Inquilab Logo Happiest Places to Work

عازمین حج کے متعدد مسائل پر حج کمیٹی کے سی او سے ملاقات

Updated: May 04, 2026, 11:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

عازمین کی خدمت کرنے والی ۱۰؍ تنظیموں کے ذمہ داران نے ایئرپورٹ کے اندر جانے کیلئے پاس نہ دینے، مکہ مکرمہ کی عمارت میں عازمین کی دقت،۱۰؍ ہزار روپے مزید وصول کرنے اوردیگر اہم مسائل پر گفتگو کی۔

Officials of organizations serving pilgrims meeting with the CO of the Hajj Committee. Photo: INN
عازمین کی خدمت کرنے والی تنظیموں کے عہدیداران حج کمیٹی کے سی او سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اللہ کے مہمانوں کی ایئرپورٹ پر خدمت کرنے والی ۱۰؍تنظیموں کے ذمہ داران نے عازمین کے متعدد مسائل پر حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شہنواز سی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ 

دورانِ ملاقات تنظیموں کے عملہ کو جو برسہا برس سے اللہ کے مہمانوں کی بے لوث خدمت کرتے ہیں، ایئرپورٹ کے اندر جانے کیلئے پاس دینے کے تعلق سے سوال کیا تو سی ای او شہنواز نے کہا کہ آپ لوگوں کا فارم ایئرپورٹ اتھاریٹی بالخصوص سی آئی ایس ایف کو بھجوایا گیا ہے، ان کی جانب سے اس ضمن میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیاہے۔ اس لئے آپ لوگ ان کے سربراہ سے خود ملاقات کرلیں ، اگر ان کی جانب سے مجھے کوئی بات کرنی ہوگی تو میں  بھی گفت وشنید کرلوں گا۔ اسی طرح مکہ مکرمہ  میں۱۶۹؍  نمبر کی عمارت میں عازمین کو خاص طور پر بیت الخلاء اور غسل خانے کی دقت پر توجہ دلائی گئی تو سی ای  او نے کہا کہ علم ہوتے ہی اس مسئلے پر توجہ دلائی گئی اور قونصل جنرل جدہ برائے ہند کے توسط سے وہ مسئلہ حل کرلیا گیا۔ اسی طرح تمام عازمین کو۱۵؍مئی تک ۱۰؍ہزار روپے مزید جمع کرانے کی ہدایت  تعلق سے سی ای او نے کہا کہ تمام امبارکیشن پوائنٹ پر حج کمیٹی کے عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی عازم نے ۱۰؍ ہزار روپے جمع نہیں کرائے ہیں تو انہیں روکا نہ جائے، اب تک ۳۰؍ فیصد سے زائد عازمین یہ اضافی رقم جمع کراچکے ہیں، امید ہے کہ بقیہ عازمین بھی جمع کرادیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ایچ ایس سی رزلٹ، مہاراشٹر کا نتیجہ ۸۹ء۷۹؍ فیصد 

اسی طرح شرکائے وفد کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ حیرت انگیز طور پر۲۰۲۳ءاور۲۰۲۴ء کے عازمین کا اب تک ریفنڈ نہیں دیا گیا ہے جبکہ۲۰۲۶ء کے عازمین روانہ ہورہے ہیں تو سی ای او نے اعتراف کیا  اور کہا کہ ۲۰۲۵ء کا ریفنڈ دیا جارہا  ہے۔ اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے ۔ حجاج کی واپسی کے بعد ۲؍ برس کا بقایا اور۲۰۲۵ء کا بچا ہوا ریفنڈ  بھی دے دیا جائے گا، اس کام میں کچھ عازمین کے بینک اکاؤنٹ کا بھی مسئلہ تھا۔

    وفد میں ابراہیم شیخ عرف بھائی جان، محمد عمران سیلیا، جاوید یرمل، عبدالرؤف، عبدالصمد اور  تاج الدین  اور  خدمت کرنے والے دیگر افرادموجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK