وینس کے مقامی باشندوں نے بیزوس سے ان کی پرتعیش شادی کیلئے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بیزوس پر اپنے ملازمین کو کم اجرت ادا کرنے کا بھی الزام لگایا۔
EPAPER
Updated: June 26, 2025, 10:04 PM IST | Inquilab News Network | Rome
وینس کے مقامی باشندوں نے بیزوس سے ان کی پرتعیش شادی کیلئے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بیزوس پر اپنے ملازمین کو کم اجرت ادا کرنے کا بھی الزام لگایا۔
امیزون کے بانی جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی شادی کی تقریبات نے وینس کے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ شادی پوری شہر کو متاثر کر رہی ہے جس کے باعث شہریوں نے "بیزوس کیلئے کوئی جگہ نہیں" کے عنوان سے مظاہرے بھی کئے۔
ابتدائی طور پر وینس کے تاریخی مقام اسکولا ویکیا ڈیلا میسیری کورڈیا کو شادی کی تقریب کیلئے منتخب کیا گیا تھا، لیکن مقامی افراد کے احتجاج کے بعد بیزوس نے مقام بدل دیا۔ اب یہ شادی سین جارجیو میگیور جزیرے پر ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق، جیف اور لارین ۲۴ سے ۳۰ جون تک اس جزیرے کو اپنی ذاتی تقریب کیلئے استعمال کریں گے جس کے دوران یہ جزیرہ عام لوگوں کیلئے بند رہے گا۔ شادی کے بعد جوڑا اور ان کے مہمان وینیس کے مضافات میں واقع ایک شپ یارڈ، آرسنل آف وینیس میں عشائیہ میں شرکت کریں گے۔
شادی کے مہمانوں کی فہرست تاحال خفیہ ہے لیکن ایوانکا ٹرمپ جیسی شخصیات کی آمد اور ساحل پر کئی ملین ڈالر کی بڑی کشتیاں (میگا یاٹس) دیکھ کر لگتا ہے کہ کئی اہم شخصیات شریک ہیں۔ ان میں مائیکل جارڈن کی آمد کا اشارہ بھی ملا ہے کیونکہ ان کی ۱۱۵ ملین ڈالر کی کشتی گزشتہ ہفتے وینس کے ساحل پر لنگر انداز تھی۔
یہ بھی پڑھئے: اطالوی فیشن برانڈ ’پراڈا‘ کی کولہاپوری چپل کی قیمت ایک لاکھ۲۰؍ ہزار!
پیج سکس کے مطابق، دی امان وینس اور ہوٹل سیپریانی جیسے پرتعیش ہوٹل مہمانوں کیلئے بک کئے گئے ہیں۔ ایک اندرونی ذرائع نے بتایا کہ کچھ مہمانوں کو جنہوں نے ہوٹل پہلے ہی بک کرائے تھے، انہیں بیزوس کے پورے ہوٹل کو کرائے پر لینے کے بعد دیگر ہوٹلوں (بشمول سینٹ ریگیس) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ امان ہوٹل، جہاں ایک رات کا کرایہ تقریباً ۲ ہزار ڈالر ہے، ان مہمانوں کے کمروں کا خرچہ برداشت کر رہا ہے اور انہیں ایک رات کا مفت قیام اور اپ گریڈ بھی دے رہا ہے۔
مظاہرین کا زیادہ ٹیکس کا مطالبہ
ان واقعات کے پیش نظر، وینس کے مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ جیف بیزوس اس پرتعیش شادی کیلئے زیادہ ٹیکس ادا کریں۔ سینٹ مارک اسکوائر پر گرین پیس کے ایک بڑے بینر پر لکھا تھا: اگر آپ اپنی شادی کیلئے وینیس کرائے پر لے سکتے ہیں تو آپ کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا چاہئے۔" انہوں نے بیزوس پر اپنے ملازمین کو کم اجرت ادا کرنے کا بھی الزام لگایا۔ ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا گیا: "جیف بیزوس اپنے عملے کو کم اجرت دیتا ہے اور ٹیکس چوری کرتا ہے۔ حیرت نہیں کہ وہ اس ہفتے اپنی شادی کیلئے آدھے وینس شہر کو بند کرنے کا متحمل ہو سکتا ہے۔ اب ارب پتیوں پر ٹیکس لگایا جانا چاہئے۔"
یہ بھی پڑھئے: براعظم ایشیاء عالمی اوسط کے مقابلے میں تقریباً دُگنا تیزی کے ساتھ گرم ہو رہا ہے: رپورٹ
ویڈنگ پلانرز کا دفاع
دوسری جانب، جیف بیزوس اور لارین سانچیز کے ویڈنگ پلانرز، پرنس انٹونیو لیکاٹا دی باسینا اور کاؤنٹ ریکارڈو لانزا نے اس جوڑے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات میں شہر میں کم سے کم خلل ڈالنا شامل تھا۔ لانزا اینڈ باسینا لمیٹڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری کلائنٹ اور ہمارے اپنے رہنما اصولوں کی ہدایات شروع سے ہی بالکل واضح تھیں: شہر میں کسی بھی قسم کے خلل کو کم سے کم کرنا، اس کے رہائشیوں اور اداروں کا احترام کرنا اور تقریبات کی تیاری میں مقامی افراد کو بھرپور روزگار فراہم کرنا۔" انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ یہ جوڑا "کثیر تعداد میں واٹر ٹیکسی یا گونڈولاز" بک کر کے "شہر پر قبضہ" نہیں کر رہا تھا۔