Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل: سابق آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ مقبولیت میں نیتن یاہو سے آگے

Updated: June 26, 2026, 3:04 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل میں شائع ہونے والے دو تازہ ترین رائے عامہ کے جائزوں میں وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ چینل ۱۳؍ کے سروے کے مطابق سابق آرمی چیف اور اپوزیشن لیڈر گاڈی آئزن کوٹ وزیر اعظم کیلئے پسندیدہ امیدوار کے طور پر نیتن یاہو سے آگے نکل گئے ہیں، جبکہ یائر لیپڈ اور نفتالی بینیٹ کی مقبولیت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب ایک الگ سروے میں اپوزیشن اتحاد کو پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں دکھایا گیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور حزب اختلاف کے لیڈر گاڈی آئزن کوٹ بدھ کو شائع ہونے والے ایک نئے اسرائیلی رائے عامہ کے جائزے میں وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے آگے نکل گئے ہیں، جبکہ سروے میں اپوزیشن کی دیگر نمایاں شخصیات یائر لیپڈ اور نفتالی بینیٹ کی مقبولیت میں کمی بھی سامنے آئی ہے۔ اسرائیل کے چینل ۱۳؍ کی جانب سے نشر کیے گئے سروے کے مطابق ۴۳؍ فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ گاڈی آئزن کوٹ وزیر اعظم کے عہدے کیلئے بہتر انتخاب ہیں، جبکہ ۳۹؍ فیصد نے بنجامن نیتن یاہو کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں بچوں پر حملوں کی یو این اراکین نےمذمت کی، امریکہ نے اسرائیل کا دفاع کیا، حماس پر الزام لگایا

اسی سروے میں آئزن کوٹ نے نفتالی بینیٹ کو بھی واضح برتری سے پیچھے چھوڑ دیا۔ ۴۲؍ فیصد شرکاء نے آئزن کوٹ کو وزیر اعظم کے طور پر بہتر قرار دیا، جبکہ صرف ۲۱؍ فیصد نے بینیٹ کی حمایت کی۔ دوسری جانب نیتن یاہو نے بھی بینیٹ پر معمولی برتری حاصل کرتے ہوئے ۴۴؍ فیصد کے مقابلے میں ۴۱؍ فیصد حمایت حاصل کی۔ پارلیمانی انتخابات کی صورت حال کے حوالے سے سروے میں اندازہ لگایا گیا کہ اگر آج انتخابات منعقد ہوں تو نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی ۱۲۰؍ رکنی کنیسٹ میں ۲۳؍ نشستیں حاصل کرے گی، جبکہ گاڈی آئزن کوٹ کی اپوزیشن یاشار پارٹی ۲۰؍  نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ سروے میں یہ بھی ظاہر کیا گیا کہ یائر لیپڈ اور نفتالی بینیٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کی حمایت میں مزید کمی آئی ہے، اور انہیں صرف ۱۵؍ نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر نیتن یاہو کے حکمران اتحاد کو ۱۲۰؍ رکنی کنیسٹ میں ۵۷؍ نشستیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو ۵۳؍ نشستیں حاصل ہونے کا امکان ہے۔ اسرائیل کے فلسطینی شہریوں کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں کے حصے میں ۱۰؍ نشستیں آنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ چینل ۱۳؍ نے سروے کی تاریخ، نمونے کے حجم (Sample Size) یا ممکنہ غلطی کے مارجن (Margin of Error) کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم، چینل کے مطابق سروے کی نگرانی محققین کی ایک ٹیم نے کی، جس میں شموئل روزنر، یوزیف مکلاڈا، ڈاکٹر ایریل آیالون، ڈوری ڈرور اور پروفیسر ڈیوڈ سٹینبرگ شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کیخلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور

یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل میں آئندہ ممکنہ انتخابات سے قبل ملک کی جاری جنگوں، سیکوریٹی پالیسی، غزہ کی صورت حال اور مستقبل کی سیاسی قیادت پر بحث میں شدت آ رہی ہے۔ دریں اثنا ماریو اخبار کی جانب سے جمعہ کو شائع کیے گئے ایک الگ سروے میں اس سے بھی مختلف تصویر سامنے آئی۔ اس سروے کے مطابق اگر آج انتخابات منعقد ہوں تو اپوزیشن اتحاد حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگا اور اسے ۶۱؍ نشستیں حاصل ہوں گی، جبکہ بنجامن نیتن یاہو کے اتحاد کو صرف ۴۹؍ نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK