مہاراشٹر قانون ساز کاؤنسل کی ۵؍سیٹوں کیلئے حکمراں مہایوتی اور اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی، دونوں اتحادوں میں بغاوت سامنے آگئی ہے۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ختم ہوتے ہی ناراض لیڈروں نے اپنی ہی پارٹی کے امیدواروں کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کر دیا ہے۔
انتخابات کے نتائج ۲۷؍اکتوبر کو ظاہر کئے جائیں گے۔ تصویر: آئی این این
ریاست میں۲۳؍ اکتوبر کو ہونے والے قانون ساز کاؤنسل کے انتخابات کے لئے منگل کو نامزدگی داخل کرنے کی آخری مہلت ختم ہوتے ہی حکمراں مہایوتی اور اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی، دونوں میں بغاوت سامنے آ گئی۔ دونوں اتحادوں کے ناراض دعویداروں نے اپنے اپنے اتحاد کے سرکاری امیدواروں کے خلاف نامزدگی داخل کی ہے۔ پارٹی کے اندر بغاوت کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے درمیان بھی نشستوں کی تقسیم کے معاملے پررسہ کشی جاری ہے۔ کچھ پارٹیوں نے ایک دوسرے کے حصے کی نشستوں پر دعویٰ کرتے ہوئے اپنے امیدوار بھی میدان میں اتار دیے ہیں۔
واضح رہے کہ۷۸؍ رکنی قانون ساز کونسل کی ۵؍ نشستوں کے لیے دو سالہ انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان میں پونے ڈویژن گریجویٹ، ناگپور ڈویژن گریجویٹ، پونے ڈویژن ٹیچر، چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن گریجویٹ اور امراوتی ٹیچر حلقے شامل ہیں۔
بی جے پی، ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) مہایوتی کا حصہ ہیں، جبکہ کانگریس، این سی پی (شرد چندر پوار) اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) مہاوکاس اگھاڑی کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ میں کم از کم ۸۱؍ امریکی طیارے تباہ یا متاثر: رپورٹ
ناگپور گریجویٹ حلقے میں کانگریس نے موجودہ قانون ساز کونسل رکن ابھیجیت ونجاری کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ بی جے پی نے سدھاکر کوہلے کو میدان میں اتارا ہے۔ تاہم بی جے پی میں بھی سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ قانون ساز کاؤنسل کے سابق رکن اور پارٹی لیڈر انیل سُلے نے ٹکٹ نہ ملنے کے بعد آزاد امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی داخل کر دی ہے۔
امراوتی ٹیچر حلقے میں کانگریس نے ادیتی پوہرے کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ مہایوتی نے شیو سینا کے موجودہ قانون ساز کونسل رکن کرن سرنائیک کو میدان میں اتارا ہے۔ تاہم کانگریس کے امیدوار کے باوجود شیو سینا (یو بی ٹی) نے دتاتریہ لہانے کو بھی امیدوار بنا دیا ہے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نے پیر کو کہا تھا کہ پارٹی نے امراوتی ٹیچر نشست سے دتاتریہ لہانے اور چھترپتی سمبھاجی نگر گریجویٹ نشست سے دلیپ گھوگے کو امیدوار بنایا ہے۔
پونے گریجویٹ نشست سے بی جے پی کی اسمتا جادھو نے نامزدگی داخل کی ہے۔ وہ ’پُڈھاری‘ گروپ کے صدر اور مدیر یوگیش جادھو کی اہلیہ ہیں۔ پونے ٹیچر حلقے سے بی جے پی کے کوستبھ گاؤڑے نے نامزدگی داخل کی ہے، جبکہ اس کی اتحادی جماعت شیو سینا کے منگیش چیوٹے نے بھی اسی نشست سے نامزدگی داخل کر دی ہے۔
این سی پی(اجیت پوار) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے منگل کو کہا کہ مہاراشٹر میں ٹیچر اور گریجویٹ حلقوں کے انتخابات کے لئے نشستوں کی تقسیم کا معاملہ اتحادی جماعتوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے گا۔ تٹکرے نے کہا کہ این سی پی کے پاس چھترپتی سمبھاجی نگر گریجویٹ اور پونے گریجویٹ، دو نشستیں تھیں اور پارٹی کو امید تھی کہ اتحاد میں پونے کی نشست اسے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ اور این سی پی کے قومی صدر سمیت پارٹی کے تمام لیڈران امید کر رہے تھے کہ پونے کی نشست این سی پی کو ملے گی، لیکن اب تک ایسا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اس معاملے پر پارٹی کے اندر بات چیت کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فرنویس سے بھی بات کی جائے گی۔تٹکرے نے کہا کہ جب بھی اس طرح کا سوال اٹھتا ہے، اسے حل کرنے کے طریقے موجود ہوتے ہیں۔ یقیناً بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔ ہمیں آپس میں خوشگوار ماحول میں بات کرنی ہوگی اور کوئی نہ کوئی فارمولہ نکالا جا سکتا ہے۔