Inquilab Logo Happiest Places to Work

برج خلیفہ کے بلڈر محمد العبار نے ہندوستانی پیشہ ور افراد کے ’ورلڈ کلاس ورک ایتھک‘ کی ستائش کی

Updated: May 08, 2026, 10:10 PM IST | Dubai

میک اٹ ان دی ایمریٹس‘ سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے العبار نے کہا کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد اپنی مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کی آمادگی کی وجہ سے ممتاز نظر آتے ہیں۔ العبار نے کہا کہ ”ایک کہاوت ہے کہ جب ٹیلنٹ محنت کرنا چھوڑ دیتا ہے تو سخت محنت ٹیلنٹ کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ میں ہندوستانیوں کو ملازمت پر رکھنا پسند کرتا ہوں، کیونکہ وہ رات کے ایک بجے بھی فون کا جواب دیتے ہیں۔“

Mohamed Alabbar. Photo: X
محمد العبار۔ تصویر: ایکس

’اعمار پراپرٹیز‘ (Emaar Properties) کے بانی اور برج خلیفہ کے ڈویلپر محمد العبار نے ہندوستانی پیشہ ور افراد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں دنیا کے بہترین ’ورک ایتھکس‘ (اخلاقیاتِ محنت) کا حامل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں بھرتی کیلئے ہندوستانی پیشہ ور افراد کو ان کی لگن اور بھروسہ مندی کی وجہ سے ترجیح دینا پسند کرتا ہوں۔

’میک اٹ ان دی ایمریٹس‘ (Make It in the Emirates) سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے العبار نے کہا کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد اپنی مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور دیر گئے تک دستیاب رہنے کی آمادگی کی وجہ سے ممتاز نظر آتے ہیں۔ العبار نے کہا کہ ”آپ جتنی زیادہ محنت کریں گے، اتنے ہی خوش قسمت بنتے جائیں گے۔ ایک کہاوت ہے کہ جب ٹیلنٹ محنت کرنا چھوڑ دیتا ہے تو سخت محنت ٹیلنٹ کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ میں ہندوستانیوں کو ملازمت پر رکھنا پسند کرتا ہوں، کیونکہ وہ رات کے ایک بجے بھی فون کا جواب دیتے ہیں۔“

یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں ہندوستانی کمپنیوں کی غیر معمولی سرمایہ کاری

العبار نے کہا کہ کاروبار میں کامیابی کا انحصار ذہانت سے زیادہ عزم، نظم و ضبط اور مسلسل کوشش پرہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”میں ہمیشہ لوگوں سے کہتا ہوں کہ میرے اپنے نقطہ نظر سے، میرا آئی کیو (IQ) اوسط درجے کا ہے، لیکن میری محنت سب سے بہتر ہے۔ میں سخت محنت پر یقین رکھتا ہوں۔“

العبار نے ان خصوصیات کو براہِ راست ہندوستانی پیشہ ور افراد سے جوڑتے ہوئے انہیں قابلِ اعتماد اور پراجیکٹس کے حوالے سے انتہائی پرعزم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا فوری ردِعمل اور ذمہ داری کا احساس آجروں میں اعتماد پیدا کرتا ہے، خاص طور پر مشکل کاروباری حالات کے دوران یہ زیادہ مفید ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران نے۲۲۸؍ فوجی ٹھکانےتباہ کئے، امریکی ڈیٹا کے مقابلے کہیں زیادہ: واشنگٹن پوسٹ

معروف کاروباری شخصیت نے غیر یقینی معاشی حالات میں لچک دکھانے کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ۲۰۰۸ء کے عالمی مالیاتی بحران اور ۲۰۲۰ء کی کووڈ-۱۹ کی وبا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو مسائل پیدا ہونے کے بعد ردِعمل دینے کے بجائے پہلے سے مشکل حالات کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ ہر کسی کیلئے ایک سخت سبق تھا۔ جب آپ ۲۰۰۸ء [کے بحران] اور کووڈ سے سیکھتے ہیں، تو آپ کو ایسا چست اور لچکدار کاروبار بنانا پڑتا ہے جو ان حالات کو سنبھال سکے۔“

العبار نے نوٹ کیا کہ اعمار پراپرٹیز نے حالیہ بحرانوں کے دوران ملازمین کے تحفظ کیلئے تنخواہوں کو برقرار رکھنے اور ملازمت کے تحفظ کو یقینی بنانے جیسے فوری اقدامات کئے تھے۔ ان کے بقول، یہ فیصلے ماضی کے معاشی بگاڑ سے سیکھے گئے اسباق کی بنیاد پر کئے گئے تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کمپنی کی ساکھ کا تعین بالآخر اس بات سے ہوتا ہے کہ وہ مشکل وقت میں اپنے ملازمین کے ساتھ کیسا سلوک کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”دیرپا کامیابی اعتماد اور استحکام پر بنتی ہے۔“

یہ بھی پڑھئے: بحرین میں ایران سے مبینہ روابط رکھنے والوں کی نگرانی سخت

قدیم دبئی میں سرکاری رہائش گاہ میں پیدا اور پرورش پانے والے العبار نے رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور ای کامرس پر مشتمل عالمی کاروباری سلطنت قائم کی ہے جس میں برج خلیفہ اور دبئی مال جیسے ممتاز پراجیکٹس شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK