا کے شہر بکارامانگا میں منعقد ہوا، جہاں دنیا بھر کے باصلاحیت ہائی اسکول طلبہ نے فزکس کے انتہائی مشکل تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔