Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر حکومت نے گھریلو ایئر لائنز کی مدد کے لئے ہاتھ بڑھایا

Updated: May 15, 2026, 6:03 PM IST | Mumbai

مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے دوران گھریلو ایئرلائنز کی مدد کے لیے مہاراشٹر حکومت نے ایئر ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) کو۱۸؍ فیصد سے کم کرکے ۷؍ فیصد کر دیا ہے۔

Air India Plane.Photo:INN
انڈین ایئرلائنس۔ تصویر:آئی این این

مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے دوران گھریلو ایئرلائنز کی مدد کے لیے مہاراشٹر حکومت نے ایئر ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) کو۱۸؍ فیصد سے کم کرکے ۷؍ فیصد کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے گھریلو ایئرلائنز کو سہارا دینے کے لیے ریاستوں سے اے ٹی ایف پر ویٹ کم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس ایکٹ ۲۰۰۲ء کے تحت اے ٹی ایف پر ویٹ کو۱۵؍ مئی ۲۰۲۶ء سے ۱۴؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک کے لیے ۱۸؍ فیصد سے کم کرکے ۷؍ فیصد کر دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلے پر مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے بھی اظہارِ تشکر کیا۔
اس حوالے سے نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر لکھا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے باعث ہندوستانی ہوا بازی کی صنعت کو فضائی حدود کی بندش، غیر یقینی آپریشنز اور اے ٹی ایف کی قیمتوں میں اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے وقت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستانی حکومت نے گھریلو شیڈول پروازوں کے لیے اے ٹی ایف کی قیمتوں پر حد مقرر کرنے، ہوائی اڈوں کی فیس میں کمی، ایمرجنسی کریڈٹ لنکیج اسکیم وغیرہ کے ذریعے ایئرلائنز کو کئی طرح کی راحت فراہم کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فلسطینی گلوکارہ ایلیانا کا نیا گانا فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل


انہوں نے مزید کہا کہ ہوا بازی کی صنعت میں بڑے اخراجات میں سے ایک ریاستی حکومتوں کی جانب سے اے ٹی ایف پر عائد کیا جانے والا ویٹ ہے۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کچھ عرصے سے، خاص طور پر بحرانی حالات میں، اس ویٹ کو کم کرنے کے لیے ریاستی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ میں مہاراشٹر حکومت اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس موقع پر آگے بڑھ کر اے ٹی ایف پر ویٹ کو ۱۸؍ فیصد سے کم کرکے ۷؍ فیصد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جو آج سے نافذ العمل ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مسجد اقصیٰ میں یہودی انتہا پسندوں کا دھاوا، اشتعال انگیز جلوس نکالا گیا


مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں ۱۶؍ ہوائی اڈے فعال ہیں اور ملک میں سب سے زیادہ مسافروں کی آمد و رفت اسی ریاست میں ہوتی ہے، جو تقریباً ۵ء۷؍ کروڑ مسافروں پر مشتمل ہے۔ ویٹ میں یہ کمی ان تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کے آپریشن میں مددگار ثابت ہوگی، بڑی تعداد میں مسافروں کو فائدہ پہنچائے گی اور عالمی چیلنجز کے درمیان ہوائی کرایوں میں مسلسل اضافے کو قابو میں رکھنے میں معاون ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK