Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہرمز میں ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد ایرانی تیل کے جہاز اطمینان سے گزر رہے ہیں

Updated: June 18, 2026, 9:51 AM IST | Tehran

ٹینکر ٹریکرس کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی کے ۲؍ جہاز تیل لے کر روانہ ہوئے جن میں ۸ء۳؍ ملین بیرل ایرانی خام تیل بھرا ہوا ہے۔

Traffic has resumed in the Strait of Hormuz. Photo: INN
آبنائے ہرمز میں آمدو رفت شروع ہو گئی ہے۔ تصویر: آئی این این

مشرق وسطیٰ میں جنگ ختم ہو گئی ہے اور امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت جہاں ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے پر رضامند ہو گیا ہے وہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دنیا کی تیل  اورگیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اس اہم سمندری راستے پر امریکی بحریہ کی ناکہ بندی ختم کر دی ہے۔ اس کے اثرات بھی ظاہر ہونے لگے ہیں اور تقریباً ۲؍ماہ کی ناکہ بندی کے بعد اب ایرانی خام تیل سے بھرے جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے روانہ ہونے لگے ہیں۔ٹینکر ٹریکرز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی کے ۲؍ وی ایل سی سی سپر ٹینکرز ڈیونا  اور ہیرو۲؍ تیل لے کر روانہ ہوئے ہیں، جن میں ۳ء۸؍ملین بیرل ایرانی خام تیل بھرا ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اب یہ سپر ٹینکرس امریکی بحریہ کی ناکہ بندی کے دائرے سے باہر نکل چکے ہیں اور اطمینان سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مرحوم آیت اللہ خامنہ ای کا جنازہ دفنانے سے قبل عراق سے گزرے گا: ایران

واضح رہے کہ گزشتہ ۲؍ ماہ کے دوران یہ پہلی ایسی برآمدی کھیپ ہے جس کی تصدیق  اے آئی ایس ڈیٹا اور سیٹیلائٹ تصاویر سے ہوئی ہے۔ اس کے بعد ایک تیسرا سویز میکس ٹینکر بھی ایک ملین بیرل تیل لے کر روانہ ہوا ہے۔ یعنی مجموعی طور پر۴ء۸؍ ملین بیرل ایرانی خام تیل سے بھرے جہاز امن کے ماحول میں اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ رپورٹ میں شائع کئے گئے نقشہ میں یہ تیل بردار جہاز اور اسٹریم بحیرۂ عرب میں خلیج عمان کے قریب دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ وہ ناکہ بندی والی حد عبور کر رہے ہیں جو اپریل میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران قائم کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی سطح پر تعلیمی اداروں پر۸۵۰۰؍ سے زائد حملے، فلسطین سب سے زیادہ متاثر: رپورٹ

نقشہ میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی کا اسٹریم   پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) سے ناکہ بندی والی حد کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ جہاز گزشتہ ۷؍ہفتوں سے ایران میں داخلے کے انتظار میں رکا ہوا تھا۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے بعد دنیا بھر میں اطمینان کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ خام تیل کی قیمتیں ہیں، جو ڈونالڈ ٹرمپ کے اس معاہدے کے اعلان کے بعد مسلسل گر رہی ہیں۔ طویل عرصہ تک ۱۰۰؍ سے۱۱۰؍ ڈالر فی بیرل کے درمیان رہنے والا برینٹ خام تیل اب ۸۰؍ ڈالر فی بیرل سے نیچے آ چکا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت ۷۹؍ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے جو گزشتہ ۳؍ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ دوسری جانب ڈبلیو ٹی آئی خام تیل ۷۶؍ ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK