Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرلا : قوی ہیکلکرین قریب کے مکانات پرگرگئی، ۱۲؍افراد زخمی

Updated: August 22, 2026, 10:54 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔ برماشیل لائن پرٹرین کا اوور ہیڈ وائر بھی ٹوٹ گیا۔ ایم ایم آر ڈی اے کی ۱۷؍منزلہ عمارت منہدم کرنے کیلئے کرین کے ذریعے پوکلین کو لے جایا جارہا تھا۔

A part of the crane is seen fallen onto houses in a nearby slum. The railway line is also visible close by. Picture:  Inquilab, Syed Sameer Abidi
کرین کا حصہ قریب کی جھوپڑپٹی کے مکانات پر گرا نظر آرہا ہے۔ قریب ہی ریلوے لائن بھی نظر آرہی ہے۔ تصویر: انقلاب ، سیّدسمیرعابدی

کرلامشرق کے علاقے  قریشی نگرکی چربی گلی کے قریب واقع زیر تعمیرایم ایم آر ڈی اے کی ۱۷؍ منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کیلئے کرین سے پوکلین کو اٹھاکر اوپر لے جایاجارہا تھا، اسی دوران اچانک کرین کا توازن بگڑ گیا اور وہ پلٹ گئی۔ یہ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً پونے ۳؍ بجے ہوا جب مکین گہری نیند میں  تھے۔ اس حادثے میں ۳؍ماہ کے لڑکے سمیت ۱۲؍ افراد زخمی ہو گئے  ۔ کرین کا حصہ جھوپڑپٹی کے قریب سے گزرنے والی ریلوے لائن کے اوور ہیڈ وائر کو توڑتے ہوئے گھروں پر گرا   جس کے بعد افرا تفری مچ گئی تھی۔حادثہ کےبعد مقامی لوگوں نے پولیس کی مدد سے زخمیو ںکو اسپتال پہنچایا۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے کی جانب سے اوور ہیڈ وائر کی سپلائی منقطع کردی گئی اوراس کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا۔ اس حادثہ  کے ۸؍ زخمیوں کو سائن اسپتال جبکہ ۴؍ کو کرلا  کے بھابھا اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:لگاتار حادثات کے بعد۵۲۰۰؍ بیسٹ ڈرائیوروں کی ٹریننگ

جمعہ کو جب نمائندۂ انقلاب جائے حادثہ پر پہنچا تو وہاں افراتفری کا ماحول تھا۔ معمولی طور پر زخمی ہونے والے افراد اسپتال سے اپنا علاج کروا کر حادثہ میں تباہ ہونے والے اپنے گھر کے باہر بیٹھے تھے۔ اس حادثہ میں پوکلین   مہاڈا کی  جس زیرتعمیر بلڈنگ   میں کھڑی تھی  اورجس کار پر گری تھی،  وہ اب بھی ویسے ہی کار کے اوپر گری نظر آئی جبکہ وزنی پوکلین کے اونچائی سے گرنے کے سبب اس کے پرخچے اڑ گئے تھے۔مقامی لوگ اسے دیکھ کرحادثہ کی شدت کا اندازہ لگا رہے تھے۔ اس حادثہ میں جھوپڑ پٹی کے درمیان سے گزرنے والی برما شیل سنگل ریلوے لائن (جہاں سے مال بردار ٹرینیں ہی گزرتی ہیں) کے اطراف چند مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

’’سیڑھی کے سبب میری بیوی اور بچوں کو کم چوٹ آئی‘‘

برما شیل لائن پر واقع اندرا نگر میں کرین گرنے سے جو افراد زخمی ہوئے ہیں، ان میں یاسین نامی شخص کے گھر میں کرایہ پر رہنے والے راجو گورعرف شنکر(۳۵) نے بتایاکہ ’’مَیں ایک منزلہ مکان کے مچان پر سو رہا تھا جبکہ میری بیوی اور ۳؍ بچے نیچے کے مکان میں سو رہے تھے۔  رات میں اچانک تیز آواز کے ساتھ مکان کا حصہ میرے اوپر گر گیا ۔ کرین کا مین حصہ ہمارے مکان پر گرا تھا۔مَیںنے کسی طرح اس سے نکل کرنیچے کے مکان میں سو رہی میری بیوی آرتی(۳۰)، بیٹا سورج(۱۰)،بیٹی پری(۳) اور بیٹا آیوش(۸)کو مکان سے نکالا۔ چونکہ ان کے قریب سیڑھی کا حصہ تھا اس لئے ان پر مکان سے زیادہ حصہ نہیں گر سکا اور انہیں زیادہ چوٹ نہیں آئی ،البتہ بچوں کو پیر میں چوٹ آئی ہے جبکہ میری بیوی اور مجھے سر پر اور جسم میں مختلف جگہوں پر زخم آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر: ایف ڈی اے نے پریزیڈنسی ریڈیوکلب اور میکڈونلڈ کے لائسنس منسوخ کئے

راجوالیکٹریشن ہیں۔ انہوںنے اپنے گھر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ’’مقامی کارپوریٹر صبح آئے تھے اور انہوںنے مکان بنوا کر دینے اور مفت علاج کروانے کا یقین دلایا ہے۔  راجو کے بچے مقامی میونسپل اسکول میں زیر تعلیم ہیںلیکن اس حادثہ کے سبب وہ جمعہ کو اسکول نہیں جاسکے۔

ایک طرف گھر ٹوٹا تھا دوسری جانب وائر لٹک رہا تھا

اس حادثہ میں راجو کے پڑوسی فرحان خان کے مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مکان کے باہر پٹری پر اپنی بیو ی مصباح اور بیٹی سارہ خان( ۲ سال)کے ساتھ بیٹھے ہوئے فرحان نے بتایا کہ ’’گزشتہ رات تقریباً ۲؍بجکر ۲۰؍ منٹ پر ایک مال بردار گاڑی گزرنے کے ۱۵؍منٹ بعد ہی کرین اوور ہیڈ وائر کو توڑتے ہوئے  ہمارے مکان پر گرا  ۔اس وقت ۳؍ سلنڈر جتنے دھماکے کی آواز آئی تھی۔گھر سے باہر نکل کر دیکھا تو اوورہیڈ وائر سے چنگاری نکل رہی تھی ۔ گویا ایک طرف کرین اوردوسری طرف ہائی ٹینشن بجلی کا وائر لٹک رہا تھا۔لیکن اللہ نے ہمیں بچالیا اور ہمیں معمول چوٹ آئی۔کچھ دیر بعد اس بجلی بند ہو گئی۔کلیان میں جوتے کی دکان میں کام کرنے والے فرحان نے مزید کہا کہ ’’اگر ٹرین گزرنے کےدورا ن کرین گرتا تو مزید بھیانک حادثہ ہو سکتا تھا۔‘‘

متاثرین پر امید ہیں کہ ان کے نقصان کی بھرپائی کی جائے گی ۔علاقے میں سرگرم غیر سرکاری تنظیم آدرش فاؤنڈیشن کی رکن شیز خان نے بتایاکہ ’’ متاثرین کی مدد کرنے کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : ایک ہی گھر کی دو بیٹیوں نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی

ایم ایم آر ڈی اے کی وضاحت

حادثہ کے تعلق سے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ   اتھاریٹی(ایم ایم آر ڈی اے ) کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کر کے کہا گیا ہےکہ ’’کرلا میں بھنڈاری میٹلورگی کی بلڈنگ نمبر ایک  (۱۸؍ منزلہ) کو منہدم کرنے کیلئے کرین سے پوکلین بلڈنگ پر لے جانے کے دوران کرین پلٹ گئی اور یہ حادثہ ہو ا۔ حادثے میں پاس کی بستی کے متعدد مکین معمولی ز خمی ہوئے ہیں اور ایم ایم آر ڈی اے کی جانب سے ان کا علاج کیا جارہا ہے۔اتھاریٹی کی جانب سے ضروری مشینری اور ملازمین کو بھیج کر راحتی کام کیاجارہا ہے۔ اس اعلامیہ میں کسی طرح کی   مدد کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

حادثہ کی ممکنہ وجہ 

اس اندوہناک حادثہ کے تعلق سے مقامی افراد نے نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ کرین کو نالے کے چیمبر پر کھڑا کیاگیا تھا جس کے سبب وہ نالے میں دھنس گئی۔اسی وجہ سے اس کا توازن بگڑ گیا تھا اور پوکلین سمیت کرین پلٹ گئی۔ کرین کا پیچھے کا ٹائر نالے میں دھنس گیا تھا۔جمعہ کی دوپہر تک سنگل لائن پٹری کے اوور ہیڈوائر کو جوڑ دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK