Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۵؍سالہ لڑکی کی معافی پر کنگنا رناوت کا ردِعمل، کہا ’اپنی بیٹیوں کا تحفظ کریں‘

Updated: August 01, 2026, 6:02 PM IST | New Delhi

کنگنا رناوت نے ’’گٹر جنریشن‘‘ والے متنازع بیان کے چند روز بعد۱۵؍ سالہ لڑکی کی حمایت کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے والدین سے اپنی بیٹیوں کے تحفظ اور معاشرتی خود احتسابی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Rachika Sharma`s apology which Kangana posted on her Instagram story, the second picture is of Kangana Ranaut. Photo: INN
رچیکا شرما کا معافی نامہ جسے کنگنا نے اپنی انسٹاپر اسٹوری لگایا، دوسری تصویرکنگنا رناوت کی ہے۔ تصویر: آئی این این

سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک تلخ بحث کے دوران نئی نسل کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دے کر تنازع کھڑا کرنے کے چند دن بعد اداکارہ اور بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے مختلف مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک ایسی۱۵؍ سالہ لڑکی کی حمایت کی ہے جس کے خلاف وزیرِ اعظم نریندر مودی کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم، بعد میں اس نے معذرت بھی کر لی۔ اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کنگنا نے انسٹاگرام پر لڑکی کی حمایت کی اور لوگوں سے اپنی بیٹیوں کے تحفظ اور خود احتسابی کی اپیل کی۔

کنگنا رناوت کی انسا اسٹوری کا عکس۔ تصویر: انسٹاگرام

کنگنا رناوت کی ۱۵؍سالہ لڑکی کی حمایت
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری پر ہاتھ جوڑ کر معذرت کرتی ایک لڑکی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’یہ بمشکل۱۵؍ سال کی ہے۔ یہ خود کہہ رہی ہے کہ اس نے اپنی پوری زندگی میں کبھی مودی جی کے خلاف کچھ پوسٹ نہیں کیا، لیکن اس دن اس کے دوست اسے وہاں لے گئے اور لوگوں نے اسے گالیاں دینے پر اکسایا۔ آئیے اپنے بچوں کو انتہا پسند فیمینازم اور شیطانی بائیں بازو کی سوچ سے بچائیں، ہمیں اپنے بچوں کا تحفظ کرنا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا:’’خود غور کریں، ایک بھی اسکارف یا برقع پہننے والی خاتون نے ایسا بھونڈا مظاہرہ نہیں کیا۔ بطور ایک برادری ہم کہیں نہ کہیں ناکام ہو رہے ہیں۔ ہمیں خود احتسابی کرنی ہوگی اور اپنی بیٹیوں کی حفاظت کرنی ہوگی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مَیں گمراہ نوجوانوں کو معاف کرتا ہوں: نریندر مودی کا طلبہ مظاہرین سے متعلق پیغام

کنگنا کی انسٹاگرام اسٹوری میں نظر آنے والی لڑکی کون ہے؟
یہ لڑکی رچیکا شرما بتائی جا رہی ہے، جس کے خلاف نئی دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ واقعہ بڑھنے کے بعد مختلف رپورٹس کے مطابق رچیکا کی والدہ نے اس سیلون کے مالک کو، جہاں وہ کام کرتی تھیں، بتایا کہ پولیس حکام کو معذرت نامہ پہلے ہی جمع کرا دیا گیا ہے۔ متعدد میڈیا رپورٹس اور ایف آئی آر کے ریکارڈ کے مطابق رچیکا کم عمر نہیں بلکہ۲۵؍ سال کی ہیں۔ تاہم، معذرتی ویڈیو میں وہ کہتی ہیں :’’میں احتجاج کے دوران کچھ لوگوں کے بہکاوے میں آ گئی اور وزیرِ اعظم کے بارے میں بہت غلط باتیں کہیں۔ میری عمر صرف۱۵؍ سال ہے۔ جو کچھ میں نے کیا وہ ناقابلِ معافی ہے۔ میں نے بہت بری باتیں کہیں۔ میں پورے ملک سے معافی مانگتی ہوں۔ مجھے اپنے آپ پر بہت شرمندگی ہے، میں خود اپنی طرف دیکھ بھی نہیں سکتی۔ براہِ کرم مجھے معاف کر دیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: یو پی میں بی جے پی کو ۵۲؍ تا ۶۷؍ سیٹوں کے نقصان کا اندیشہ

کنگنا رناوت کے بارے میں 
کنگنا رناوت لوک سبھا میں ہماچل پردیش کے منڈی حلقے سے رکنِ پارلیمنٹ ہیں اور ہندی فلموں کی معروف اداکارہ بھی ہیں۔ سیاسی مصروفیات کے باوجود وہ حال ہی میں سیاسی ڈرامہ فلم ’’ایمرجنسی‘‘ اور نئی ریلیز ہونے والی فلم ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ میں نظر آئیں۔ چند روز قبل کنگنا نے جنریشن زیڈ کے مظاہرین کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دے کر شدید بحث چھیڑ دی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے نوجوانوں کی کوششوں کو سراہا اور معاشرے میں ان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK