کانگریس لیڈر نانا پٹولے کا سنسنی خیز الزام، کہا ’ آئی بی نے حکومت کو اطلاع دی ہے کہ اسے فوراً نہ روکا گیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائےگا‘۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 9:22 AM IST | Ali Imran | Nagpur
کانگریس لیڈر نانا پٹولے کا سنسنی خیز الزام، کہا ’ آئی بی نے حکومت کو اطلاع دی ہے کہ اسے فوراً نہ روکا گیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائےگا‘۔
کانگریس لیڈر نانا پٹولے نے ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنگین الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ملک میں بڑھتے ہوئے عوامی غصے کو دبانے کیلئے جابرانہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ کرکے سنسنی پھیلادی کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا ہینڈل کو بلاک کرنے اور ہیک کرنے کے پیچھے مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی ( آئی بی) کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے پورے معاملے پر انہوں نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست نشانہ بنایا۔
نانا پٹولے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سوشل میڈیا پر اُٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ آئی بی نے مرکزی حکومت کو اطلاع دی تھی کہ ملک میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر عدم اطمینان ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خفیہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر عوامی غصے پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ پٹولے نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس رپورٹ کے بعد ہی مذکورہ پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔
یہ بھی پڑھئے: مودی کے اٹلی دورہ میں اسرائیل کاکنکشن!
اس بیان نے ریاست میں سیاسی ماحول کو گرم کر دیا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر کے عوام کی آواز کو خاموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کے کسانوں، بے روزگار نوجوانوں، غریب اور عام شہریوں میں مرکزی حکومت کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ عوامی غصہ کسی بھی لمحے بڑے پیمانے پر سامنے آسکتا ہے۔ پٹولے نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ مخالفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کے بجائے اصل صورتحال پر توجہ دے۔
یاد رہے کہ ابھیجیت دیپکے نامی نوجوان کی قائم کردہ کاکروچ پارٹی ان دنوں پورے ملک میں موضوع بحث ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ابھیجیت کا تعلق مہاراشٹر سے ہے۔ اس لئے مہاراشٹر کے کئی لیڈران نے اس پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ایک روز قبل شیوسینا (ادھو) کے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کہا تھا کہ ’’ ہم بھی کاکروچ ہیں کیونکہ ہم سب حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔‘‘ اس سے قبل شیوسینا (ادھو) ہی کے سنجے رائوت نے کہا تھا’’کاکروچ پارٹی کی مقبولیت بتاتی ہے کہ حکومت کے تئیں عوام میں خاص کر نوجوانوں میں کس قدر ناراضگی ہے۔ ‘‘ اب حکومت نے اس پارٹی کے سوشل میڈیا ہینڈل کو بلاک کر دیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں ناراضگی اور تجسس بڑھتا جا رہا ہے۔