Inquilab Logo Happiest Places to Work

میراروڈ : میٹرو کے تعمیراتی کام کے دوران ملبہ گرا اور ٹکڑے اسکول وین سے ٹکرائے

Updated: August 18, 2026, 10:51 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mira Road

مقامی افراد اور ایم این ایس کارکنوں کا احتجاج ۔ ایم ایم آر ڈی اے نے ۳؍ کمپنیوں پر جرمانہ عائد کیا۔ میئر نے ٹھیکیدار کو آخری وارننگ دی۔

A school van with a visibly punctured tire. There were no casualties in the accident. Picture: INN
اسکول وین جس کا ٹائرپنکچر نظر آرہا ہے۔ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں جاری میٹرو ریل کے تعمیراتی کام کے دوران  لاپروائی ایک بار پھر سامنے آئی۔ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۱ ؍بجے دیپک اسپتال کے قریب نانا صاحب دھرماادھیکاری میٹرو اسٹیشن کے تعمیراتی مقام پر اوپر سے ملبہ سڑک پر گرا  جس کے ٹکڑے اسکول کے بچوں کو لے جانے والی ایک وین سے ٹکرا یا۔ خوش قسمتی سے وین میں موجود کسی بچے کو چوٹ نہیں آئی۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور نے اچانک بریک لگایا جس سے گاڑی کا کنٹرول بگڑ گیا۔ بعد ازیں وین کا پچھلا ٹائر بھی پنکچر ہو گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید خوف  اور ناراضگی پھیل گئی۔

یہ بھی پڑھئےـبھیونڈی تھانے بائی پاس پر گڑھوں کا راج، حادثات کا خطرہ، سڑک کی بدحالی پھر اجاگر

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں اور مہاراشٹر نو نرمان سینا(ایم این ایس ) کے کارکنان جائے وقوع پر پہنچے اور ایم ایم آر ڈی اے  اور شہری انتظامیہ کے خلاف نعرے  لگائے۔ ایم این ایس  میرا بھائندر کے صدر سندیپ رانے  نے کہا کہ یہ عام شہریوں اور معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھلواڑ ہے۔ میٹرو انتظامیہ کی لاپروائی سے اب تک  ۱۰؍ سے  ۱۲ ؍چھوٹے بڑے  حادثات ہو چکے ہیں لیکن حفاظتی جال اور مضبوط بیریکیڈنگ نہیں کی گئی۔  انہوں نے مطالبہ کیا کہ خاطی افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف فوری فوجداری مقدمہ درج کیا جائے اور جب تک مکمل حفاظتی انتظامات نہ ہوں، کام بند رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھئے:محکمۂ تعلیم کی اسکولوں کے لئے فوڈسیفٹی گائیڈلائن جاری

اس حادثے پر  میرا بھائندر کی میئر ڈمپل مہتا  نے ایم ایم آر ڈی اے اور تعمیراتی کمپنی ’جے کمار‘ کے رویے پر برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ایسی لاپروائی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو تمام حفاظتی تدابیر یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل غفلت پر ’جے کمار‘ کو آخری وارننگ دی جاتی ہے۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی اور مستقبل کے ٹینڈرس پر بھی اثر پڑے گا۔

یہ بھی پڑھئے:ٹیکسی، رکشا ڈرائیوروں کیلئے کل سے مراٹھی لازمی

ایم ایم آر ڈی اے کی افسر یوجنا پاٹل نے وضاحت کی کہ موقع پر کوئی سلیب یا بڑا پتھر براہ راست وین پر نہیں گرا۔ صبح ساڑھے ۱۱؍  بجے کرین سے ملبہ منتقل کرتے وقت سامان کی ٹوکری فٹ اوور بریج کے پاس رکھے گرینائٹ پتھروں سے ٹکرائی جس سے چھوٹے ٹکڑے بیریکیڈ والے حصے میں گر گئے۔ انہی ٹکڑوں پر سے گزرنے سے وین کا ٹائر پنکچر ہوا۔ایم ایم آر ڈی اے نے اس سنگین لاپروائی کا نوٹس لیتے ہوئےجے کمار انفرا پروجیکٹس لمیٹڈ، این اے گجانن اور سسٹرا-سی ای جی پر ۱۲ء۵؍ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK