فرانس میں اسرائیلی سفارتکار نے غزہ کیلئے روانہ ہونے والے امدادی بیڑے کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کے زندہ رہنے کیلئے نیک خواہشات۔‘‘اسرائیلی دھمکیوں کے پیش نظر امدادی رضاکاروں نے یورپی ممالک سے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: September 04, 2025, 10:00 PM IST | Paris
فرانس میں اسرائیلی سفارتکار نے غزہ کیلئے روانہ ہونے والے امدادی بیڑے کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کے زندہ رہنے کیلئے نیک خواہشات۔‘‘اسرائیلی دھمکیوں کے پیش نظر امدادی رضاکاروں نے یورپی ممالک سے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
فرانس میں اسرائیلی سفیر جوشوا زرکا نے غزہ جانے والی امدادی بیڑے کو طنزیہ ’زندہ بچ جانے‘ کیلئے نیک خواہش کا اظہار کیا ہے۔ساتھ ہی غزہ کیلئے امدادی قافلے کو تیسرے درجے کی سیاسی شعبدہ بازی قرار دے کر اس کا تمسخر اڑایا۔ یہ بات اسرائیلی سفیر نے ریڈیو جے کو دیئے ایک انٹرویو میں کہی۔ فرانس کی بائیں بازو کی جماعت لا فرانس انسومائس کے رکنتھامس پورٹس ، کا اس پر فوری ردعمل آیا جس میں انہوں نے زرکا کو فرانس سے نکالے جانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’نسل کشی کےسفیر جوشوا زرکا نے ریڈیو جے پر بیڑے کے رضاکاروں کو دھمکیاں دی ہیں۔ فرانس کو انہیں نکال دینا چاہیے اور سفارتخانے کو بند کرنا چاہیے، جو دہشت گرد اسرائیلی حکومت کی ایک شاخ ہے۔ یہ لوگ، جو آبادی کو بھوکا مارتے ہیں، نسل کشی کرتے ہیں، اورظلم کی پالیسی نافذ کرتے ہیں، ان کیلئے فرانس کی سرزمین پر کوئی جکہ نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا، جو غزہ کے لیے کارکنوں اور انسان دوست امداد لے کرجارہا ہے، اتوار کو خراب موسم کی وجہ سے واپسی کے بعد منگل کی دیر شب بارسلونا کی بندرگاہ سے روانہ ہوا۔۴۴؍ ممالک کے کارکن، سیاستداں، فنکار، نامور ہستیاں،اس قافلے میں شامل ہیں، جن میں سویڈش موسمیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، آئرش اداکار لیام کنگھم، اسپینی اداکار ایڈورڈو فرنانڈیز اور سابق میئر بارسلونا اڈا کولاؤ ،قابل ذکر ہیں۔تیونس سے روانہ ہونے والے فلوٹیلا قافلوں کے اس بیڑے میں شامل ہونے کے بعد رضاکاروں کی کل تعداد ۵۰۰۳ تک پہنچ جائےگی، جبکہ بحری جہازوں کی تعداد ۶۰؍ ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کی ہٹ دھرمی اور مظالم کے خلاف کئی آوازیں اٹھیں
دریں اثناء اسرائیلی دھمکیوں کے درمیان گلوبل صمود فلوٹیلا نے بدھ کو اسپینی حکومت اور یورپ سے تحفظ کا مطالبہ کیا۔فلوٹیلا نے امریکی سوشل میڈیا کمپنی ایکس پر لکھا، ’’اسرائیل گلوبل صمود فلوٹیلا کو دھمکیاں دے رہا ہے، جو ایک انسان دوست مشن پر غزہ کے لیے ادویات اور خوراک لے جانے والے جہاز ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اور یورپ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کریں۔‘‘تاہم اٹلی کی انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی نے بھی منگل کو اعلان کیا کہ وہ غزہ کے راستے میں اپنے سرچ اینڈ ریسکیو جہاز لائف سپورٹ کے ساتھ فلوٹیلا میں شامل ہو رہی ہے تا کہ مبصر کے طور پر کام کرے اور شرکت کرنے والے جہازوں کو طبی اور لاجسٹک مدد فراہم کرے۔امید ہے کہ یہ قافلہ ستمبر کے وسط تک غزہ پہنچ جائے گا۔
اتوار کو، اسرائیلی کابینہ میں قومی سلامتی کے وزیر اتامر بن گویر نے فلوٹیلا کے لیے ایک منصوبہ پیش کیا جس میں کارکنوں کو طویل حراست میں رکھنا شامل ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی غزہ جانے والے امدادی جہازوں کو اسرائیلی بحری فوج نے جہاز پر قبضہ کر کے رضاکاروں کو غزہ پہنچنے سے پہلے ہی حراست میں لے کر ملک بدر کر دیا تھا۔