Inquilab Logo Happiest Places to Work

کولکاتا: سی جے پی کو متعدد مقامات پر اجلاس کرنے کی اجازت نہیں ملی، بی جے پی پر دباؤ ڈالنے کا الزام

Updated: August 19, 2026, 8:03 PM IST | Kolkata

رانکا کی قیادت میں سی جے پی کی ٹیم بانکوڑہ میں سی جے پی رضاکار شیخ عبدالحفیظ کے خاندان کی حمایت کیلئے بنگال میں موجود ہے، جن کے والد بی جے پی حامیوں کے حملے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ گروپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ملزمان کی گرفتاری سمیت ان کے مطالبات ۱۰ دنوں کے اندر پورے نہ کئے گئے تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔

Ashutosh Ranka. Photo: X
آشوتوش رانکا۔ تصویر: ایکس

کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے لیڈر آشوتوش رانکا نے منگل کے روز الزام لگایا کہ بی جے پی لیڈران کی جانب سے دباؤ کے نتیجے میں انہیں کولکاتا کے متعدد مقامات پر اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔ ان مقامات میں بو بازار کا ۱۵۰ سال پرانا بھارت سبھا ہال اور پریس کلب کولکاتا شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کو مقامی بی جے پی لیڈران کی جانب سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق، کولکاتا میں سی جے پی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔ 

رانکا نے بتایا کہ بھارت سبھا نے پیر کی رات سی جے پی کے ایک اندرونی اجلاس کیلئے زبانی طور پر بکنگ کی تصدیق کی تھی اور ٹیم سے اگلی صبح ادائیگی کرنے کیلئے کہا تھا۔ تاہم، منگل کو جب ٹیم وہاں پہنچی تو انہیں بتایا گیا کہ ”مقامی بی جے پی لیڈران کی طرف سے دھمکی آمیز کالز“ کی وجہ سے بکنگ آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔ رانکا نے دعویٰ کیا کہ اسی وجہ سے ۶ دیگر مقامات نے بھی اسی طرح پارٹی کو انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے: کاکروچ پارٹی کی ’اسکول ٹھیک کرو‘ مہم کا اثر، ضلع پریشد اسکول کا ہیڈماسٹر معطل

پریس کلب کولکاتا میں، سی جے پی کو بتایا گیا کہ اندر بجلی کی فراہمی بند ہے، جس کی وجہ سے اس کی طے شدہ پریس کانفرنس کلب کی طرف جانے والے راستے (ڈرائیو وے) پر منعقد کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جہاں صحافیوں کا سامان اندر سے لائی گئی ایک میز پر رکھا گیا۔ آئی آئی ٹی کانپور اور لندن اسکول آف اکنامکس کے فارغ التحصیل رانکا نے کہا کہ ”پہلے پانی بھر گیا، پھر بجلی چلی گئی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسی چیزیں بار بار ہوتی رہیں گی۔“

دوسری طرف، انڈین ایسوسی ایشن کے ایک ملازم نے کسی بھی سیاسی دباؤ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے گروپ نے اپنی بکنگ میں توسیع کر دی تھی جس کی وجہ سے سی جے پی کی بکنگ منسوخ کرنی پڑی۔ لال بازار کے ایک سینئر افسر نے بھی اس موقف کی تائید کی۔ پریس کلب کولکاتا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس خلل کی وجہ شدید بارش کو قرار دیا جس سے احاطے میں پانی بھر گیا اور بجلی منقطع ہوگئی۔ کلب نے بتایا کہ شام ۵ بجے تک مرمت کا کام جاری رہا۔ بی جے پی بنگال کے ترجمان دیبجیت سرکار نے پارٹی لیڈران کی طرف سے کسی قسم کے دباؤ کے علم سے انکار کیا اور مشورہ دیا کہ اگر سی جے پی کو کوئی شکایت ہے تو وہ انتظامی یا قانونی راستہ اختیار کرے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے سبب منوج جرنگے کو جوش آیا ہے‘‘

واضح رہے کہ رانکا کی قیادت میں سی جے پی کی ٹیم بانکوڑہ میں سی جے پی رضاکار شیخ عبدالحفیظ کے خاندان کی حمایت کیلئے بنگال میں موجود ہے، جن کے والد بی جے پی حامیوں کے حملے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ گروپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ملزمان کی گرفتاری سمیت ان کے مطالبات ۱۰ دنوں کے اندر پورے نہ کئے گئے تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK