خاتون لیڈر کے فون سے کئی لوگوں کو میسج بھیجا گیا کہ ’’ برائے مہربانی میرے اکائونٹ میں ۶۲؍ ہزار روپے ڈال دیں ۲؍ گھنٹوں میں لوٹا دوں گی۔ ‘‘
EPAPER
Updated: September 05, 2026, 11:25 AM IST | Agency | Malegaon
خاتون لیڈر کے فون سے کئی لوگوں کو میسج بھیجا گیا کہ ’’ برائے مہربانی میرے اکائونٹ میں ۶۲؍ ہزار روپے ڈال دیں ۲؍ گھنٹوں میں لوٹا دوں گی۔ ‘‘
عموماً عام آدمی سائبر فراڈ کا شکار ہوتے ہیں لیکن اس بار دھوکہ بازوں نے رکن پارلیمان تک کو نہیں چھوڑا۔ دھولیہ مالیگائوں سے کانگریس کی رکن پارلیمان ڈاکٹر شوبھا بچھائو کا موبائل فون کسی نے ہیک کر لیا ان کے نام سے ان کے قریبی افراد سے پیسوں کا مطالبہ کیا ۔یہ بات شوبھا بچھائو کے علم میں آئی تو انہوں پولیس میں شکایت درج کروائی۔
یہ بھی پڑھئے:مرکزی حکومت کو ذاتی ڈیٹا جمع کرنے کا جواز پیش کرنا چاہئے: سابق بیوروکریٹس
اطلاع کے مطابق کانگریس رکن پارلیمان شوبھا بچھائو کےواٹس ایپ نمبر سے کئی لوگوں کو پیغام بھیجا گیا کہ ’’برائے مہربانی میرے اکاؤنٹ میں ۶۲؍ ہزار روپے جمع کریں، میں دو گھنٹے میں واپس کر دوں گی‘۔ کچھ لوگوں نے اس میسج پر یقین بھی کر لیا لیکن بچھائو کو جاننے والے کچھ لوگوں کو اس پر شبہ ہوا اور انہوں نے براہ راست انہیں فون کرکے اس تعلق سے سوال کیا۔ تب جا کر رکن پارلیمان کو معلوم ہوا کہ ان کے فون کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ وقت ضائع کئے بغیر شوبھا بچھائو نے سائبر پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا۔ شکایت ملنے کے بعد سائبر پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کردی۔ کچھ کوششوں کے بعد سائبر پولیس ڈاکٹر شوبھا بچھائو کے موبائل کو دوبارہ شروع کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر قانونی عمل تو ہے لیکن غیر منصفانہ: سابق الیکشن کمشنر لواسا
فون کیسے ہیک ہوا؟
اطلاع کے مطابق شوبھا بچھائو کا فون ان کے پی اے کے پاس تھا۔ ان کے نمبر پر ایک فون آیا جسے ان کے پی اے نے اٹھایا۔ فون کرنے والے نے کہا ’’ آپ کا ایک کوریئر آیا ہے ، مگر پتہ نہیں مل رہا ہے۔ آپ کے نمبر پر ایک لنک بھیجا ہے اسے کھول کر دیکھئے۔ ‘‘ پی اے نے جیسے ہی لنک اوپن کیا ویسے ہی شوبھا بچھائو کا فون ہیک ہو گیا۔ شوبھا بچھائو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوریئر، بینک، سرکاری اداروں اور دیگر ناموں سے آنے والے فون اٹھاتے وقت ہوشیار رہیں اور کسی بھی لنک پر کلنک نہ کریں۔ نیز جان پہچان والوں کے نام سے کوئی مشتبہ میسج آئے تو پہلے انہیں فون کرکے تصدیق کر لیں۔