پرکاش امبیڈکر کی پارٹی کے لیڈران اور دیگر افراد کوپولیس نے تحویل میں لےلیا ۔ مظاہرین نے کہا: طاقت کے بل پرہماری آواز نہیں دبائی جاسکتی ۔ہم ڈنڈے اورگولی سے ڈرنے والے نہیں۔
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 12:34 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
پرکاش امبیڈکر کی پارٹی کے لیڈران اور دیگر افراد کوپولیس نے تحویل میں لےلیا ۔ مظاہرین نے کہا: طاقت کے بل پرہماری آواز نہیں دبائی جاسکتی ۔ہم ڈنڈے اورگولی سے ڈرنے والے نہیں۔
پیپر لیٖک کے خلاف طلبہ اورسونم وانگ چک کی حمایت اورجنترمنتر پرپولیس کے لاٹھی چارج کے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے جمعرات کو شہرو مضافات کے متعدد علاقوں بائیکلہ، ورلی ، کرلا ، پانجرہ پول ،چمبور ، بھانڈوپ، دادر ، وکھرولی اور دیگر علاقوں میں احتجاج کیاگیا۔ اس کے خلاف پولیس نے سختی برتی ، نوٹس دیا اورمظاہرین کوتحویل میںلے لیا، اس کے باوجود انہوں نے پوری قوت سے آواز بلند کی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین کو شیواجی پارک پہنچنے سے روکا گیا تو انہوںنے دادر کی گلیوںمیں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کے ممبئی صدر کووکھرولی پولیس نےتحویل میںلیا تومہیلا ونگ کی صدر کے گھر پرعلی الصباح سے ہی پہرہ بٹھادیا گیا۔ پولیس کی اس سختی کے باوجود پارٹی کے لیڈران کا کہنا ہےکہ لاٹھی اور طاقت کے بل پر آوازدبائی نہیں جاسکتی ۔ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے ،کسی قیمت پر ہم اس سے باز نہیں آئیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’محمدعلی جوہر یونیورسٹی کو انہدام سے بہر صورت بچایا جائے‘‘
پرکاش امبیڈکر کے بیٹے سجات امبیڈکر کو پولیس نے تحویل میںلیااورانہیںانوشکتی نگر میںپولیس چوکی لے جایاگیا ۔ بعدازیں ان کوچھوڑدیا گیا۔
مہیلا ونگ کی صدراسنیہل سونی کے گھر پر پولیس کا پہرہ بٹھایا گیا پھر بھی انہوں نے بھانڈوپ کے ٹیمبی پاڑہ علاقے میںمارچ کیا۔ بعد میںانہیںپولیس نے روک دیا۔ اسی طرح یوتھ ونگ کے صدر ساگرگوئی نے بھی گھاٹکوپر میںاپنے حامیوں کےہمراہ آوازبلند کی ۔ پولیس نے انہیں بھی تحویل میںلینے کے بعد چھوڑ دیا ۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کے نائب صدر چیتن اہیر نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ پولیس نے انہیں جمعرا ت کی صبح ساڑھے ۵؍ بجے ان کے گھر سے تحویل میں لیا اوروکھرولی پولیس اسٹیشن لانے کےبعد دوپہر ڈھائی بجے چھوڑا ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ تمام رکاوٹوں کے باوجود ایک جگہ نہیںکئی جگہ احتجاج کیا گیا اوریہ پیغام دیا گیا کہ ہم بابا صاحب کےماننے والے ہیں، لاٹھی ڈنڈے اورگولی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، احتجاج ہمارا حق ہے ،یہ ہم سےکوئی نہیںچھین سکتا ، جنترمنتر پر جس طرح طلبہ اور نوجوانوں پر لاٹھیاں چلائی گئیں وہ کھلا ظلم تھا ۔‘‘ سچن آہیر نےیہ بھی بتایا کہ ’’ کرلا میںراستہ روکو آندولن بھی کیا گیا ۔حالانکہ مظاہرین کو پولیس نے تحویل میں لے لیا پھر بھی ونچت کے کارکنان نےپوری طاقت سے آواز بلند کی ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: طلبہ کے خلاف کارروائی پر کانگریس لیڈران کی ڈی جی پی اور پولیس کمشنر سے ملاقات
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے اس بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’ جنتر منتر پر جو کچھ ہوا، وہ ناقابل برداشت ہے ۔ اسی طرح پیپر لیٖک ہوتا ہے، اس کےخلاف آواز بلند کرنے پرچپراسی کوپکڑ کرخانہ پُری کی جاتی ہے ۔یہ تماشہ نہیں تو اور کیا ہے ۔‘‘ انہوں نے طلبہ پرلاٹھی چارج کی سخت مذمت کی اورحکومت کے ساتھ آر ایس ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔