کمپنی نے ۳۸؍ ماہ میں ۲؍ لاکھ فرونکس برآمد کرکے ایس یو وی زمرے میں یہ ریکارڈ بنایا، کوئی بھی ایس یو وی اتنی زیادہ ایکسپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: August 19, 2026, 12:38 PM IST | Agency | New Delhi
کمپنی نے ۳۸؍ ماہ میں ۲؍ لاکھ فرونکس برآمد کرکے ایس یو وی زمرے میں یہ ریکارڈ بنایا، کوئی بھی ایس یو وی اتنی زیادہ ایکسپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا نے اپنی ایس یو وی فرونکس (Fronx) کی دو لاکھ یونٹس برآمد کرنے کا ہدف ریکارڈ مدت میں حاصل کرلیا ہے۔کمپنی نے منگل کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ فرونکس نے برآمد کے لئے پیش کیے جانے کے بعد ۳۸؍ ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ کسی بھی ہندوستانی ایس یو وی کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔ فرونکس کی برآمد جون ۲۰۲۳ء میں شروع ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: یونی ٹری نے یوسین بولٹ سے تیز دوڑنے والا روبوٹ بنایا ہے
اس ایس یو وی نے پہلی ایک لاکھ یونٹس کی برآمد کا ہدف۲۵؍ ماہ سے بھی کم عرصے میں حاصل کیا تھا جبکہ اگلی ایک لاکھ یونٹس تقریباً ۱۳؍ماہ میں ہی برآمد کردی گئیں۔ گجرات کے ہنسل پور پلانٹ میں تیار کی جانے والی فرونکس کو جاپان سمیت تقریباً ۹۰؍ ممالک کو برآمد کیا جا رہا ہے۔اس کامیابی پر ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیشاشی تاکےؤچی نے کہاکہ ماروتی سوزوکی کی جانب سے برآمد کی جانے والی ہر گاڑی اپنے ساتھ ہمارے لوگوں کی محنت اور فخر لے کر جاتی ہے۔ یہ گاڑیاں مل کر تقریباً ۱۲۰؍ ممالک تک بھارتی مینوفیکچرنگ کی ایک جھلک پہنچاتی ہیں۔ فرونکس ماروتی سوزوکی کی برآمدی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والا ماڈل رہا ہے۔ اسے تقریباً ۹۰؍ ممالک کو بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ریکارڈ وقت میں ایک لاکھ گاڑیوں کی برآمد کا ہدف عبور کرنے کے بعد فرونکس نے دوسری ایک لاکھ گاڑیوں کی برآمد اس سے بھی کم وقت میں مکمل کی ہے، جو بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ال نینو کا بڑا الرٹ! ہندوستان میں خشک سالی کا خطرہ ۷۰؍ فیصد تک بڑھ گیا
تاکےؤچی نے بتایا کہ میک اِن انڈیا، میک فار دی ورلڈ کے مطابق ماروتی سوزوکی ملک کے مینوفیکچرنگ نظام کی صلاحیت کو مسلسل دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ برآمدات پر مسلسل توجہ دینے کے باعث کمپنی نے بھارت سے مسافر گاڑیوں کی برآمد کے معاملے میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہندوستان سے برآمد کی جانے والی سرفہرست تین مسافر گاڑیاں ماروتی سوزوکی ہی کی تھیں۔ واضح رہے کہ مسافر گاڑیوں میں کاریں، یوٹیلیٹی گاڑیاں اور وین شامل ہیں۔ ان سبھی زمروں میں ماروتی کافی آگے نکل چکی ہے۔