Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ: ٹرمپ کے بیانات پر سی این این کا فیکٹ چیک، متعدد دعوے غلط قرار دیئے

Updated: April 10, 2026, 3:05 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو سی این این نے فیکٹ چیک میں ’’غلط‘‘ اور ’’غیر مصدقہ‘‘ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ایران تنازع، اسامہ بن لادن، اور اپنی خارجہ پالیسی سے متعلق کئی دعوے دہرائے، جن کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ سی این این نے بتایا کہ کچھ دعوے حقائق کے برعکس ہیں جبکہ دیگر کے لیے کوئی شواہد موجود نہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر ایران سے متعلق کشیدگی اور امریکی پالیسیوں پر بحث جاری ہے۔

US President Donald Trump. Photo: X
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ پریس کانفرنس میں دیے گئے بیانات کو امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے تفصیلی فیکٹ چیک کے بعد متعدد مقامات پر غلط یا غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر نے ایران کے ساتھ جاری تنازع اور اپنی خارجہ پالیسی کے حوالے سے کئی دعوے کیے، جن کی یا تو تردید کی گئی یا ان کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔ سی این این کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے ایک پرانا دعویٰ دوبارہ دہرایا کہ انہوں نے ۲۰۰۰ء میں شائع ہونے والی اپنی کتاب میں اسامہ بن لادن کے قتل کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم فیکٹ چیک کے مطابق اس کتاب میں بن لادن کا ذکر صرف سرسری طور پر کیا گیا ہے، جبکہ القاعدہ کے لیڈر کو ۲۰۱۱ء میں اس وقت کے امریکی صدر بارک اوباما کے حکم پر ایک فوجی کارروائی میں ہلاک کیا گیا تھا۔

یہ بھی پرھئے: امریکہ ایران جنگ بندی پر متضاد دعوے، ماہرین نے نتائج پر سوال اٹھائے

اسی طرح ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تنازع کے دوران امریکی طیاروں کے نقصان کے بارے میں بھی ایک دعویٰ کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نقصان ’’فرینڈلی فائر‘‘ کے باعث ہوا۔ تاہم سی این این کے مطابق دستیاب معلومات اس کے برعکس ہیں، اور ایرانی کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد امریکی طیارے تباہ ہوئے، جن میں ایک ایف ۱۵؍ اور ایک اے ۱۰؍ طیارہ شامل ہے، جبکہ ایک ای ۳؍ نگرانی کرنے والا طیارہ بھی الگ حملے میں تباہ ہوا۔ صدر ٹرمپ نے اپنی خارجہ پالیسی کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے ’’آٹھ جنگیں ختم کر دی ہیں‘‘۔ سی این این نے اس بیان کو بھی غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں سے بعض تنازعات کو جنگ قرار ہی نہیں دیا جا سکتا جبکہ کچھ اب بھی جاری ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ نے ایک غیر مصدقہ الزام کو بھی دہرایا، جس کے مطابق نکولس مادورو نے بڑی تعداد میں قیدیوں کو امریکہ بھیجا۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس دعوے کی حمایت میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔ اسی طرح صدر نے جنوبی کوریا میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں بھی مبالغہ آرائی کی، جبکہ سابق نائب صدر کملا ہیرس کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی دہرایا کہ انہوں نے کبھی امریکہ میکسیکو سرحد کا دورہ نہیں کیا، جسے سی این این نے غلط قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: برنی سینڈرز اسرائیل کو امریکی فوجی امداد روکنے کی قرارداد پیش کریں گے

سی این این کی رپورٹ کے مطابق صدر کے بعض دیگر بیانات کی بھی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔ اس فیکٹ چیک رپورٹ کے بعد ان بیانات پر سیاسی اور میڈیا حلقوں میں بحث جاری ہے، جبکہ وہائٹ ہاؤس کی جانب سے اس پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں امریکی خارجہ پالیسی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور صدر کے بیانات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK