۶؍لین کے سپر فاسٹ ایکسپریس وے کیلئے ۳۵؍ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیںگے،مالشيج گھاٹ پر ۸؍کلومیٹر طویل سرنگ بنے گی۔
EPAPER
Updated: September 16, 2026, 10:31 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | kalyan
۶؍لین کے سپر فاسٹ ایکسپریس وے کیلئے ۳۵؍ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیںگے،مالشيج گھاٹ پر ۸؍کلومیٹر طویل سرنگ بنے گی۔
مہاراشٹر حکومت نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ( ایم ایم آر) کو مراٹھواڑہ کے دل سے جوڑنے کیلئے ۴۴۲؍ کلومیٹر طویل اور ۶؍ لین پر مشتمل’ کلیان۔لاتور جن کلیان ایکسپریس وے‘ منصوبے کو باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس جدید ترین مکمل طور پر ایکسیس کنٹرولڈ گرین فیلڈ منصوبے پر ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اس شاہراہ کی تعمیر سے کلیان تا لاتور کے درمیان ۱۰؍ سے ۱۲؍ گھنٹوں پر محیط طویل اور تھکا دینے والا سفر سمٹ کر محض ۵؍گھنٹے کا رہ جائے گا جس سے مراٹھواڑہ کے معاشی و صنعتی منظرنامے میں غیر معمولی تبدیلی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چھتیس گڑھ: آوارہ بیل کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق کلیان ۔لاتور میگا پروجیکٹ کی الائنمنٹ مکمل کرلی گئی ہے اور حتمی منظوری کی تجویز ریاستی کابینہ کے سامنے پیش کر دی گئی ہے۔ منصوبے کی تعمیر و نگہداشت کی ذمہ داری مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سپرد کی گئی ہے۔ یہ ایکسپریس وے تھانے کلیان،احمد نگر، بیڑ، عثمان آباد اور لاتور اضلاع کے درمیان تیز رفتار رابطے کی نئی بنیاد رکھے گا۔سلسلہ کوہِ سہیادری میں واقع قدرتی مالشيج گھاٹ کے دشوار گزار راستوں کو آسان اور بلاتعطل بنانے کے لئےاس کوریڈور میں ۸؍ کلومیٹر طویل ایک شاندار سرنگ تعمیر کی جائے گی۔ اس سرنگ کی تکمیل سے نہ صرف گھاٹ کے خطرناک، تنگ موڑوں اور خطرناک اتار چڑھاؤ سے نجات ملے گی بلکہ مسافروں کو روزمرہ کے شدید ٹریفک جام سے بھی بڑی راحت نصیب ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ڈالر کی قدر میں اضافہ اور کئی برس کے سود سے کروڑوں روپے کا بوجھ
اس کوریڈور کی سب سے بڑی اسٹریٹجک اہمیت اس کا دیگر قومی شاہراہوں سے انضمام ہے۔ دہلی۔ممبئی ایکسپریس وے کا ویرار تا جے این پی ٹی لنک چونکہ کلیان اور بدلاپور کے قرب و جوار سے گزرتا ہے اس لیے جن کلیان ایکسپریس وے کو اس لنک اور رنگ روڈ نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا۔ اس ربط کے ذریعے مراٹھواڑہ کے کسانوں اور صنعت کاروں کو جواہر لعل نہرو پورٹ بندرگاہ تک مال برداری کیلئے سیدھا اور تیز رفتار راستہ مل جائے گا۔منصوبے کے تحت اس ایکسپریس وے کو مجوزہ ویرار۔علی باغ ملٹی ماڈل کوریڈور سے بھی مربوط کیا جائے گا۔ اس اقدام کے نتیجے میں نوی ممبئی وسئی ویرار، زیر تعمیر نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور اٹل سیتو تک پہنچنا مراٹھواڑہ کے عوام کے لیے انتہائی آسان ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ لاتور کے مقام پر اس شاہراہ کو مجوزہ ناگپور تا گوا شکتی پیٹھ ایکسپریس وے سے ایک انٹرچینج کے ذریعے جوڑا جائے گا جس سے ودربھ، مراٹھواڑہ، کونکن اور گوا تک کی رسائی تیز رفتار ہو جائے گی۔