• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجا رام موہن رائے انگریزوں کے ایجنٹ تھے: مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم

Updated: November 16, 2025, 4:01 PM IST | Bhopal

مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم اندر سنگھ پرمار نے ایک بیان میں کہا کہ راجا رام موہن رائے انگریزوں کے ایجنٹ تھے،اپنے بیان کے خلاف تنازع پیدا ہونے کے بعد انہوں نےمعافی مانگی۔

Madhya Pradesh Higher Education Minister Inder Singh Parmar. Photo: X
مدھیہ پردیش کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اندر سنگھ پرمار۔ تصویر: ایکس

مدھیہ پردیش کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اندر سنگھ پرمار نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ سماجی مصلح راجا رام موہن رائے برطانوی استعماری حکمرانوں کے ایجنٹوںمیں شامل تھے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈرنے الزام لگایا کہ رائے انگریزوں  کے کہنے پر انگریزی تعلیم کے ذریعے عوام کے عقیدے کو تبدیل کرنے کوشش کی۔اندر کمار نے یہ بیان ریاست کے ضلع آگر مالوا میں قبائلی لیڈر برسا منڈا کی ۱۵۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا۔پرمار نے مزید کہا کہ انگریزحکمرانوں نے انگریزی تعلیم کے ذریعے ملک کے عوام کے عقیدے کو تبدیل کرنےکے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کئی ہندوستانیوں کو جعلی سماجی مصلح کے طور پرپیش کیا تھا۔انہوں نے کہا، بنگال اور قرب و جوار کے علاقوں میں انگریزی تعلیم کے ذریعے عوام کے عقیدے کو تبدیل کرنے کاشیطانی چکر چل رہا تھا۔ راجا رام موہن رائے انہیں میں سے ایک تھے ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کیرالا: بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے مرتکب بی جے پی لیڈر کو تاحیات عمر قید

پرمار نے قبائلی لیڈر کی تعریف یہ کہہ کر کی کہ برسا منڈانے اس مذہبی تبدیلی کے چکر کو روکنے کیلئے سرگرم کردار ادا کیا۔ اور بقول پرمار منڈا نے قبائلی برادری کو بچا لیا۔‘‘دریں اثناء جب پرمار کے تبصرے پر  تنازع کھڑا ہوا تو پرمار نے اتوار کو ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنے بیان پر معافی مانگی اور کہا کہ ان سے موہن رائے کے بارے میں غلط بیانی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجی مصلح کا احترام کرتے ہیں اور اس ’’غلطی‘‘ پر انہیں افسوس ہے۔ واضح رہے کہ انیسویں صدی کے آخر میں (۱۸۹۰ءکی دہائی میں)، منڈا نے چھوٹا ناگپور علاقے میں برطانوی سلطنت اور اس سے وابستہ لوگوں کے خلاف مسلح جدوجہد کی قیادت کی، جسے’’ الگلان ‘‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کی اہم مطالبہ قبائلی خودمختاری اور زمینی کی جابرانہ پالیسیوں کا خاتمہ تھا۔ اگرچہ انگریزوں نے اس بغاوت کو کچل دیا، لیکن یہ اب بھی قبائلی تاریخ کا ایک قابل فخر حصہ سمجھا جاتا ہے۔ اس جدوجہد نے منڈا کو ملک کی سب سے قابل احترام قبائلی شخصیت میں تبدیل کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے: گجرات : گئو کشی کے الزام میں امریلی سیشن کورٹ نے ۳؍ ملزمین کو عمرقید کی سزا سنائی

جبکہ راجا رام موہن رائے کو۱۹؍ویں صدی میں  سماجی اصلاحات کی تحریک کیلئے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کئی کٹر ہندو رسومات کی مخالفت کی اور ستی کی رسم کے خاتمے کی وکالت کی، اس کے علاوہ انہوں نے بیوہ کی شادی سمیت خواتین کے حقوق کی حمایت میں آواز بلند کی ۔ وہ برہمو سبھا کی بنیاد رکھنے میں بھی شامل تھے، جو بعد میں برہمو سماج میں تبدیل ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK