Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: قومی سلامتی اور جرائم کا حوالہ، ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار ویزے منسوخ

Updated: August 11, 2026, 5:04 PM IST | Washington

امریکہ نے قومی سلامتی اور جرائم کا حوالہ دے کر ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زائد ویزے منسوخ کر دیے، محکمہ خارجہ کے مطابق ویزوں کی منسوخی کی اکثریت ایسے معاملات کے بعد عمل میں آئی جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا غیر ملکی شہریوں سے واسطہ پڑا اور ان پر حملہ، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے، چوری اور منشیات سے متعلق جرائم کے الزامات تھے۔

US President Donald Trump. Photo: INN. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

 امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تحت ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زائد ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے مطابق ویزے منسوخ کرنے کی وجوہات میں جرائم، دھوکہ دہی، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی، تشدد کی اپیلیں اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔ بعد ازاں محکمہ خارجہ نے کہاکہ جنہوں نے اپنے ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جرائم کا ارتکاب کیا، امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کی اپیل کی، امریکیوں کو دھوکہ دیا، امیگریشن نظام کا غلط استعمال کیا یا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا ان افراد کے ویزے منسوخ کئے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: ایرانی خطرے کے پیش نظر ٹرمپ نے ترکی سے خفیہ فوجی طیارے میں سفر کیا

مزید برآں محکمہ خارجہ کے مطابق ویزوں کی منسوخی کی اکثریت ایسے معاملات کے بعد عمل میں آئی جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا غیر ملکی شہریوں سے واسطہ پڑا اور ان پر حملہ، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے، چوری اور منشیات سے متعلق جرائم کے الزامات تھے۔دیگر معاملات میں جنسی زیادتی، بچوں سے بدسلوکی، دھوکہ دہی، خرد برد اور لاپروائی سے ڈرائیونگ کے الزامات بھی شامل تھے۔ ساتھ ہی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ ویزے امریکہ میں موجود غیر ملکی شہریوں کی جاری جانچ پڑتال کے تحت منسوخ کیے گئے۔ویزوں کی منسوخی کے علاوہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے متعدد غیر ملکی شہریوں کو خارجہ پالیسی کی بنیاد پر امریکہ سے ملک بدر کیے جانے کے قابل قرار دیا ہے۔ ان معاملات میں کیوبا اور ایران کے شہری شامل ہیں، جنہیں غیر ملکی حکومتوں کے اثر و رسوخ کی کارروائیوں سے جوڑا گیا ہے، جبکہ لاؤس اور کویت کے شہری بھی ایسے معاملات میں شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق کویت سے متعلق ایک معاملے میں ایک غیر ملکی شہری نےامریکہ کے صدر کے خلاف تشدد کی خواہش کا اظہار کیا اور امریکیوں کو اپنادشمن قرار دیا۔محکمہ خارجہ نے کہا، ``صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ روبیو کی قیادت میں محکمہ خارجہ ایسے غیر ملکی شہریوں کی نشاندہی، تحقیقات اور ان کے ویزے منسوخ کرنے کا عمل جاری رکھے گا جو امریکی عوام کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی ویزا ایک استحقاق ہے، حق نہیں۔محکمہ خارجہ نے بعض انفرادی معاملات کا بھی حوالہ دیا جن میں سنگین نوعیت کی عصمت دری اور جنسی زیادتی، اغوا اور انسانی اسمگلنگ، نابالغ کے جنسی استحصال، بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد اور گھریلو تشدد کے الزامات شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ۸۱؍ فیصد ہندوستانی طلبہ تعلیم مکمل کرکے ہندوستان واپس آنے کے خواہش مند: رپورٹ

جبکہ محکمہ خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ شمالی افریقہ میں ایک امریکی سفارتخانے نے۱۰۰؍ سے زائد ایسے والدین کے ویزے منسوخ کیے جنہیں’’برتھ ٹورسٹ‘‘ قرار دیا گیا۔ یہ افراد بنیادی طور پر اپنے بچوں کی پیدائش کے لیے امریکہ گئے تھے تاکہ ان کے بچوں کو امریکی شہریت حاصل ہو سکے۔محکمہ خارجہ کے مطابق دھوکہ دہی کے الزامات میں ملوث غیر ملکی شہریوں کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے۔ ایک شخص پر الزام تھا کہ اس نے۵۰؍ لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی مبینہ جعلی خدمات پر مشتمل میڈیکیڈ اسکیم کی منصوبہ بندی میں مدد کی۔ایک اور معاملے میں ایک شخص پر کاروباری آمدنی میں جعل سازی اور ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔محکمہ خارجہ نے ایسے غیر ملکی شہریوں کے معاملات کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قتل پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ محکمہ کے مطابق ایک شخص نے لکھا، جب فاشسٹ مرتے ہیں تو ڈیموکریٹس شکایت نہیں کرتے، جبکہ ایک دوسرے شخص نے کہا کہ کرک بہت دیر سے مرا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ جوہری معاہدے کے بغیر ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کیلئے تیار: رپورٹ

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدوں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کو بھی شامل کیا تھا، اپنے دوسرے دور کا صدارتی عہد ہ سنبھالنے کے بعد ٹرمپ نے متعدد حکم نامے پر دستخط کئے،جن میں ویزا قوانین کو سخت کیا گیا، اس کے علاوہ ایک مہم کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو جلا وطن کیا جا رہا ہے، اور اب تک دنیا بھر کے ممالک کے شہریوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا جاچکا ہے، ان ویزوں کی منسوخی بھی انہیں سختی کا نتیجہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK