Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: موہنے میں ہزاروں گیس صارفین کو پریشانی کا سامنا

Updated: April 12, 2026, 11:39 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

صارفین کو اطلاع دئیے بغیر کنکشن دوسری ایجنسی میں منتقل، سلنڈردوبارہ بُککرانے پر مجبور۔

Gas consumers questioning the agency`s official. Photo: INN
گیس صارفین ایجنسی کے ذمہ دارسے باز پرس کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

گیس کی بڑھتی ہوئی قلت کے درمیان شہر کے نواحی علاقے موہنے میں ایچ پی گیس ایجنسی کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ سامنے آیا ہےجس نے ہزاروں صارفین کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ ایجنسی کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر صارفین کو اعتماد میں لئے بغیر ان کے ڈیٹا اور کنکشن کو دوسری ایجنسی میں منتقل کر دیا جس کے نتیجے میں صارفین  سلنڈر کے حصول کیلئے در در بھٹک رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی: مخدوش عمارتوں کو اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا نوٹس

تفصیلات کے مطابق موہنے، بنیلی اور امبیولی کے ہزاروں صارفین جو طویل عرصے سے نیو ریلیکس ایجنسی سے منسلک تھے انہیں اچانک دی ناراکار کوآپریٹو کنزیومر سوسائٹی نام کی ایجنسی میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے حوالے سے صارفین کو کوئی پیشگی نوٹس یا اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے سلنڈر کی بکنگ کروا کر انتظار کر رہے تھے لیکن اب انہیں بتایا جا رہا ہے کہ ایجنسی کی تبدیلی کے باعث انہیں نئے سرے سے بکنگ کرانی ہوگی۔ اس عمل نے نہ صرف صارفین کا وقت ضائع کیا بلکہ ان کے لئے ذہنی اذیت کا باعث بھی بنا ہے۔

مقامی لوگوں نے ایجنسی کے عملے پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ ایک متاثرہ معمر خاتون نے انکشاف کیا کہ ایجنسی کے ڈیلیوری بوائے نے سلنڈر فراہم کرنے کے عوض ۳؍ ہزار روپے کی خطیر رقم کا مطالبہ کیا ہے۔صارفین کا دعویٰ ہے کہ ایجنسی کی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرکے سلنڈر کو بلیک میں فروخت کی ترغیب دی جا رہی ہے۔جب صارفین نے اس دھاندلی کے خلاف ایجنسی کے دفتر میں احتجاج کیا تو عملے نے معذرت کرنے کے بجائے ان کے ساتھ انتہائی نازیبا رخ اختیار کیا۔ اس تلخ کلامی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے جس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل دیکھا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بامبے ہائی کورٹ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر برہم

کشیدگی کو دیکھتے ہوئے شیوسینا کے مقامی کارپوریٹر روہن کوٹ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایجنسی کے ملازمین اور انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پوچھا کہ صارفین کے حقوق کے ساتھ یہ کھلواڑ کس کی ایما پر کیا جا رہا ہے؟ روہن کوٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامیہ کو دو ٹوک وارننگ دی کہ اگر فوری طور پر گیس کی فراہمی بحال نہ کی گئی اور صارفین کی مشکلات کا ازالہ نہ ہوا تو وہ شیوسینا اسٹائل میں احتجاج کریں گے۔عیاں رہے کہ اسی طرح کلیان ولی پیر روڈ پر واقع بھارت گیس ایجنسی کو بھی الہاس نگر منتقل کرنے سے ہزاروں صارفین دقتوں کا سامنا کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK