Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں: ریاستی حکومت کے آپلے سرکار پورٹل کی سست رفتاری سے عوام پریشان

Updated: May 04, 2026, 1:34 PM IST | Mukhtar Adeel | Nashik / Malegaon

ضلع انتظاامیہ کا کہنا ہے کہ پورٹل کریش ہونے اور بیک اَپ سرور کمزور پڑنے سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، سدھار کا کام جاری ہے۔

File photo of Aple Sarkar Sevakendra, where online application for government documents is done. Photo: INN
آپلے سرکار سیواکیندر کی فائل فوٹو، جہاں سرکاری دستاویز کیلئے درخواست کا آن لائن کام ہوتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ایک طرف ای-گورننس کے نفاذ کے تئیں بڑے ،لمبے اور چوڑے دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری جانب آن لائن پورٹل میں دَر آنے والی تکنیکی خامیوں کو دُور کرنے کیلئے سنجیدگی سے توجہ نہیں دی جاتی۔مہاراشٹر گورنمنٹ کی جانب سے سرکاری دفاتر ومحکموں میں عوام کی سہولت کیلئے ای-گورننس شروع کیا گیا ہے تاہم اس کے ذریعے کام کاج کیلئے درکار لوازمات کی عدم دستیابی سامنے آرہی ہے۔اس سے عوام کو حددرجہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پونے معاملہ: اپوزیشن نے مہایوتی حکومت کو گھیرا، وزیراعلیٰ پر سخت تنقید

عوامی شکایتیں اور تکلیفیں

انوار الحق ، مالیگاؤں کے ساکن ،گزشتہ دیڑھ مہینے سے انکم سرٹیفکیٹ،ڈومیسائل اور ذات کا صداقت نامہ بنوانے کیلئے سرکاری دفاتر ومحکموں کے چکّر کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری بیٹی بارہویں جماعت کا بورڈ کا ایگزام دے رہی تھی اُس وقت سے مَیں اُس کیلئے سرکاری کاغذات بنوانے کی تگ و دَو کررہا ہوں۔بارہویں بورڈ کا رزلٹ آگیا ۔آگے کی پڑھائی کیلئے ایڈمیشن کے وقت انکم سرٹیفکیٹ،ڈومیسائل اور نان کریمی لیئروغیرہ لازمی ہوتے ہیں۔ مزید کہا کہ دستاو بنوانے کیلئے جب بھی جاؤ تو معلوم ہوتا ہے کہ پورٹل چل نہیں رہا ہے۔اندراج کی گئی معلومات کا ڈیٹا غائب ہوجاتا ہے۔

میگھا پاٹل نے ناسک کلکٹرآفس کے عملے سے متعلق کہا کہ آپلے سرکار پورٹل پر تعلیمی ،زرعی،طبّی اور دیگر سرکاری اسکیمات سے متعلق آن لائن عرضیاں بھری جاتی ہیں۔اسی پورٹل پر آدھار درستی اور نئے آدھارکارڈ بنوائے جاتے ہیں۔کسانوں کو قرض کی فراہمی کی دفتری کارروائی بھی یہی آپلے سرکار پورٹل کے ذریعے کی جاتی ہے۔اس پورٹل کی سست رفتاری سے سارے کام کاج ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔آن لائن پروسیس مکمل کئے بغیر کام آگے بڑھتا ہی نہیں۔یہی وجہ ہے کہ آپلے سرکار پورٹل سے مستفیض ہونے کیلئے بیک وقت لاکھوں افراد اندراج کروانے کیلئے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں۔  

یہ بھی پڑھئے: اسمبلی انتخابات: تمل ناڈو میں ٹی وی کے، مغربی بنگال، آسام میں بی جے پی آگے

ڈپٹی کلکٹرکُندن ہیٖرے کا بیان

آپلے سرکار پورٹل کا سَرور ڈاؤن اور پورٹل کی سست رفتاری سے متعلق ڈپٹی کلکٹر کُندن ہیٖرے کی توجہ مبذول کروائی گئی تو انہوں نے کہا کہ بیک اَپ سَرور کمزور پڑجانے سے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔گزشتہ ماہ اپریل میں کئی دنوں تک پورٹل پوری طرح بند تھا۔بمعنی دیگر پورٹل کریش ہوجانے سے تکنیکی مسائل کھڑے ہوگئے تھے۔بیک وقت بھاری تعداد میں استفادہ کنندگان اسی پورٹل سے جُڑتے ہیں اِس وجہ سے بھی تکلیفیں سامنے آرہی ہیں۔ہم نے اسٹیٹ گورنمنٹ کے ٹیکنیکل ڈپارٹمنٹ کو اس بارے میں مفصل معلومات فراہم کی ہے۔پورٹل سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے تیز رفتاری سے کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK