ہندوستان کے انتہائی شمالی حصے جموں، کشمیر اور لداخ میں درجۂ حرارت منفی ۶ء۲۴؍ ڈگری سیلسیس تک گرنے کی وجہ سے ڈل جھیل سمیت پانی کے کئی ذخیرے منجمد ہو گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 09, 2026, 10:19 PM IST | Srinagar
ہندوستان کے انتہائی شمالی حصے جموں، کشمیر اور لداخ میں درجۂ حرارت منفی ۶ء۲۴؍ ڈگری سیلسیس تک گرنے کی وجہ سے ڈل جھیل سمیت پانی کے کئی ذخیرے منجمد ہو گئے ہیں۔
جموں، کشمیر اور لداخ میں طول پکڑتے ہوئے موسم سرما نے سری نگر کے ڈل جھیل سمیت پانی کے کئی بڑے ذخیروں کو منجمد کر دیا ہے۔ سری نگر میں گزشتہ شب یعنی ۸؍ جنوری کو درجۂ حرارت منفی ۶؍ ڈگری سیلسیس کے ساتھ اس سال کی سب سے سرد رات درج کی گئی ہے۔دریں اثنا لداخ بدستور ملک کا سرد ترین علاقہ بنا ہوا ہے، دراس کے علاقے میں درجہ حرارت منفی ۶ء۲۴؍ ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے۔ نیوما میں بھی درجۂ حرارت منفی ۶ء۲۱؍ تک درج کیا گیا ہے، جبکہ لیہہ میں منفی ۴ء۱۴؍ ڈگری سیسلیس تک گر گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: وشاکھاپٹنم :بمسٹیک ممالک کےکینسر کی دیکھ بھال کے ماہرین کی تربیت
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، بڑے اضلاع میں درجہ حرارت میں تیزی سے اور اچانک کمی دیکھی گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ سری نگر ہوائی اڈے پر اس سال کا سب سے سرد درجۂ حرارت منفی ۴ء۷؍ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں مشہور گل مارگ کے سکی ریزارٹ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی ۲ء۷؍ ڈگری سیلسیس جبکہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحی مقام لداخ میں کم سے کم منفی ۶ء۷؍ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں شوپیان میں منفی ۷ء۷؍ ڈگری سیلسیس اور پلوامہ میں منفی ۵ء۷؍ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ وسطی کشمیر میں سونا مارگ کے ریزارٹ ٹاؤن نے منفی ۴ء۵؍ ڈگری سیلسیس سے کم درجۂ حرارت درج کیا ہے۔ اس وقت وادیٔ کشمیر چلی کلاں کے دور سے گزر رہی ہے، چلی کلاں ۲۱؍ دسمبر سے شروع ہوا ہے اور ۳۰؍ جنوری تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھئے: جلگائوں میں ہندو کے گھر سے اٹھا مسلم کا جنازہ ، گائو ں کی ہر آنکھ پرنم
محکمۂ موسمیات نے جزوی طور پر ابر آلود حالات کی پیش گوئی کی ہے اور بتایا کہ جنوبی کشمیر، وسطی کشمیر اور شمالی کشمیر میں ہلکی برف باری کے امکانات ہیں۔ محکمہ نے مزید پیش گوئی کی کہ درجۂ حرارت میں کمی ۱۰؍ جنوری تک جاری رہے گی، اس کے بعد درجۂ حرارت ایک سے دو سیلسیس ڈگری تک بڑھے گا، جبکہ جموں خطے کے میدانی علاقوں میں درمیانی دھند کی توقع ہے اور ناہموار علاقوں میں گھنی دھند اگلے دو دنوں تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔