Inquilab Logo

آج مراٹھا سماج کی اہم میٹنگ، الیکشن کے تعلق سے لائحہ عمل تیار ہوگا

Updated: March 24, 2024, 2:47 PM IST | Agency | Jalna

آج مراٹھا سماج کی اہم میٹنگ، الیکشن کے تعلق سے لائحہ عمل تیار ہوگا، سیاسی پارٹیوں کی نگاہیں جرنگے کے فیصلے پر۔

Manoj Jarnge Patil. Photo: INN
منوج جرنگے پاٹل۔ تصویر : آئی این این

مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے کی قیادت میں آج جالنہ میں سکل مراٹھا سماج کی اہم ترین میٹنگ ہے جس میں مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ تمام سیاسی پارٹیوں کی نگاہیں اس میٹنگ پر ہیں کیونکہ اس میں الیکشن کے تعلق سے مراٹھا سماج کے اقدام سے متعلق بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ 
 یاد رہے کہ منوج جرنگے حسب اعلان اتوار کو مراٹھا سماج کی اہم میٹنگ بلانے جا رہے ہیں جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ مراٹھا ریزرویشن کی تحریک کو آگے کیا موڑ دیا جائے اور الیکشن میں  مراٹھا ووٹروں کا کیا رخ ہونا چاہئے۔ جرنگے کا کہنا ہے کہ اب فیصلہ کرنا ہی ہوگا کیونکہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے اور نا انصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہم نے حکومت پر ندامت کاوقت نہیں لایا تو نام بدل دینا۔ منوج جرنگے نے کہا کہ ’’ حکومت بلا وجہ مراٹھا سماج کو اذیت پہنچا رہی ہے۔ پہلے کہا تھا کہ درج کردہ معاملات واپس لئے جائیں گے، اب معاملات درج کئے جا رہے ہیں۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’ اتنے عرصے بعد کیوں معاملے درج کئے جا رہے ہیں ؟ کیا اب تک وزیر داخلہ سوئے ہوئے تھے؟‘‘ جرنگے نے بتایا کہ میٹنگ میں ۱۵؍ یا ۱۶؍ نکات پر گفتگو کی جائے گی۔ ان میں مراٹھا کارکنان پر درج معاملات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سماج پر دبائو ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن یاد رہے کہ جس قدر دبائو بڑھے گا اس قدر لوگوں میں اشتعال بھی بڑھے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:امیت شاہ کے پاس ادین راجے بھوسلے سے ملنے کا وقت نہیں؟

منوج جرنگے کے بیٹے کی طبیعت خراب
یاد رہے کہ منوج جرنگے اس وقت مہاراشٹر کے دورے پر ہیں وہ جگہ جگہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں یا میٹنگوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ لیکن اس دوران سنیچر کو ان کے بیٹے کی طبیعت بگڑ گئی جس کی وجہ سے اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر انہیں اپنے گھر جالنہ واپس جانا پڑا۔ اس کے بعد ان کی ماں کا آپریشن ہے، اس وقت بھی انہیں اپنی ماں کے پاس رہنا ہوگا۔ منوج جرنگے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو سماج کیلئے وقف کر دیا ہے۔ اگر وہ مراٹھا ریزرویشن کے دوران فوت ہو گئے تو اپنے سماج کے، اور اگر گھر لوٹ آئے تو اپنے گھر والوں کے۔ لیکن جب تک وہ مراٹھا ریزرویشن تحریک میں کامیابی حاصل نہیں کر لیتے تب تک اپنے گھر واپس نہیں جائیں گے۔ 
جرنگے دوسروں کی سن کر بولتے ہیں 
 اس دوران نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا ہے کہ منوج جرنگے سے کوئی کچھ کہہ دیتا ہے تو وہ وہی بات کہہ دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں منوج جرنگے نے کہا تھا کہ دیویندر فرنویس انہیں تڑی پار کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران فرنویس نے کہا کہ ’’ کوئی انہیں تڑی پار کیوں کرے گا؟ انہوں نے کوئی ایسا کام کیا ہے جو انہیں تڑی پار کیا کیا جائے؟ ان پر اس طرح کا کوئی معاملہ درج ہے؟ ‘‘ فرنویس نے ایک سوال کے جواب میں کہا ’’ جن لوگوں پر احتجاج اور مظاہرے کے تعلق سے معاملات درج ہیں انہیں واپس لیا جائے گا لیکن جو لوگ آتشزدگی اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان پر درج معاملے واپس نہیں ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK