جوگیشوری اور گوریگاؤں میں کئے جانے والے احتجاج میں مقررین کی جانب سے ۵؍سوال قائم کئے گئے۔
EPAPER
Updated: October 03, 2026, 3:43 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
جوگیشوری اور گوریگاؤں میں کئے جانے والے احتجاج میں مقررین کی جانب سے ۵؍سوال قائم کئے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی گرفتاری کا مطالبہ اور ایس آئی آر کے خلاف سی پی ایم کی جانب سے جمعہ کی شام کو پریم نگر مچھلی مارکیٹ ، جوگیشوری مشرق میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس میں ذمہ داران کی جانب سے شہریوں کے بنیادی حق رائے دہی اور ایس آئی آر کی آڑ میں خطرناک کھیل کے تعلق سے ۵؍ سوال قائم کئے گئے۔
اسی طرح ایس آئی آر کے خلاف جمعرات کی شام کو گوریگاؤں میں ایس وی روڈ پر رتنا ہوٹل کے پاس بھی مختلف سماجی تنظیموں اور ذمہ دار شہریوں نے آواز بلند کی۔
یہ بھی پڑھئے: ’نو یوپی آئی ڈے‘ مہم، دکانداروں نے نقد کاروبار کیا
’’یہ آئینی حق سلب کرنے کا معاملہ ہے‘‘
مظاہرے کے دوران خطاب کرنے والوں نے کہاکہ’’ بس بہت ہوگیا، پانی اب سر سے اونچا ہوگیا ہے۔یہ عام شہری کے بنیادی آئینی حقوق کا معاملہ ہے ، اس پرخاموش رہنےیا اسے برداشت کرنے کا سوال ہی نہیں پیداہوتااس لئے ایس آئی آر کورد کیا جائے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو فوراً گرفتار کیا جائے ۔ ‘‘
گبریل انتھونی نےجوگیشوری میںاحتجاج کے دوران کہاکہ’’ ایس آئی آر کی آڑ میںانتہائی خطرناک کھیل کھیلا گیا ہے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ ممبئی اور مہاراشٹر میں پہلے ہی ۲؍ کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام کاٹ دیئے گئے اور اب انوملی کے نام پرایک کروڑ سے زائد ووٹروں پر نام حذف ہونے کی تلوار لٹک رہی ہے، انہیں نوٹس دیا جارہا ہے۔آخر یہ کیسی سازش ہے؟ دیگر مقررین نے بھی اسی طرح کے سوالات قائم کرتے ہوئے ایس آئی آر کوووٹروں سے ان کا بنیادی حق چھیننے کی منصوبہ بند سازش قرار دیا۔
گوریگاؤں میں کئے جانے والے احتجاج کے دوران نوربرٹ مینڈونسا (صدربامبے کیتھولک سبھا)، الیکس ڈیسوزا، ڈولفی ڈیسوزا اور پروفیسر اروند نگھالے ( سمویدھان جاگرتی یاترا سمیتی) نے اظہار خیال کیا ۔یہ احتجاج دی بمبئی کیتھولک سبھا، جماعت ِ اسلامی اورسنویدھان جاگرتی یاترا سمیتی کے اشتراک سے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ووٹ چوری پربرہم نواجون استعفیٰ سے کم کیلئے تیار نہیں
۵؍اہم مطالبات
(۱) ایس آئی آر کے پورے عمل کو منسوخ کیا جائے (۲) اب تک کاٹے گئے تمام ناموں کو دوبارہ انتخابی فہرستوں میں شامل کیا جائے (۳) ان ناموں کو بھی بحال کیا جائے جنہیں ان لوگوں نے انتخابی فہرستوں سے خارج کروایا جنہوں نے مبینہ طور پر ووٹرس کے نام ہٹانے کیلئے بڑی تعداد میں فرضی فارم نمبر ۷؍ جمع کرائے تھے۔ اس معاملے کی تحقیقات کی جانی چاہئے (۴)بی ایل او پر کام کا بہت بوجھ ہے اوروہ ذہنی طور پرپریشان ہیں، اس کا حل نکالا جائے (۵) گیانیش کمار کو گرفتار کیا جائے اور اس کی بھی تحقیق ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن کے تعلق سے ۲۰۲۳ء میں نیا ضابطہ کس مقصد سے وضع کیا گیا جس سے گیانیش کمار کو بچانے کا راستہ تلاش کیا گیا اور کروڑوں رائے دہندگان کابنیادی حق چھیننے کا پلان تیار کیا گیا۔