یونیورسٹی کے شعبہ’ٹورزم اینڈ ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ‘کے’ بیسٹ ویلیو فار منی ہوٹل مینجمنٹ کالجز‘ کے زمرے میں ملک بھر میں پہلا اور آرکیٹیکچر کے زمرے میں قومی سطح پر پانچواں مقام ملا ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کا مرکزی دروازہ- تصویر:آئی این این
جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنے قیام کے بعد ہرگزرتے سال کوئی نہ کوئی سنگ میل عبور کرتا ہے اور اپنے مقصد کو پانے کی ایک ایک قدم بڑھاتا ہے۔ گزشتہ دنوں جامعہ کے حصے میں ایک اوراعزاز اُس وقت آیا جب جامعہ نے’انڈیا ٹوڈے رینکنگ۲۰۲۶‘میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ یونیورسٹی کے شعبہ’ٹورزم اینڈ ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ‘نے’ بیسٹ ویلیو فار منی ہوٹل مینجمنٹ کالجز‘ زمرے میں ملک بھر میں پہلی پوزیشن اور’بہترین اُبھرتے ہوئے ہوٹل مینجمنٹ کالجز‘ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ یونیورسٹی کی کامیابیوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے، جامعہ کی ’فیکلٹی آف آرکیٹیکچر‘ نے ’انڈیا ٹوڈے(ایم ڈی آر اے) بیسٹ کالجز رینکنگ ۲۰۲۶ء‘میں آرکیٹیکچر کے زمرے میں پانچواں مقام حاصل کر کے ملک کے ممتاز آرکیٹیکچر اداروں میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
آرکیٹیکچر اداروں کی اس فہرست میں پہلا مقام آئی آئی ٹی روڑکی کو ملا ہے۔ اسے مختلف زمروں کے ٹوٹل ۲۰۰۰؍ مارکس میں۱۸۵۹؍ مارکس ملے ہیں۔ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچرنئی دہلی اور اس کے بھوپال اور وجے واڑہ کی شاخوں کو ملا ہے۔ان کے مارکس بالترتیب ۱۶۶۴، ۱۵۵۹؍ اور ۱۵۳۲؍ ہیں جبکہ پانچویں نمبر پر موجود جاملہ ملیہ اسلامیہ کو مجموعی طور پر۱۵۲۷؍ مارکس ملے ہیں۔اس فہرست میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو ۹؍واں مقام ملا ہے۔ اسے مجموعی طور پر۱۴۱۳؍ مارکس ملے ہیں۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اس نمایاں کامیابی پر فیکلٹی، طلبہ اور عملے کو مبارک باد دیتے ہوئے پروفیسر مظہر آصف(وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی(رجسٹرار،جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے کہا کہ یہ اعزاز تعلیمی فضیلت، صنعتی روابط، معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ شعبوں میں طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کیلئے جامعہ کے غیر متزلزل عہد اور اس کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔پروفیسر مظہر آصف نے درجہ بندی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اعلیٰ تعلیم کے مخصوص شعبوں میں شاندار کارکردگی کے مسلسل حصول کا ثبوت قرار دیا۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ سیاحت اور مہمان نوازی کا انتظام اور فیکلٹی آف آرکیٹیکچر دونوں نئی بلندیوں کو چھوتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ درجہ بندی معیاری تعلیم اور صنعت پر مبنی تعلیم کے تئیں یونیورسٹی کی خصوصی توجہ کی تصدیق کرتی ہے۔پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کیلئے انتہائی فخر کی بات قرار دیا اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی علمی ساکھ کو مستحکم کرنے کیلئے فیکلٹی، طلبہ، محققین، سابق طلبہ اور عملے کی اجتماعی کوششوں او ران کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ ہر قومی اور بین الاقوامی درجہ بندی سے یونیورسٹی کے اس یقین کو تقویت ملتی ہے کہ اس کے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے تعلیمی فضیلت اور کاوشوں کو زیادہ کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
وائس چانسلر اور رجسٹرارنے جامعہ کے انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی قیو اے سی) کو کامیابی میں اس کے رول کیلئے مبارک باد دی۔ انہوں نے پروفیسر پنکج کمار گپتا، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز، اور پروفیسر سارہ حسین، سربراہ، شعبہ ٹورزم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ، کو تعلیمی تحقیق، صنعت کے تعاون، انٹرن شپ، تقرری اور مہارت کی ترقی سمیت کلیدی معیارات میں شعبہ کی شاندار کارکردگی کیلئے مبارک باد دی۔انھوں نے پروفیسر قمر ارشاد، ڈین، فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اور پروفیسر طیبہ منور، سربراہ، شعبہ آرکیٹیکچر کو انڈیا ٹوڈے( ایم ڈی آر اے) بہترین کالجز درجہ بندی میں فیکلٹی کی شاندار کارکردگی کیلئے مزید مبارک باد دی۔ درجہ بندی میں انٹیک کوالیٹی اور گورنینس، تعلیمی فضلیت، بنیادی ڈھانچہ، کیمپس کی زندگی،شخصی اور قائدانہ ترقی، کریئرکی ترقی اور تقرری نیز علمی ہستیوں اور صنعت کے ماہرین کے درمیان اس کے تئیں نظیرے کے معیارات کے تحت آرکی ٹیکچر کا جائزہ لیا جاتاہے۔