• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جینسن ہوانگ نے کہا ’’دوسری مرتبہ پہلے سے بہتر سی ای او ثابت ہوں گا‘‘

Updated: November 24, 2026, 5:03 PM IST | New York

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے ایک بار پھر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ عہدے سے استعفیٰ دینے کے چند ہی دن بعد ان کی واپسی نے ٹیکنالوجی اور کاروباری دنیا میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

Jensen Huang.Photo:INN
جینسن ہوانگ۔ تصویر:آئی این این

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا  کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے ایک بار پھر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ عہدے سے استعفیٰ دینے کے چند ہی دن بعد ان کی واپسی نے ٹیکنالوجی اور کاروباری دنیا میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ کمپنی کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر جینسن ہوانگ نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری مرتبہ پہلے سے بہتر سی ای او ثابت ہوں گے۔ ان کے اس بیان پر وہاں موجود ملازمین نے زبردست تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
این ویڈیا نے ۲۳ ؍نومبر ۲۰۲۶ء کو باضابطہ اعلان کیا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تفصیلی بات چیت اور مشاورت کے بعد جینسن ہوانگ کو فوری طور پر دوبارہ صدر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور بورڈ کا رکن مقرر کردیا ہے۔ بورڈ نے متفقہ طور پر ان کی واپسی کی منظوری دی۔کمپنی کے بورڈ کے چیئرمین ہاروی سی جونز نے کہا کہ بورڈ کا ماننا ہے کہ جینسن ہوانگ ہی این ویڈیا کی قیادت کے لیے موزوں ترین شخصیت ہیں اور ان کی واپسی حصص یافتگان، ملازمین، کاروباری شراکت داروں اور صارفین کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے ہوانگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ان کے دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش ہے۔واضح رہے کہ جینسن ہوانگ کی غیر موجودگی میں کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس نے عبوری سی ای او کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اب وہ دوبارہ اپنے مالیاتی امور سے متعلق عہدے پر کام کریں گی، جبکہ ہاروی جونز بورڈ کے چیئرمین برقرار رہیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیاس

جینسن ہوانگ کی واپسی کا معاملہ گزشتہ چند دنوں سے خبروں میں تھا۔ انہوں نے ۱۲؍نومبر ۲۰۲۶ء کو ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے الزامات اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان سے متعلق بعض رپورٹوں میں بیرون ملک خفیہ سرگرمیوں سے وابستہ ایک چینی خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ ان الزامات کے بعد کمپنی کے اندرونی معاملات، قیادت اور قومی سلامتی سے متعلق سوالات اٹھنے لگے تھے۔ استعفیٰ کے بعد کمپنی نے کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او مقرر کیا تھا۔ تاہم ملازمین، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی انڈسٹری سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے جینسن ہوانگ کی واپسی کی حمایت کی۔ اس سلسلے میں ایک مہم بھی شروع ہوئی، جس میں ایلون مسک سمیت کئی معروف شخصیات نے ان کی دوبارہ تقرری کی حمایت کی۔ بالآخر ۲۳ ؍ نومبر کو بورڈ نے اپنا سابقہ فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ کمپنی کی قیادت سونپ دی۔
جینسن ہوانگ کی واپسی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کردار بھی زیر بحث ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے این ویڈیا کے بورڈ سے رابطہ کیا اور ہوانگ کی دوبارہ تقرری کی حمایت کی۔ انہوں نے ان کی صلاحیتوں کو امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے اہم قرار دیا۔این ویڈیا نے بھی اپنے بیان میں تصدیق کی کہ بورڈ نے فیصلہ کرتے وقت امریکی حکومت کے اعلیٰ حکام سے معلومات اور مشورے حاصل کیے تھے۔ کمپنی کے مطابق حکومت سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر بورڈ اس نتیجے پر پہنچا کہ ہوانگ کی دوبارہ تقرری سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔جینسن ہوانگ کی واپسی کی خبر سامنے آنے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں این ویڈیا کے حصص میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ کمپنی کے شیئرز میں تقریباً ۳۱ء۵؍ فیصد کی تیزی آئی، جس سے اس کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اس پیش رفت نے دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ کاروباروں کے حصص پر بھی مثبت اثر ڈالا۔سرمایہ کاروں کے لیے ہوانگ کی واپسی اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ این ویڈیا کی ترقی اور عالمی مصنوعی ذہانت کی صنعت کے پھیلاؤ میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ کمپنی کے جدید چپس دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت اور ڈیٹا سینٹرز کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا

جینسن ہوانگ کی واپسی کے باوجود ان سے متعلق الزامات کی تحقیقات ختم نہیں کی گئی ہیں۔ این ویڈیا کے بورڈ نے واضح کیا ہے کہ آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے آزاد قانونی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس کے علاوہ کمپنی نے قومی سلامتی اور برآمدی ضوابط کی نگرانی کے لیے ایک علیحدہ کمیٹی قائم کی ہے۔ اس کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ کمپنی کے کاروبار میں تجارتی قوانین، چپ کی برآمدات اور قومی سلامتی سے متعلق ضوابط کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ این ویڈیا ایک نئے چیف کمپلائنس آفیسر کی تقرری بھی کرے گی، جو کمپنی کے قانونی اور ضابطہ جاتی معاملات کی نگرانی کرے گا۔
جینسن ہوانگ نے ۱۹۹۳ء میں این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور ان کی قیادت میں کمپنی نے گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یو) کے شعبے سے آگے بڑھ کر مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ آج کمپنی کے چپس بڑے اے آئی ماڈلز، ڈیٹا سینٹرز، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی تیاری میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ان کی دوبارہ واپسی ایسے وقت ہوئی ہے جب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مسابقت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ جینسن ہوانگ اپنی دوسری اننگز میں کمپنی کی ترقی کو کس حد تک آگے لے جاتے ہیں اور جاری تحقیقات کے دوران سرمایہ کاروں اور کاروباری شراکت داروں کا اعتماد کس طرح برقرار رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK