Inquilab Logo Happiest Places to Work

اطالوی-منگولیائی جوڑا فضائی آلودگی کے بارے میں بیداری لانے کیلئے روم سے اولان بتار تک سفر کر رہا ہے

Updated: August 12, 2026, 3:06 PM IST | Ankara

اس سفر کا مقصد منگولیا کے شدید فضائی آلودگی کے بحران کو اجاگر کرنا ہے۔ منگولیا میں انتہائی شدید سردی پڑتی ہے، جس کے دوران حرارت پیدا کرنے کیلئے کوئلہ بڑے پیمانے پر جلایا جاتا ہے، نتیجتاً ٹھنڈے مہینوں میں آلودگی کی سطح میں ناگہانی اضافہ ہوجاتا ہے۔ اپنے اس سفر کے ذریعے، یہ جوڑا منگولیا میں گھریلو کوئلے کے استعمال کو کم کرنے اور توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر وسیع تر بحث چھیڑنے کی امید رکھتا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

منگولیا کی شدید سردیوں کے دوران جنم لینے والی فضائی آلودگی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک اطالوی-منگولیائی جوڑا اطالوی دارالحکومت روم سے منگولیائی راجدھانی اولان بتار (Ulaanbaatar) تک کا سفر سائیکل پر طے کر رہا ہے۔ ایک ہی ٹینڈم سائیکل پر یہ جوڑا سفر کے آٹھ مہینوں بعد ترکی کے شمال مغربی صوبے بلیلیک (Bilecik) پہنچ گیا ہے۔ اطالوی الیکٹریشن فیڈریکو ڈیماسی (Federico Demasi) اور ان کی اہلیہ باسانسورن گانخورل (Baasansuren Gankhurel)، جو منگولیا کی نیشنل یونیورسٹی میں ریسرچ اسسٹنٹ ہیں، نے اپنے سفر کا آغاز ۷ دسمبر ۲۰۲۵ء کو کیا تھا۔ بلیلیک میں ’سائیکلسٹس ایسوسی ایشن‘ کے مقامی نمائندے ہاکان یاووز نے ان کا استقبال کیا۔

اس جوڑے کا منصوبہ ہے کہ وہ انقرہ اور کیپوڈوشیا (Cappadocia) کے راستے ترکی کے بحیرۂ اسود (Black Sea) کے خطے کی طرف بڑھیں، پھر شمال مشرقی صوبے آرتوین (Artvin) کے ذریعے جارجیا میں داخل ہو، پھر بتومی (Batumi) کا رخ کریں اور بالآخر اولان بتار پہنچنے سے پہلے مزید کئی ممالک سے گزریں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ’’نو مارک پروجیکٹ‘‘ ملک میں لگائے گئے ایک لاکھ سے زائد اے آئی کیمرون کو ہٹانے کیلئے سرگرم

ڈیماسی نے کہا کہ انہوں نے ٹینڈم سائیکل کا انتخاب خاص طور پر اس لئے کیا تاکہ وہ ایک ساتھ سفر کرسکیں۔ انہوں نے انادولو (Anadolu) کو بتایا کہ ”ہم نے ٹینڈم سائیکل کو ترجیح دی تاکہ ہم ایک ساتھ سواری کر سکیں۔ یہ ہمیں سفر کے دوران ایک دوسرے کا سہارا بننے کا موقع دیتی ہے۔“ انہوں نے ترکی کے لوگوں کے حسنِ اخلاق اور مہمان نوازی کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راستے میں انہیں چائے اور کھانا پیش کیا گیا۔ یہ جوڑا پورے سفر کے دوران کیمپنگ اور مقامی میزبانون کے ہاں قیام پر انحصار کر رہا ہے، جس سے انہیں مختلف ممالک اور ثقافتوں کے لوگوں سے ملنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گرین لینڈ کا ٹرمپ سے منسلک آئل کمپنی کو غیر مجاز ڈرلنگ پر انتباہ!

منگولیا کا سرمائی بحران

ڈیماسی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مہم صرف ایک سیاحتی سفر نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد منگولیا کے شدید فضائی آلودگی کے بحران کو اجاگر کرنا ہے۔ منگولیا میں انتہائی شدید سردی پڑتی ہے، جس کے دوران حرارت پیدا کرنے کیلئے کوئلہ بڑے پیمانے پر جلایا جاتا ہے، نتیجتاً ٹھنڈے مہینوں میں آلودگی کی سطح میں ناگہانی اضافہ ہو جاتا ہے۔ ڈیماسی نے بتایا کہ ”منگولیا میں سردیاں بہت سخت ہوتی ہیں۔ حرارت کیلئے کوئلے کی بڑی مقدار استعمال کی جاتی ہے اور اس سے فضائی آلودگی بڑھ جاتی ہے۔“ اس جوڑے کو امید ہے کہ وہ گھروں کو انسیولیٹ (حرارت محفوظ) کرنے اور کوئلے کا استعمال کم کرنے کے بارے میں بیداری پیدا کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: قومی سلامتی اور جرائم کا حوالہ، ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار ویزے منسوخ

اپنے اس سفر کے ذریعے، یہ جوڑا منگولیا میں گھریلو کوئلے کے استعمال کو کم کرنے اور توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر ایک وسیع تر بحث چھیڑنے کی امید رکھتا ہے۔ یاووز نے نوٹ کیا کہ بلیلیک کی `سائیکلسٹس ایسوسی ایشن` اس سے قبل بھی صوبے سے گزرنے والے مختلف ممالک کے متعدد طویل فاصلے کے سائیکل سواروں کی میزبانی کرچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK