Inquilab Logo Happiest Places to Work

کپل سبل نے بنگال کے نتائج پر بی جے پی کو نشانہ بنایا

Updated: May 07, 2026, 2:02 PM IST | Farzan Qureshi | New Delhi

وزیر اعظم کو مخاطب کرتےہوئے کہاکہ وزیر اعظم جی! بنگال میں جو ہوا وہ بدلاؤ کی نہیں بلکہ بدلے کی سیاست تھی۔

Kapil Sibal.Photo:INN
کپل سبل۔ تصویر:آئی این این
 سینئر سیاسی لیڈر کپل سبل نے بنگال الیکشن کے نتائج پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور کہاکہ بی جے پی بدلاؤ کی نہیں بلکہ بدلے کی سیاست کرتی ہے۔ انہوںنے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ الیکشن تو ہوتے رہتے ہیں، ہار جیت ہوتی رہتی ہے مگر جمہوریت کی شکست نہیں ہونی چاہئے۔ کوئی کیسے جیتا، کیا ساز ش کی ؟یہ اپنے آپ میں سوال اٹھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہم بدلے کی نہیں بلکہ بدلاؤ کی پالیسی اپناتے ہیں۔ میں وزیر اعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ۲۰۱۴ءکے بعد کیا آپ نے بدلاؤ کی پالیسی اپنائی یا بدلے کی بلکہ آپ نے بدلے کی بنیاد پر حکومتوںکا بدلاؤ کیا۔ جہاں اپوزیشن کی اکثریت کی حکومتیں تھیں آپ نے توڑ کر اپنی حکومت بنائی۔ یہ بدلاؤ کی پالیسی تھی یا بدلے کی۔ جس طرح سے وزرائے اعلیٰ کے خلاف ای ڈی کا استعمال کیا۔ یہ اقتدار کے بدلاؤ کی سیاست ضرور تھی مگر اس سے ملک کے بدلاؤ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کی حکومت کسی بھی ریاست میں نہ رہے۔ یہ بدلاؤ چاہتے ہیں آپ۔ یہ بدلاؤ نہیں بدلہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کے بعد بنگال میں ٹی ایم سی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی، مارپیٹ کی اور قتل بھی ہوئے۔ ہم چاہتے ہیںکہ ایسے ایشو پر بات کرو جو فرقہ پرستی سے جڑے نہ ہوں۔ بے روزگاری کیسے ختم ہو؟ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے۔ ہر وقت آپ کا ہدف ہوتا ہے کہ کس طرح اپوزیشن کے خلاف کارروائی کی جائے؟ آپ نے کس کو چھوڑا؟کسی وزیر اعلیٰ کو نہیں چھوڑا۔ آپ کا کام ہی یہی ہے۔ 
 
 
اس دوران کپل سبل نے آئیس ( آئی سی ای ) کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ اس کا مطلب انکم ٹیکس، سی بی آئی اور ای ڈی ہے،اسی پر سیاست ہے آپ کی۔ بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر کا نام لئے بغیر انہوںنے کہاکہ آپ نان ویج کھانے پر پابندی کی بات کرتے ہیں جبکہ آپ کے ہی لوگ الیکشن کے دوران مچھلی کھاتے ہیں۔ حالانکہ یہ اچھی بات ہے۔ 
 
 
الیکشن کمیشن پر طنز کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بنگال میں حکومت ایک طرف تھی، الیکشن کمیشن ایک طرف اور اپوزیشن الگ، تاہم ایس آئی آر کا چمتکار دیکھئے ۔ انہوںنے کہاکہ تعجب کی بات ہے کہ جہاں بھی ووٹ حذف کئے گئے وہاں بی جے پی کے امیدوار بڑی تعدا د میں جیتے جبکہ ٹی ایم سی کے امیدوار وں کی ہار ہوئی۔ اب اس میں دال میں کچھ تو کالا ہے۔ اس کے علاوہ گنتی مراکز میں بھی مارپیٹ کی باتیں سامنے آئیں، کپل سبل نے کہا کہ آپ ملک کو مذہب کی بنیا د پر تقسیم کررہے ہیں جبکہ سیکولر ملک میں مذہب کی بنیاد کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، پہلے ہم سب ہندوستانی ہیں، آپ ہندو ووٹ متحد کرنے کی اپیل کرتے ہیں، آپ نے سارے ملک میں بٹوارہ کردیا کیا اسی کو بدلاؤ کہتے ہو۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK