معمرافراد اورخواتین مسافروںکے راحت بخش خبر۔ انہیں ایس ٹی بس کرایہ میں رعایت کیلئے اس کارڈ میں بیلنس ڈلوانے کیلئے پہلے بس ڈپو جانا پڑتا تھا۔
EPAPER
Updated: September 17, 2026, 11:43 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
معمرافراد اورخواتین مسافروںکے راحت بخش خبر۔ انہیں ایس ٹی بس کرایہ میں رعایت کیلئے اس کارڈ میں بیلنس ڈلوانے کیلئے پہلے بس ڈپو جانا پڑتا تھا۔
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے خواتین اور معمر مسافروں کو بڑی راحت دی گئی ہے۔ اب وہ رعایتی کرایہ کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے جاری کردہ ’این سی ایم سی‘ کارڈ کو ایس ٹی بس کے کنڈکٹر کی مدد سے ریچارج کرواسکتے ہیں۔نیز چاہیں تو بھیم ایپ کی مدد سے گھر بیٹھے بھی ریچار ج کرسکتے ہیں۔ اس نئی سہولت کے باعث اب کارڈ کا بیلنس ختم ہونے کی وجہ سے رعایت سے محروم ہونے یا ریچارج کیلئے ڈپو میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی جھنجھٹ سے بچ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:جرنگے کی طبیعت بگڑی، منصوبہ تبدیل کرنے کا امکان
خیال رہے کہ ایس ٹی کارپوریشن نے یکم ستمبر سے خواتین اور۶۵؍ سے۷۵؍ سال کی عمر کے بزرگ شہریوں کے لئے ایس ٹی بسوں میں سفری رعایت حاصل کرنے کی خاطر’این سی ایم سی‘کارڈ لازمی قرار دیا تھا۔ تاہم، کارڈ میںبیلنس نہ ہونے کی صورت میں مسافروں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ کارڈ ریچارج کرنے کے لئے ڈپو یا متعلقہ مراکز کے چکر لگانے پڑتے تھے، جس کی وجہ سے عین وقت پر رعایتی ٹکٹ کے بجائے مسافروں کو مکمل کرایہ ادا کرنا پڑتا تھا۔ کچھ مقامات پر تو کھلے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو بس سے اتارنے کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔ مسافروں کو ہونے والی اس تمام پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کارپوریشن نے اب ٹاپ اَپ کی سہولت کنڈکٹرز کو ہی فراہم کر دی ہے۔ اس کے بعد مسافر سفر کے دوران ہی بس میں ضرورت کے مطابق رقم کارڈ میں جمع کروا سکیں گے اور انہیں الگ سے ریچارج کے لیے بھاگ دوڑ نہیں کرنا پڑے گی۔
یہ بھی پڑھئے:جرنگے کی حالت دیکھ کر انکے والد روپڑے
ایس ٹی کارپوریشن کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا
عین گنیش اتسو کے دوران ٹاپ اَپ کی یہ سہولت شروع ہونے سے گزشتہ دو ہفتوں سے مسافروں کو درپیش غیر ضروری پریشانی اب ختم ہو جائے گی۔ گنیش اتسو کے دوران ایس ٹی بسوں میں زبردست بھیڑ ہوتی ہے، ایسے میں ریچارج کی دشواریوں کے باعث بڑے پیمانے پر افراتفری پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔ تاہم، اب یہ سہولت دستیاب ہونے سے سفر کے دوران پیش آنے والی رکاوٹیں دور ہوں گی اور اس کے ساتھ ہی ایس ٹی کارپوریشن کی آمدنی میں بھی اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
بھیم ایپ سے بھی ریچارج ممکن
ایس ٹی بس کنڈکٹر کے ذریعے ملنے والی سہولت کے علاوہ مسافر’بھیمBHIM‘ ایپ کے ذریعے بھی اپنے این سی ایم سی کارڈ کو ٹاپ اَپ کر سکیں گے۔ اس کے لیے کارڈ کے پچھلے حصے پر موجود’کیو آر کورڈ‘ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس سہولت کی وجہ سے ڈیجیٹل ادائیگی استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے اب گھر بیٹھے کارڈ میں رقم لوڈ کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔