• Wed, 16 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاتور: مشہور تعلیمی ادارے کے بانی سنجیو سونونے نے گولی مار کرخودکشی کرلی

Updated: September 16, 2026, 1:29 PM IST | ZA Khan | Latur

تعلیمی میدان میں اپنے منفرد مقام اور ’لاتور پیٹرن‘ کیلئے ریاست بھر میں معروف شہر لاتور سے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

Sanjeev Chandra Bhanu Sonone. Photo: INN.
سنجیوچندربھانو سونونے۔ تصویر: آئی این این

تعلیمی میدان میں اپنے منفرد مقام اور ’لاتور پیٹرن‘کیلئے ریاست بھر میں معروف شہر لاتور سے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ شہر کے مشہورتعلیمی ادارے کےبانی سنجیو چندربھانو سونونے (۶۲) نے اپنے گھر میں سر پر گولی مار کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ منگل کی صبح واقعہ سامنے آنے کے بعد لاتور کے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ان کے قریبی دوستوں کے مطابق نجی کوچنگ کلاسیز کے بڑھتے  رجحان کے باعث کالجوں کی جانب طلبہ کا رجحان کم ہونے لگا تھا  جس سے پیدا ہونے والی مایوسی اور ذہنی دباؤ اس انتہائی قدم کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:یو سی سی پر مودی حکومت کو بڑا جھٹکا، تین اہم اتحادیوں کا رُخ الگ

سنجیو سونونے لاتور شہر کے پدما نگر علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مقیم تھے۔ ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی  ہے۔ دونوں اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئر ہیں اور بیرونِ ملک ملازمت کرتے ہیں۔ ان کی اہلیہ بھی حال ہی میں بیٹی سے ملاقات  کیلئے بیرونِ ملک گئی تھی جس کے باعث واقعے کے وقت سنجیو سونونے گھر میں اکیلے تھے۔اسی دوران انہوں نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی۔  پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور پنچ نامہ سمیت دیگر قانونی کارروائی شروع کی۔بتایا گیا ہے کہ سنجیو سونونے نے خودکشی سے قبل ایک تحریر لکھ کر چھوڑی تھی۔ پولیس نے یہ تحریر قبضے میں لے لی ہے۔ تحریر میں مبینہ طور پر انہوں نے لکھا ہے کہ ان کی خودکشی کیلئے کسی کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات نہ کرے۔ تاہم پولیس اس معاملے کی تمام پہلوؤں سے باقاعدہ تفتیش کر رہی ہے۔

ایک کامیاب تعلیمی ادارہ ساز نے آخر ایسا انتہائی قدم کیوں اٹھایا؟ یہ سوال اس وقت ہر کسی کے ذہن میں ہے۔ تاہم ان کے دوستوں نے اس کے پس پردہ تعلیمی شعبے کی موجودہ صورتِ حال کو ایک اہم وجہ کے طور پر پیش کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK