Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملائیشیا: اسرائیل جانے والے سامان سے بھرے مشتبہ کنٹینر ضبط

Updated: August 09, 2026, 9:02 PM IST | kuala lumpur

ملائیشیا نے اسرائیل کو جانے والے سامان سے بھرے مشتبہ کنٹینر کو ضبط کر لیا، ابتدائی جانچ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ کھیپ کسٹم قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے، جو اسرائیل کو براہ راست یا بالواسطہ سامان کی برآمد پر پابندی عائد کرتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ملائیشیا کے حکام نے جہور کی بندرگاہ تنجونگ پیلیپاس سے ایک مشتبہ کنٹینر ضبط کیا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس میں اسرائیل کو برآمد کیے جانے والا سامان موجود ہے۔ یہ کارروائی جمعہ کو ملائیشین بارڈر کنٹرول اینڈ پروٹیکشن ایجنسی نے خفیہ اطلاع پر کی، جس کے بعد معائنہ کیا گیا۔ ابتدائی جانچ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ کھیپ کسٹم قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے، جو اسرائیل کو براہ راست یا بالواسطہ سامان کی برآمد پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ بعد ازاں ایجنسی نے اس سامان کی نوعیت، تفصیل  اور استعمال کی تحقیق کرنے کاارادہ  کیا تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا یہ’’ اسٹریٹجک ٹریڈ ایکٹ ‘‘ کے تحت آتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں ۳۰۰؍ دنوں میں ۳۰۰؍ بچوں کی موت ہوئی: یونیسیف

بعد ازاں وزیراعظم انور ابراہیم نے اس ضبطی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملائیشیا کے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ اس کی سرزمین اسرائیل کی حمایت میں تجارتی راہداری کا ذریعہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی دسمبر۲۰۲۳ء میں عائد کردہ پابندیوں اور’’ دی ہیگ ‘‘گروپ کے تحت ذمہ داریوں کے مطابق ہے۔ جبکہ دی ہیگ گروپ نے اس ضبطی کو بین الاقوامی قانون کے تحت ریاستوں کی ذمہ داریوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا، جس میں کہا گیا کہ جولائی۲۰۲۴ء کی بین الاقوامی عدالت انصاف کی رائے کے مطابق ریاستیں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی غیر قانونی صورتحال کو برقرار رکھنے میں معاونت نہیں کر سکتیں۔

یہ بھی پڑھئے: کولمبیا: نئی حکومت کا اسرائیل سے معاشی تعلقات کی بحالی پر زور

واضح رہے کہ ملائیشیا، جو دی ہیگ گروپ کا بانی رکن ہے، نے اسرائیل کو ہتھیاروں اور دوہری استعمال کی اشیاء کی منتقلی روکنے کا عہد کیا ہے۔ ذہن نشین رہے کہ  دسمبر۲۰۲۳ء میں ملائیشیا نے اسرائیلی شپنگ کمپنی زم کو اپنی بندرگاہوں پر روکا تھا اور اسرائیلی پرچم والے جہازوں پر پابندی عائد کی تھی۔ جبکہ حالیہ ضبطی ظاہر کرتی ہے کہ حکام صرف اسرائیلی جہازوں تک محدود نہیں، بلکہ اسرائیل جانے والے کسی بھی مشکوک کارگو پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK