Inquilab Logo Happiest Places to Work

ادھورے ممبئی۔ گوا ہائی وے پر ٹول وصولی کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

Updated: May 22, 2026, 10:43 AM IST | Siraj Shaikh | Raigad

حکومت نے سڑک کا تعمیراتی کام مکمل ہونے سے پہلے ہی ٹول وصول کرنا شروع کر دیا ہےجس سے لوگ ناراض ہیں۔

Journalists demanded immediate closure of the toll booth. Photo: INN
صحافیوں نے فوراً ٹول بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ تصویر: آئی این این

نامکمل ممبئی گوا ہائی وے پر شروع کی گئی ٹول وصولی کو فوری طور پر ختم کرنے   کا مطالبہ کرتے ہوئے رائے گڑھ پریس کلب کی طرف سے کھار پاڑاٹول پلازہ پر  جمعرات کو ایک زبردست  مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں صحافیوں اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ اس مظاہرے کی قیادت مراٹھی پریس کونسل کے چیف ٹرسٹی اور رائے گڑھ پریس کلب کے بانی ایس ایم دیشمکھ نے کی۔

اس وقت مراٹھی پریس کونسل کے ٹرسٹی شرد پبلے کے علاوہ مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور صحافی موجود تھے۔ مظاہرین نے ’’ٹول معاف کرنے،ہائی وے کا کام فوری طور پر مکمل کرنے اور فوری طور پر سروس روڈ تعمیر کر نے‘‘ سے متعلق نعرے لگا کر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پنویل اور پین تعلقہ سے بڑی پولیس نفری طلب کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ہم شرد پوار کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے‘‘

اس موقع پر رائے گڑھ پریس کلب کے ایک وفد نے محکمہ تعمیرات عامہ کے پنویل دفتر کے افسر انگوالے کو ایک میمورنڈم سونپا۔ افسر نے یقین دلایا کہ ہائی وے پر سروس روڈ، گٹر اور ٹول معافی سے متعلق مطالبات مرکزی حکومت کو بھیجے جائیں گے۔ نیز، ایس ایم دیشمکھ نے واضح کیا کہ وہ جلد ہی مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ جب تک ہائی وےکاکام مکمل نہیں ہو جاتا ٹول وصولی روک دی جائے۔ انہوں نے ٹول وصولی بند نہ ہونے کی صورت میں جون میں مزید شدید احتجاج شروع کرنے کا بھی انتباہ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہائی وے کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے حادثات میں ڈھائی ہزار سیاح اور مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت اس کی ذمہ داری قبول کرے اور ممبئی گوا ہائی وے پر اگلے ۱۰؍  سال تک ٹول وصول نہ کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK