Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدنپورہ: اسپین کی فتح پر فٹ بال شائقین نے جشن منایا۔ ارجنٹائنا کے مداح مایوس

Updated: July 21, 2026, 12:10 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

گھیلابائی اسٹریٹ میں بڑی تعداد میں لوگ پروجیکٹر پرفیفاورلڈکپ کے فائنل میچ سے لطف اندوز ہوئے۔ بارش سے بچنے کیلئے منڈپ بھی لگایا گیا تھا۔

Spain fans celebrate their victory in the World Cup final in Madanpura. Photo INN
ورلڈکپ کے فائنل میچ میں اسپین کی فتح پر مدنپورہ میں اس کے مداح جشن منارہے ہیں۔ تصویر آئی این این

فیفا ورلڈ کپ  کےفائنل میں اسپین اور ارجنٹائنا کے درمیان دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلے سے جہا ں ساری دنیا کے فٹ بال شائقین محظوظ ہوئے وہیں   مدنپورہ اور اطراف کے فٹ بال شائقین  نےبھی خوب لطف اُٹھایا۔اسپین کی فتح پر اس کے مداحوں نے پیرکی صبح تک جشن منایا  جبکہ ارجنٹائنا کےمداح شکست پر مایوس نظر آئے۔

ناگپاڑہ، مدنپورہ ،مومن پورہ اور بائیکلہ وغیرہ کے بچوں، نوجوانوں اور عمررسیدہ افراد میں فٹ بال کانشہ سر چڑھ کر بولتاہے ۔ موبائل فون  کے دور میں بھی یہاںکے بچے اور نوجوان صبح اور شام کے اوقات میں پابندی سے میدان میں فٹ بال کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔ فٹ بال آج بھی یہاں کے بچوں کا محبوب کھیل ہے ۔اسی جنون کی وجہ سے اسپین اور ارجنٹائنا کے درمیان  فائنل مقابلہ دیکھنے کیلئے ان علاقوں میں خاص اہتمام کیا گیا تھا ۔

یہ بھی پڑھئے: دادر: چیتیہ بھومی کے قریب طلبہ اور سیاسی پارٹیوں کا حکومت کیخلاف زبردست احتجاج

فیفا فٹ بال ورلڈکپ کے فائنل مقابلے کے ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہونے کیلئے گھیلابائی اسٹریٹ کی پوری گلی کی صفائی کرکے انجمن خیرالاسلام  اسکول کے قریب ایک بڑے اسکرین والا پروجیکٹر نصب کیا گیاتھا۔ منڈپ بھی لگایا گیا تھا تاکہ بارش ہونے پر شائقین کو پریشانی نہ ہو ۔ اتوارکی نصف شب  میں فائنل میچ  شروع ہوا تھا لیکن  دونوں ٹیموں  کے مداحوں کے جوش کا یہ عالم تھا کہ شام ۸؍ بجے سے ہی وہ یہاں جمع ہونے لگے تھے۔ میچ شروع ہونے سے قبل کم بیش ڈھائی سے ۳۰۰؍لوگ جمع ہوگئے تھے جن میں ۱۰؍ سے ۷۰؍سال کی عمر کے فٹ فال شائقین   تھے ۔

میچ شروع ہونے پر دونوں ٹیموں کے چاہنے والے اسکرین پر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر   جوش میں نعرے لگا رہے تھے  اور ان کی کامیابی کے متمنی تھے ۔جیسی ہی گول ہوا ، وہ  والہانہ انداز میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرنے لگے۔مجمع میں جوش پیدا کرنے کیلئے پوری قوت سے اپنی پسندیدہ ٹیم کی فتح کی خواہش کر رہے تھے۔ پورے میچ کے دوران مداحوں میں تجسس دکھائی دیا۔ اسپین کی فتح پر اس کےحامیوں نے گلی میں   دھوم دھام سے جشن منایا، شور وغل کے درمیان بچے اُچھلتے کودتے دکھائی دیئے ۔ کافی دیر تک بچوں نے رقص کیا ۔ علی الصباح تک خوشی اور جشن کا ماحول رہا ۔

یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے کے چھاپوں سے معلوم ہوا لوگ دودھ کے نام پر زہر پی رہے ہیں

ائیرانڈیا کی فٹ بال ٹیم کےسابق رکن محمد یوسف انصاری نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ مدنپورہ اور اطراف کے علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں میں فٹ بال کا بہت جنون ہے لیکن چھوٹے گھروں میں مختلف   مسائل کی وجہ سے ان کیلئے ہم اہم میچوں کو دیکھنے کا انتظام کرتے ہیں تاکہ فٹ بال لوورزان میچوں کو سہولت سے دیکھ سکیں۔ اسی مقصد کےتحت ہم نے پرو جیکٹر کا انتظام کیا تھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اسپین اور ارجنٹائنا کے درمیان ہونے والا فائنل میچ بہت دلچسپ تھا ۔دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہمارے علاقوں کے بچوں اور نوجوانوں نے فائنل میچ کو خوب انجوائے کیا۔ اسپین کی فتح پر اس کے مداحوںنے آج (پیر) بھی پارٹی وغیرہ کا اہتمام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK