Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈومبیولی: مخدوش عمارتوں کو اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا نوٹس

Updated: April 12, 2026, 11:36 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

کے ڈی ایم سی نے ’ایف‘ وارڈ کی مخدوش اور انتہائی مخدوش۶۴؍عمارتوں کے اسٹرکچرل سرٹیفکیٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

A building in Dombivli that has been given a notice to conduct a structural audit. Photo: INN
ڈومبیولی کی ایک عمارت جس کو اسٹرکچرل آڈٹ کرنے کا نوٹس دیا گیاہے۔ تصویر: آئی این این

مانسون کی باقاعدہ آمد سے قبل ہی خستہ حال اور مخدوش عمارتوں کے گرنے کے واقعات نے میونسپل انتظامیہ کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے زیر انتظام آنے والے ’ایف‘ وارڈ میں گزشتہ چند ماہ کے دوران پیش آنے والے حادثات کے بعد میونسپل انتظامیہ نے سخت کارروائی کا اشارہ دیتے ہوئے ۶۴؍ عمارتوں کو  دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے اسٹرکچرل آڈٹ کروانےاوراسٹرکچرل اسٹیبلٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بامبے ہائی کورٹ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر برہم

مانسون کی آمد کے پیش نظر کے ڈی ایم سی ہر سال خطرناک عمارتوں کی فہرست جاری کرتی ہے۔ لیکن ٹھوس کارروائی کے فقدان میں یہ فہرست محض کاغذوں تک محدود رہتی ہےجس کے نتیجہ میں عمارتوں کے حصے گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ دوسری طرف مکینوں کا رویہ بھی کارروائی میں رکاوٹ بنتا ہے۔ بازآبادکاری ہونے تک گھر خالی نہ کرنا اور مالک مکان اور کرایہ دار کے تنازعات کی وجہ سے بھی دشواریاں پیش آتی ہیں۔

حالیہ صورتحال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے مخدوش اور انتہائی مخدوش ۶۴؍ عمارتوں کے مالکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈٹ کروا کر اسٹیبلٹی سرٹیفکیٹ جمع کرائیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی: کارپوریٹروں کو فنڈ دینے میں امتیاز

اسسٹنٹ کمشنر پرساد ٹھاکر کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ۵؍ عمارتوں کو نوٹس دیئے جا رہے ہیں اور یہ مہم گزشتہ ۲؍ ہفتوں سے پوری شد و مد کے ساتھ جاری ہے۔ دوسری جانب حیرت انگیز اور تشویشناک بات یہ ہے کہ حال ہی میں جن عمارتوںمیں حادثات پیش آئے وہ میونسپل کارپوریشن کی خطرناک عمارتوں کی فہرست میں شامل ہی نہیں ہیں۔۲۲؍ دسمبر کو مدن ٹھاکرے چوک میں واقع ۴۰؍ سالہ قدیم لکشمی ساگر سوسائٹی کی چھت کا ایک حصہ گر گیا تھا۔گوپال نگر گلی نمبر۲ ؍ میں واقع آدھار نام کی عمارت کی پہلی منزل کے ایک فلیٹ کا فرش اچانک دھنس گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا تھا۔ان واقعات نے انتظامیہ کے سروے پر سوالیہ نشان کھڑے کر دئیے ہیں جس کے بعد اب آڈٹ کے عمل کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK