• Sat, 13 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کولکاتا: میسی کو نہ دیکھ پانے پرمداح برہم، منتظم گرفتار، وزیراعلیٰ کا اظہارافسوس

Updated: December 13, 2025, 7:03 PM IST | Kolkata

کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں لیونل میسی کی آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گئی، جب شائقین کو ان کی واضح جھلک نہ مل سکی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ایونٹ کے آرگنائزر کو گرفتار کر لیا جبکہ حکومت نے تحقیقات اور ٹکٹوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے۔

Fans were furious after not getting a glimpse of Lionel Messi. Photo: INN
لیونل میسی کی جھلک نہ پانے پرشائقین کا غصہ پھوٹ پڑا۔ تصویر: آئی این این

کولکاتا پولیس نے سنیچرکوسالٹ لیک اسٹیڈیم میں ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب کے آرگنائزرکو گرفتار کر لیا ہے، جہاں میسی کے چند منٹ رکنے اور زیادہ تر شائقین کے سامنے نظر نہ آنے پر ہجوم پرتشدد ہوگئے تھے۔ مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار نے ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا، ’’شائقین میں اس بات پر کسی حد تک غصہ یا بے چینی تھی کہ وہ کھیل نہیں رہے۔ منصوبہ یہ تھا کہ وہ یہاں آئیں گے، ہاتھ ہلائیں گے، کچھ لوگوں سے ملیں گے اور واپس چلے جائیں گے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اب حکومت نے پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ ‘‘

سالٹ لیک کے یوبھا بھارتی کریرنگن (اسٹیڈیم) میں اس وقت حالات بگڑ گئے جب شائقین کو میسی کی مناسب جھلک دیکھنے کو نہ ملی، جس کے بعد متعدد افراد نے غصے میں بوتلیں اور کرسیاں اچھالیں۔ ریاستی پولیس سربراہ نے کہا کہ منتظمین نے تحریری طور پر ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اب صورتحال قابو میں ہے۔ ‘‘شائقین کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں چار ہزار روپے سے لے کر پچیس ہزار روپے تک تھیں۔ 
منتظم کی گرفتاری کی تصدیق ایڈیشنل ڈی جی پی (قانون و نظم) جاوید شمیم نےاے این آئی کو کی۔ انہوں نے کہا، ’’ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور چیف آرگنائزر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ‘‘مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار شخص کا نام ستدرو دتہ بتایا جا رہا ہے، تاہم، اس نام کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: گروگرام کے جعفرالدین خان: ۳؍ سال سے بے گھر کمزور طبقات کا سہارا

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، جو چند ہی منٹوں میں بدانتظامی کے باعث پیدا ہونے والے انتشار کی وجہ سے اس تقریب میں شریک نہ ہو سکیں، نے کہا کہ وہ اس واقعے پر صدمے میں ہیں۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’میں لیونل میسی کے ساتھ تمام کھیلوں کے شائقین اور ان کے مداحوں سے اس افسوسناک واقعے پر دلی معذرت کرتی ہوں۔ ‘‘انہوں نے مزید لکھا، ’’سالٹ لیک اسٹیڈیم میں آج جس بدانتظامی کا مشاہدہ کیا گیا، اس پر میں شدید پریشان اور صدمے میں ہوں۔ میں ہزاروں کھیلوں کے شائقین اور مداحوں کے ساتھ اسٹیڈیم جانے والی تھی جو اپنے پسندیدہ فٹبالر لیونل میسی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ ‘‘

 

سوشل میڈیا پر شائقین نے بھی اپنی مایوسی کا اظہار کیا، تاہم، ان کا غصہ میسی پر نہیں بلکہ اس تجربے پر تھا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اسے ’’رسائی‘‘، نمائش اور ناقص منصوبہ بندی نے خراب کر دیا۔ خبر رساں ایجنسیوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کلپس میں مشتعل تماشائیوں کو منتظمین پر الزام لگاتے دیکھا گیا کہ انہوں نے پروگرام کو ایک ’’وی آئی پی شو کیس‘‘ بنا دیا۔ ایک مداح کی مختصر شکایت تیزی سے آن لائن وائرل ہو گئی: ’’میسی کے اردگرد صرف لیڈر اور اداکار تھے، اور یہ کہ بارہ ہزار روپے ادا کرنے کے باوجود و ہ ان کا چہرہ بھی نہیں دیکھ سکے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: کانگریس اراکین کومودی سرکار پر دباؤ برقرار رکھنے کا مشورہ

ایک اور مداح نے کہا کہ مجمع کو وہ لمحہ کبھی نہیں ملا جس کا انہیں وعدہ کیا گیا تھا’’نہ کوئی کِک، نہ کوئی پینلٹی۔‘‘ ویڈیوز میں رقم کی واپسی کے مطالبات کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس کی یقین دہانی اعلیٰ پولیس افسران نے منتظمین سے کروانے کا وعدہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ میسی کے تین روزہ، چار شہروں پر مشتمل’گوٹ انڈیا ٹور ۲۰۲۵ء‘ کا پہلا پروگرام تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK